پاکستان کے نومنتخب صدر آصف زرداری آج 14ویں صدر مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ ’ڈان نیوز‘ کے مطابق نومنتخب صدر...
اپ ڈیٹ 10 مارچ 2024 09:48am
پاکستان کے نومنتخب صدر آصف زرداری آج 14ویں صدر مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق نومنتخب صدر مملکت کی تقریبِ حلف برداری آج ایوان صدر میں منعقد ہوگی، آصف زرداری سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ حلف لیں گے۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں وزیراعطم شہبازشریف، سربراہ مسلم لیگ (ن) نوازشریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، مسلح افواج کے سربراہان، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ سول حکام شریک ہوں گے۔
گزشتہ روز حکمران اتحاد کے نامزد امیدوار آصف علی زرداری دوسری بار صدر مملکت منتخب ہوگئے تھے۔
14 ویں صدر مملکت کے انتخابات کے لیے قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹ ڈالے گئے جس میں حکمران اتحاد کے نامزد امیدوار آصف علی زرداری نے 411 ووٹ لے کر کامیابی حاصل جب کہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 ووٹ لیے۔
آصف علی زرداری کو چاروں صوبائی اسمبلیوں سے 156 الیکٹورل ووٹ ملے، محمود خان اچکزئی نے چاروں صوبائی اسمبلیوں سے 62 ووٹ حاصل کیے، آصف زرداری نے پارلیمنٹ سے 255 ووٹ حاصل کیے جب کہ محمود خان اچکزئی کو پارلیمنٹ ہاؤس سے 119 الیکٹورل ووٹ ملے۔
دوسری مرتبہ پاکستان کے صدرِ بننے والے آصف علی زرداری پہلی مرتبہ 2008 میں 5 سال کے لیے اس عہدے پر فائز ہوئے تھے۔