مذاق میں گیت گنگنانے والی شے گِل ’پسوڑی‘ فیم کیسے بنیں؟

26 فروری 2022
’پسوڑی‘ سات فروری کو ریلیز کیا گیا تھا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو
’پسوڑی‘ سات فروری کو ریلیز کیا گیا تھا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو

کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے پانچویں گانے ’پسوڑی‘ سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ شے گِل کے مطابق انہوں نے ابتدائی طور پر مذاق مذاق میں گلوکاری شروع کی تھی مگر اب وہ باضابطہ گلوکارہ بن چکی ہیں۔

شے گِل نے حال ہی میں آڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ ’اسپاٹی فائے‘ پاکستان کو دیے گئے مختصر انٹرویو میں اپنے حوالے سے وضاحتیں بھی پیش کیں اور اپنے نام کی درست ادائیگی بھی کی۔

شے گِل کے مطابق ان کا تعلق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہے اور ان کی عمر 23 برس ہے جب کہ انہوں نے ہاسٹل میں دوستوں کے ہمراہ رہنے کے دوران مذاق میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے گانے ’پسوڑی‘ نے مداحوں کے دل جیت لیے

انہوں نے اپنا حقیقی نام نہیں بتایا اور کہا کہ جیسے ہی انہوں نے گلوکاری کا آغاز کیا تو دوستوں نے انہیں شے گِل کہنا شروع کیا اور انہوں نے یہی نام استعمال کیا۔

ایک سوال کے جواب میں شے گِل نے بتایا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ موسیقار اللہ رکھا رحمٰن (اے آر رحمٰن) سمیت پاکستانی میوزیکل بینڈ ’ینگ اسٹنرز‘ کے ساتھ بھی کام کریں۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ رواں برس وہ شاعری لکھنے سمیت کلاسیکل میوزک کو سمجھنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ ایسا کر لیں گی۔

شے گِل نے اس سے قبل 7 فروری کو اپنا کوک اسٹوڈیو کا پہلا گانا ’پسوڑی‘ ریلیز ہونے پر بتایا تھا کہ انہوں نے مذاق مذاق میں دوستوں کے ہمراہ ہاسٹل میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا مگر اب وہ پروفیشنل گلوکارہ بن چکی ہیں۔

انہوں نے کوک اسٹوڈیو کی جانب سے موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے علی سیٹھی کی تعریفیں بھی کیں،جنہوں نے ان کے ساتھ بہترین گانا گایا۔

شے گل کا کہنا تھا کہ جب انہیں کوک اسٹوڈیو کے ساتھ کام کرنے کی پیش کش ہوئی تو انہوں نے یہ بات صرف اپنی والدہ کو بتائی تھی اور انہوں نے والد کو سرپرائز دیا۔

مزید پڑھیں: علی سیٹھی اور شے گِل کے ’پسوڑی‘ کا ریکارڈ

ان کے مطابق ان کے گھر والے انہیں کوک اسٹوڈیو میں دیکھ کر انتہائی خوش ہوئے۔

’پسوڑی‘ ریلیز ہونے کے بعد شے گِل نے انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو بھی شیئرکی تھی، جس میں انہوں نے دکھایا تھا کہ جب انہوں نے اپنا گانا پہلی بار یوٹیوب پر دیکھا اور سنا تو ان کے کیا تاثرات تھے؟

شے گِل نے اپنے ہاسٹل کے ساتھیوں کے ہمراہ ’پسوڑی‘ گانے کو دیکھنے اور سننے کی ویڈیو شیئر کی تھی،جس میں انہیں خوشی سے جذباتی ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

’پسوڑی‘ کی شاعری علی سیٹھی اورفضل عباس نے لکھی ہےجب کہ اسے علی سیٹھی نے موسیقار ذوالفقار جبار خان المعروف زلفی کے ہمراہ کمپوز کیا ہے۔

’پسورڑی‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کلاسیکل ڈانسر شیما کرمانی کو بھی محو رقص دکھایا گیا ہے۔

گلوکارہ نے اے آر رحمٰن کے ساتھ کام کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ نے اے آر رحمٰن کے ساتھ کام کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی—فوٹو: انسٹاگرام

’پسوڑی‘ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا وہ پہلا گانا بنا تھا جسے محض دو دن میں 10 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا تھا۔

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے پہلے گانے ’تو جھوم‘ کو بھی اگرچہ زیادہ دیکھا گیا تھا اور اسے بھی بہت ہی زیادہ پسند کیا گیا تھا مگر اس نے تیز 10 لاکھ بار جانے کا اعزاز حاصل نہیں کیا تھا۔

اسی طرح کوک اسٹوڈیو کے گانے ’کنا یاری‘ کو بھی کافی پسند کیا گیا مگر اس نے بھی ’پسوڑی‘ جیسا اعزاز حاصل نہیں کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں