الیکشن 2024 کی براہ راست کوریج
  • 19 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا، محسن نقوی، احد چیمہ بھی شامل۔
  • آصف علی زرداری پاکستان کے 14 ویں صدر منتخب، حلف اٹھالیا۔
  • شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب، حلف اٹھا لیا۔
  • عام انتخابات کے بعد سیاسی صورت حال پر تازہ خبروں اور تبصروں کے لیے کلک کریں۔
پاکستان

سندھ میں صوبائی جنرل نشستوں پر دو خواتین بھی کامیاب

سندھ میں صوبائی جنرل نشستوں پر دو خواتین بھی کامیاب

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سندھ میں صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر دو خواتین بھی کامیاب ہوئیں۔

دونوں خواتین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ٹکٹ پر جیتیں اور دونوں سابق صدر اور منتخب رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری کی بہنیں ہیں۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق فریال تالپور اور عذرا پیچوہو دونوں صوبائی جنرل نشستوں پر جیت گئیں، ان سمیت دو درجن کے قریب خواتین جنرل نشستوں پر انتخابی میدان میں اتری تھیں۔

فریال تالپور نے صوبائی حلقے پی ایس 10 لاڑکانہ ون سے 85 ہزار ووٹ لے کر نشست جیتی جب کہ وہاں دوسرے نمبر پر جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے کفایت اللہ آئے، جنہوں نے 18 ہزار سے زائد ووٹ لیے۔

ان کی ہی بہن عذرا فضل پیچوہو صوبائی نشست پی ایس 36 شہید بینظیر آباد سے 75 ہزار سے زائد ووٹ لے کر منتخب ہوئیں جب کہ وہاں آزاد امیدوار میر بہاول خان رند نے 16 ہزار سے زائد ووٹ لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

سندھ میں جہاں دو خواتین صوبائی جنرل نشستوں پر جیتی ہیں، وہیں صوبے بھر سے قومی اسمبلی کی جنرل نشتوں پر بھی تین خواتین کامیاب ہوئی ہیں، جس میں سے دو شازیہ عطا مری اور نفیسہ شاہ کا تعلق پیپلز پارٹی جب کہ آسیہ اسحاق صدیقی کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔

Live Election 2024

رکن صوبائی اسمبلی اختر لانگو سمیت 50 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو سمیت 50 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

سابق رکن صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو، جمالل انگو، نذر لانگو سمیت 50 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ خواتین کےپولنگ اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی کرنے کے خلاف کیا گیا۔

مقدمہ تھانہ صدر کے ایس ایچ اوثنااللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں کار سرکار میں مداخلت سمیت 10 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

Live Election 2024

پی ٹی آئی کی جماعت اسلامی کو خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کی پیشکش

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کے لیے جماعت اسلامی کو مشاورت کی پیشکش کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر نے جماعت اسلامی کے بحراللہ ایڈوکیٹ کے ساتھ رابطہ کیا اور انہیں پی ٹی آئی کے آزاد ارکان کے ہمراہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر حکومت بنانے کی پیشکش کی۔

بحراللہ ایڈووکیٹ نے پی ٹی آئی رہنما کو جواب دیا کہ جماعت اسلامی کی قیادت کو ان کا پیغام پہنچا دیا۔

Live Election 2024

حکومت کی تشکیل، مسلم لیگ (ن) کا 12 منتخب ناراض لیگی ارکان سے رابطہ

مسلم لیگ (ن) نے وفاقی حکومت کی تشکیل کے لیے 12 منتخب ناراض لیگی ارکان قومی اسمبلی سے رابطہ کرلیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ ناراض ارکان اسمبلی مکمل یقین دہانی کے بعد نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے 12 ناراض اراکین آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر کامیاب ہوئے ہیں۔

ذرائع کا دعویٰ تھا کہ 12 ناراض اراکین کے واپس پارٹی میں آنے سے (ن) لیگ کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گی اور معاملات طے ہونے کی صورت میں ہی مسلم لیگ (ن) تمام اراکین کے نام سامنے لائے گی۔

Live Election 2024

کراچی: این اے 231 سے پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی ہائی کورٹ میں چیلنج

کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔231 سے پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

آزاد امیدوار خالد محمود علی نے بیرسٹر علی طاہر کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ میں عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی کے خلاف درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ فارم 45 کے مطابق حکیم بلوچ حلقہ سے انتخابات ہار چکے تھے لیکن فارم 47 میں عبدالحکیم بلوچ کو 43ہزار 634 ووٹ لے کر کامیاب قرار دے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد امیدوار خالد محمود علی کو 43ہزار 245 ووٹ لے دوسرے نمبر پر ظاہر کیا گیا لہٰذا عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی کا فارم 47 کالعدم قرار دیا جائے۔

Live Election 2024

مظفر گڑھ سے پیپلز پارٹی کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی علمدار قریشی کے خلاف مقدمہ درج

صوبہ پنجاب کے علاقے مظفر گڑھ سے پیپلز پارٹی کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی میاں علمدار قریشی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مظفر گڑھ سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی۔269 سے پیپلز پارٹی کے میاں علمدار قریشی کامیاب رہے لیکن رکن منتخب ہوتے ہی ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پیپلز پارٹی کےصوبائی رکن اسمبلی کے خلاف پریذائیڈنگ افسر نے مقدمہ درج کراتے ہوئے موقف اپنایا کہ علمدار قریشی نے پولنگ اسٹیشن میں داخل ہو کر الیکشن کمیشن کے عملے کو زدوکوب کیا اور پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ بھی کی۔

Live Election 2024

نتائج میں مبینہ تبدیلی، این اے 48 سے آزاد امیدوار کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

الیکشن کمیشن نے این اے 48 کے نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف آزاد امیدوار علی بخاری کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کل صبح 10 بجے این اے 48 کے نتیجے کے خلاف مقدمے کی سماعت کرے گا۔

Live Election 2024

الیکشن کمیشن نے این اے 88 کے نتائج روک دیے، دوبارہ پولنگ کا حکم

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق این اے 88 خوشاب میں 26 پولنگ اسٹیشنوں کے میٹریل کو ریٹرننگ افسر کے دفتر میں ہجوم نے جلایا تھا، ان پولنگ اسٹیشنوں میں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ان کے نتائج کا اعلان 15 فروری کو پولنگ کی تکمیل کے بعد ہوگا۔

لائف اسٹائل

نور بخاری کے مخصوص نشست پر رکن اسمبلی بننے کے امکانات ختم

نور بخاری کے مخصوص نشست پر رکن اسمبلی بننے کے امکانات ختم

ماضی کی مقبول اداکارہ نور بخاری کے مخصوص نشست پر رکن اسمبلی بننے کے امکانات تقریبا ختم ہوچکے۔

نور بخاری کے خواتین کی مخصوص نشست پر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی جانب سے صوبائی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے تھے۔

تاہم اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی نے پنجاب اسمبلی کی صرف ایک جنرل نشست جیتی ہے۔ جس وجہ سے پارٹی کو خواتین کی مخصوص نشست نہیں مل سکے گی۔

پارٹی نے پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 149 سے ایک جنرل نشست جیتی ہے، جہاں علیم خان کامیاب ہوئے ہیں اور ایک جنرل نشست پر خواتین کی مخصوص نشست نہیں ملے گی۔

قوانین کے تحت استحکام پارٹی اگر پنجاب اسمبلی کی پانچ نشستیں جیتتی تو اسے خواتین کی ایک مخصوص نشست ملتی، اس لیے ابھی تک نتائج کے مطابق پارٹی کو خواتین کی ایک بھی نشست نہیں ملے گی۔

استحکام پاکستان پارٹی کو پنجاب اسمبلی میں خواتین کی ایک بھی مخصوص نشت نہ ملنے کے امکان کی وجہ سے نور بخاری بھی رکن اسمبلی نہیں بن سکیں گی۔

اگرچہ نور بخاری رکن اسمبلی نہیں بن سکیں گی، تاہم ان کے شوہر عون چوہدری اپنی نشست جیت چکے ہیں اور وہ رکن قومی اسمبلی ہوں گے۔

پاکستان

ہندو امیدوار ہری رام سندھ اسمبلی کی جنرل نشست جیت گئے

ہندو امیدوار ہری رام سندھ اسمبلی کی جنرل نشست جیت گئے

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق میرپور خاص کے صوبائی حلقے پی ایس 45 سے ہندو امیدوار ہری رام جنرل نشست پر جیت گئے۔

ہری رام پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ٹکٹ پر میدان میں اترے تھے، انہوں نے 33 ہزار سے زائد ووٹ لیے اور انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے امیدوار کو 13 ہزار کی لیڈ سے شکست دی۔

ہری رام ماضی میں بھی سندھ اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں اور 2012 سے 2018 تک وہ سینیٹر بھی رہے ہیں۔

جہاں ہری رام حالیہ انتخابات میں جنرل نشست جیتنے والے سندھ کے پہلے صوبائی امیدوار بنے ہیں، وہیں اس بار مہیش کمار ملانی ایک بار پھر قومی اسمبلی کی جنرل نشست جیتنے والے ہندو امیدوار بنے ہیں۔

مہیش کمار ملانی نے تھرپارکر سے سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کو شکست دی اور وہ مسلسل دوسری بار جنرل نشست پر جیتنے والے پہلے ہندو سیاست دان بن گئے۔

Live Election 2024

کراچی: مبینہ دھاندلی کیخلاف پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا مشترکہ احتجاج

کراچی کے متعدد حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا مشترکہ احتجاج جاری ہے۔

Live Election 2024

سکھر: پی ایس 22 کے انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی، جے یو آئی (ف) کا قومی شاہراہ پر دھرنا

سکھر کے حلقہ پی ایس 22 کے انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ نے قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سیکریٹری جنرل جے یو آئی (ف) سندھ راشد سومرو کا کہنا تھا کہ پی ایس 22 پر نتائج تبدیل کر کے امیدوار مبین بلو کو ہرایا گیا، فارم 45 کے مطابق مبین بلو 7 ہزار ووٹ سے جیتے ہیں، ہمیں فارم 45 کے تحت انتخابی نتائج دیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف حلقوں میں 50، 50 ہزار ووٹوں کی دھاندلی کی گئی ہے، ہم ان دھاندلی زدہ نتائج کو تسلیم نہیں کرتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ حلقوں میں ازسر نو انتخابات کرائے جائیں۔

Live Election 2024

الیکشن کمیشن کا کوہاٹ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے۔90 پر دوبارہ انتخابات کا حکم

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے۔90 کوہاٹ 1 میں دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 15 پولنگ اسٹیشنز کے پولنگ میٹریل تباہ کیے گئے، پولنگ میٹریل چھیننے یا ضائع کرنے کے باعث دوبارہ انتخابات ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ انتخابات 15 فروری کو ہوں گے، نتائج کا اعلان بھی اسی دن ہو گا۔

پاکستان

پیپلز پارٹی نے سندھ میں حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ نشستیں جیت لیں

پیپلز پارٹی نے سندھ میں حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ نشستیں جیت لیں

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سندھ بھر سے 130 میں سے 83 جنرل نشستیں جیت لیں، جس کے بعد نئی حکومت بنانے کے لیے پی پی نے نمبرز پورے کرلیے۔

سندھ میں حکومت بنانے کے لیے کسی بھی پارٹی کو 85 ارکان کی ضرورت ہوگی اور پیپلز پارٹی نے ابھی تک 84 جنرل سیٹس پر کامیابی حاصل کرلی جب کہ اسے خواتین کی 20 اور اقلیتوں کی 5 نشستیں بھی ملیں گی۔

سندھ اسمبلی کی تمام 130 جنرل نشستوں کا غیر حتمی اور غیر سرکاری اعلان کردیا گیا۔

سندھ اسمبلی میں 130 جنرل نشستوں کے علاوہ 29 خواتین کی جب کہ 9 اقلیتوں کی نشستیں بھی ہوں گی اور ایوان 168 نشستوں پر مشتمل ہوگا۔

اس بار پیپلز پارٹی مسلسل چوتھی بار صوبائی حکومت بنائے گی، پی پی سندھ میں 2008 سے حکومت بناتی آ رہی ہے۔

Live Election 2024

پاکستان کے مختلف شہروں میں ٹوئٹر (ایکس) کی سروس متاثر

انٹرنیٹ کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ نیٹ بلاکس کے مطابق پاکستان بھر کے مختلف شہروں میں سماجی پلیٹ فارم ایکس کی سروس متاثر ہورہی ہے۔

ٹوئٹ کے مطابق ایکس کی بندش ’متنازع انتخابات‘ کے بعد سیاسی ہنگامہ آرائی کے درمیان پیش آیا ہے جہاں الیکشن کے روز انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کردیے گئے تھے۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں ایکس صرف وی پی این کے ذریعے چل رہا ہے۔

Live Election 2024

حکومت کی تشکیل، شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلیفونک رابطہ

حکومت کی تشکیل کے لیے صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد شہباز شریف نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام(ف) معلانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کو ملاقات کی دعوت دی جسے سربراہ جے یو آئی (ف) نے قبول کرلیا ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان جلد ملاقات ہوگی۔

یاد رہے کہ نواز شریف نے حکومت کے قیام کے لیے شہباز شریف کو سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کا ٹاسک سونپا ہوا ہے۔

Live Election 2024

8 پی ٹی آئی امیدواروں کی انتخابی نتائج کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر

پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 8 امیدواروں کی انتخابی نتائج کے خلاف درخواستیں پیر کو سماعت کے لیے مقرر کردیں۔

انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلیوں کے خلاف پی ٹی آئی کے امیدواروں نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔

درخواست گزاروں میں محمود جان، تیمور جھگڑا، کامران بنگش، ارباب عاصم، ارباب جہانداد، علی زمان اور ملک حشمت شامل ہیں۔

درخواست گزاروں نے موقف اپنایا کہ فارم 45 میں میں نتائج ہمارے حق میں تھے لیکن فارم 47 میں تبدیل کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو حتمی نتائج جاری کرنے سے روک دیا جائے۔ پی ٹی آئی کے نامزد 8 امیدواروں کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئیں اور پیر کو جسٹس شکیل احمد اور جسٹس ارشد علی معاملے کی سماعت کریں گے۔

Live Election 2024

لاہور: این اے-118 سے حمزہ شہباز کی کامیابی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔118 سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کی کامیابی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق آزاد امیدوار عالیہ حمزہ کے خاوند نے درخواست میں ریٹرننگ افسر اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ریٹرننگ افسر نے قانون کے منافی فارم 47 جاری کردیا اور حمزہ شہباز کو مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں فاتح قرار دیا گیا۔

انہوں نے اس استدعا کہ عدالت قانون کے مطابق فارم 47 کے دوبارہ اجرا اور فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے۔

یاد رہے کہ این اے -118 سے حمزہ شہباز ایک لاکھ 5ہزار 960 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار عالیہ حمزہ ایک لاکھ 803 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔

اس حلقے سے 5 ہزار 324 ووٹ مسترد بھی کیے گئے۔

Live Election 2024

الیکشن جعلی ہیں، جو بھی حکومت بنے گی وہ بھی جعلی ہوگی، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن جعلی ہیں اور جو بھی حکومت بنےگی وہ بھی جعلی ہوگی۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن بروقت الیکشن کروانے میں ناکام ہوگئے ہیں، الیکشن تو 8 فروری کو ہو گیا لیکن نتائج مکمل نہیں ہوئے، الیکشن کے نتیجے میں مزید تقسیم پیدا ہوگئی ہے، ماضی سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر جعلی الیکشن ہوگا تو جعلی حکومت بنے گی یہ معاشی استحکام نہیں لا سکتی ہے، یورپی یونین نے بھی الیکشن پر اعتراضات اٹھائے ہیں اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا الیکشن میں لیول پلینگ فیلڈ کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا، عدالت نے کہا تھا کہ انٹرنیٹ و موبائل سسٹم بند نہیں ہوگا لیکن اسے بند رکھا گیا، کہا گیا کہ رات 11 بجے رزلٹ دیں گے تو ریٹرننگ افسران نے بر وقت نتائج سے انکار کردیا۔

سراج الحق نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو سپورٹ کیا ہے.

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے حق پر ڈاکا مارا گیا ہے، کراچی میں مقابلہ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا تھا، کراچی کو ایک بار پھر قاتلوں کے حوالے کردیا گیا ہے۔

Live Election 2024

’سب سے بڑی جماعت کو مخصوص نشستوں سے کیسے محروم کیا جاسکتا ہے؟‘ رہنما مسلم لیگ (ن) محمد زبیر

مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو مخصوص نشستوں کے حصے سے کیسے محروم کیا جاسکتا ہے؟ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں نے اپنی خواہش سے آزادانہ حیثیت سے انتخابات میں حصہ نہیں لیا بلکہ عدالتی فیصلے کی وجہ سے وہ مجبور تھے‘۔