رواں برس بولی وڈ پر خواتین کا راج

رواں برس بولی وڈ پر خواتین کا راج


بولی وڈ اداکار رانی مکھرجی جلد اپنی نئی فلم میں داﺅد ابراہیم کی بہن کی شکل میں نظر آئیں گی 'حسینہ' نامی اس فلم کی شوٹنگ نومبر میں شروع ہوگی جو کہ داﺅد ابراہیم کی بہن حسینہ کی زندگی پر مبنی ہے۔

حسینہ پارکر رواں برس 6 جولائی کو روزے کی حالت میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث وفات پا گئی تھیں۔ وفات سے قبل فلمساز نے حسینہ پارکر کی زندگی کے نشیب و فراز سے متعلق جاننے کیلئے ان کے ساتھ کافی وقت گزارا۔ ہدایتکار اپوروا نے کہا ہے کہ رانی مکھرجی ہی اس کردار کے ساتھ انصاف کرسکتی ہیں، اس سلسلے میں جب اپوروا نے رانی سے رابطہ کیا تو انہوں نے فوراً فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی جس کی عکسبندی اگلے ماہ سے شروع ہوگی۔

تاہم اب بات یہ ہے کہ ممبئی کی فلم نگری رواں برس خواتین کے مرکزی کرداروں پر مشتمل فلموں پر زیادہ توجہ دیتی نظر آرہی ہے اور باکس آفس پر یہ فلمیں ملا جلا رسپانس حاصل کرسکی ہیں، ایسی ہی کچھ فلموں کا احوال جاننا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا۔


خوبصورت


سونم کپور نے گزشتہ سال بھی اپنی صلاحیت مختلف فلموں 'رانجھنا اور بھاگ ملکھا بھاگ' کے ذریعے ثابت کی، تاہم رواں برس کا آغاز ان کے لیے زیادہ اچھا ثابت نہیں ہوا اور ان کی فلم 'بیوقوفیاں' توقعات پر پورا نہ اتر سکی، تاہم اس اداکار نے اپنی فلم 'خوبصورت' میں ضرور لوگوں کو متاثر کیا ہے جس میں وہ پاکستانی اداکار فواد خان کے ہمراہ نظر آئیں، رشی کیش مکھرجی کی فلم کا ریمیک کوئی آسان کام نہیں تھا مگر سونم اور ان کی بہن ریحا نے اسے بخوبی مکمل کیا۔


میری کوم


بولی وڈ حسینہ پریانکا چوپڑا جو کبھی تجربات کرنے سے نہیں ہچکچاتیں، نے باکسر میری کوم کی زندگی پر بننے والی فلم میں اپنا لوہا منوایا، اداکار نے ماضی میں بھی مختلف کردار ادا کیے ہیں تاہم وہ خود 'میری کوم' کو اپنی زندگی کا سب سے مشکل کردار قرار دیتی ہیں، جسے لوگوں نے بھی خوب سراہا ہے۔


گلاب گینگ


دھک دھک گرل مادھوری ڈکشت نے گلاب گینگ کے ذریعے کافی عرصے بعد بولی وڈ میں واپسی کی، ماضی میں اپنی اداکاری اور قاتلانہ رقص کی بدولت بولی وڈ پر راج کرنے والی مادھوری کی یہ فلم شائقین کے دلوں کو زیادہ بھا نہیں سکی تاہم ان کی اداکاری کو ضرور سراہا گیا۔


بوبی جاسوس


اگرچہ ودیا بالن نے باکس آفس پر خواتین کرداروں پر مشتمل فلموں کے ذریعے سحر طاری کیا ہے جیسے 'کہانی اور دی ڈرٹی پکچر' مگر ان کی سراغ رسی پر مشتمل فلم 'بوبی جاسوس' لوگوں کو سینما گھروں میں لانے میں ناکام رہی، مگر فلم میں ودیا نے بارہ مختلف بہروپ بدل کر ضرور خود کو ایک بار پھر باصلاحیت اداکار تسلیم کرالیا۔


ریوالور رانی


اس فلم سے لوگوں کو بہت زیادہ توقعات تھیں، عام افراد سے لے کر ناقدین ہر ایک کنگنا رناوت کو ریوالور رانی کی شکل میں دیکھنا چاہتے تھے تاہم یہ بری طرح ناکام رہی، یہاں تک کہ کنگنا کے پرستار بھی اس کے دیسی گینگسٹر کے روپ سے متاثر نہیں ہوسکے۔


مردانی


یش راج خاندان کی نئی بہو رانی مکھرجی فلم 'تلاش' کے بعد سے سینما اسکرین سے دور تھیں تاہم شادی کے فوری بعد وہ 'مردانی' کی شکل میں واپس آئیں، جس میں انہوں نے خواتین کی ٹریفکنگ کے سنگین مسئلے کو اجاگر کیا، رانی ہمیشہ ہی اپنے کردار سے انصاف کرتی نظر آتی ہیں تاہم ایسا لگتا ہے کہ دیکھنے والے انہیں پولیس افسر کے کردار میں زیادہ پسند نہیں کر سکے اور باکس آفس پر یہ ناکام رہی، تاہم رانی مکھرجی کی اداکاری کو سب نے ضرور سراہا۔


ڈیڑھ عشقیہ


مادھوری ڈکشت اور ہما قریشی کی فلم 'ڈیڑھ عشیقہ' ایک اور خواتین کرداروں پر مشتمل فلم تھی، جو کہ فلم 'عشیقہ' کا سیکوئل تھا، یہ ملٹی اسٹارر فلم اداکاری کے لحاظ سے بہت زبردست قرار دی گئی جس میں ایسے موضوعات کو بھی چھیڑا گیا جس پر کبھی بولی وڈ کی بڑی فلموں پر بات نہیں کی گئی اور یہ باکس آفس پر مناسب بزنس کرنے میں بھی کامیاب رہی۔


کوئین


یہ خواتین کے عالمی دن پر بولی وڈ کی جانب سے دیا جانے والا بہترین تحفہ تھا، کنگنا رناوت کی یہ فلم خواتین ڈے پر ریلیز ہوئی اور ہر ایک پر سحر طاری کر گئی، اس فلم میں سادہ لڑکی کی شکل میں کنگنا کا لندن تک کا سفر لوگوں کو بہت پسند آیا اور مسٹر پرفیکٹ عامر خان سے لے کر عام افراد نے انہیں خوب سراہا جبکہ یہ فلم زبردست ہٹ بھی ثابت ہوئی۔


لکشمی


نیشنل ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر ناگیش ککونور نے کئی دلوں کو چھونے والی فلمیں بنائی ہیں اور رواں برس اپنے چاہنے والوں کے لیے وہ لکشمی لے کر سامنے آئے، اگرچہ یہ کمرشلی تو کامیاب نہیں ہوسکی مگر اس نے واضح طور پر ناقدین کے دل ضرور جیت لیے۔


بشکریہ ٹائمز آف انڈیا