بھارتی اداکار کارتک آریان نے اپنی فلم کے لیے دنیا بھر میں مقبول ہونے والے پاکستانی گانے ’پسوڑی‘ کا ریمیک جاری کردیا ہے۔

اداکار کارتک آریان اور پروڈیوسر ساجد ندیاد والا نے اپنی فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کے لئے عالمی ریکارڈ یافتہ کوک اسٹوڈیو پاکستان کے گانے ’پسوڑی‘ کا ریمیک بنانے کا اعلان کیا تھا جسے آج جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2022 میں پاکستانی گلوکار علی سیٹھی اور شے گِل نے کوک اسٹوڈیو پاکستان سیزن 14 کے لیے ’پسوڑی‘ گانا گایا تھا، جو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں مقبول ہوا۔

اس گانے کی شاعری بھی علی سیٹھی نے فضل عباس کے ہمراہ لکھی تھی جبکہ موسیقار ذوالفقار جبار خان المعروف زلفی کے ہمراہ کمپوز کیا گیا تھا۔

علی سیٹھی اور شے گِل کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے گانے کو اب تک 50 کروڑ 60 لاکھ افراد سُن چکے ہیں، اس گانے کو مداحوں نے اپنے اپنے انداز میں گا کر پسندیدگی کا اظہار کیا۔

تاہم اب بھارت نے اپنی فلم کے لیے اس گانے کا ریمیک تیار کیا ہے، جسے بھارت کے نامور گلوکار ارجیت سنگھ اور تلسی کمار نے گایا ہے۔

گانے کے یوٹیوب ڈسکرپشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس کے حقیقی ورژن کے تمام تر جملہ حقوق علی سیٹھی محفوظ رکھتے ہیں۔

ریمیک گانے کی ویڈیو جاری ہوتے ہی پسوڑی کے مداحوں نے بھارتی گلوکار اور فلم پروڈیوسرز پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’پسوڑی کا ریمیک سمجھ سے باہر ہے‘۔

ارجیت سنگھ کی آواز کو بھارت سمیت پاکستان میں بھی بے حد پسند کی جاتی ہے، انہوں نے ماضی میں اپنے گانوں سے بے حد مقبولیت حاصل کی ہے، تاہم کچھ صارفین نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ’ارجیت سنگھ کی آواز نے بھی گانے کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔‘

ارجیت سنگھ اس سے قبل بھی اپنے لائیو کانسرٹ میں پسوڑی گانا گا چکے ہیں۔

تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ پسوڑی گانے کی ریمیک ویڈیو جاری کرنے کے بعد پاکستانی مداحوں کے علاوہ بھارتی مداح بھی بھارتی گلوکاروں پر برس پڑے ہیں۔

مونا لیسا صارف نے لکھا کہ ’میوزک تو ہے ہی بُرا لیکن گانے کی دھن بھی برباد کردیے ہیں، کیا بولی ووڈ کے اپنے سانگ رائٹرز گُم ہوگئے ہیں؟ ’

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’بہت فضول ریمیک بنایا ہے، یہاں تک کہ ارجیت کی آواز بھی اچھا ریمیک نہیں بناسکی، اصل گانا بھی بہتر تھا۔‘

ایک اور ٹوئٹر صارف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں ارجیت کو پسند کرتا ہوں لیکن تم سب نے اس گانے کو بالکل ہی بدل ڈالا، گانے کا اصل مطلب ہی تبدیل ہوگیا۔‘

ایک اور توئٹر صارف کہتی ہیں کہ ’پسوڑی کا ریمیک کوئی معنی نہیں رکھتا، کیا ارجیت سنگھ کے علاوہ اور گلوکار نہیں ہیں؟ میں اسے سن سن کر تھک گئی ہوں، پسوڑی کے اصل بول رومانوی نہیں ہیں، کیا ہوگیا ہے ان لوگوں کو؟

خدیجہ نے لکھا کہ ویسے، اس ویڈیو میں ایسا لگتا ہے کہ ارجیت علی سیٹھی کے گانے سے بہت زیادہ متاثر ہیں، کیونکہ حقیقت میں ارجیت کی آواز ایسی نہیں ہے۔’

ابھیشیک بھٹ نے لکھا کہ ایک اور گانے کو کاپی کرلیا، ایسا لگ رہا ہے کہ بولی ووڈ میں اصل گانے بنانے کا رواج ختم ہوگیا ہے، فلموں اور گانوں کو ریمیک کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، انڈسٹری کا بدلنے کا وقت آگیا ہے۔’

ایک اور ٹوئٹر صارف لکھتے ہیں کہ گانے کو برباد کرنے کی ذمہ داری ارجیت کی ہے اور کارتک آریان سے صرف خدا ہی بدلہ لے سکتا ہے۔

اون نامی صارف نے لکھا کہ ’پاکستانی فنکاروں کے انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندی لگانا اور اس دوران سُپر ہٹ گانے کو ریمیک بنا کر اسے برباد کرکے انہیں کوئی شرم محسوس نہیں ہوئی، بولی ووڈ مسلسل نیچے جا رہا ہے۔‘

مینا نے لکھا کہ ’انہوں نے دھن کے علاوہ کچھ بھی بدلنے کی کوشش نہیں کی‘

متلیڈا نامی صارف نے علی سیٹھی اور شے گِل کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ لوگ ان جیسے نہیں ہوسکتے‘۔

شمیلا نے لکھا کہ ’کچھ نیا لاؤ، پرانے گانوں کو برباد نہ کرو‘

ایک اور ٹوئٹر صارف کہتے ہیں کہ ’اتنی بڑی انڈسٹری لیکن ٹیلنٹ کی کمی ہے اس لیے کاپی پیسٹ کرلیا۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں