بولی وڈ فلموں کے چوری شدہ پوسٹرز

بولی وڈ فلموں کے چوری شدہ پوسٹرز

میمونہ رضا نقوی

جب بات ہو بولی وڈ کی تو مانیں یا نہ مانیں مگر یہ بات حقیقت ہے کہ وہاں تخلیقی کام اکثر بہت کم ہوتا ہے اور دیگر تخلیق کاروں کی سوچ کو چرانے کا کام دھڑلے سے کیا جاتا ہے۔

اور یہ بات صرف فلموں، گانوں یا کہانی تک ہی محدود نہیں بولی وڈ میں تو پوسٹرز تک کے لیے ایسا چلن عام ہے اور سب سے زیادہ نشانہ بنتا ہے ہولی وڈ جس کی پرانی فلموں کے پوسٹرز نئی بولی وڈ فلموں کے لیے چرا لیے جاتے ہیں۔

اور صرف فلموں کے نہیں ناولوں اور ویڈیو گیمز تک کے ٹائٹلز کو چرا لیا جاتا ہے اور 2015 میں اکثر نئی فلموں میں ایسا ہوا ہے جن کو دیکھ کر تخلیقی سوچ اور اوریجنل کام کو خیرباد کہہ دینے کو دل کرتا ہے۔

فہرست یہاں دیکھیں:

ہماری ادھوری کہانی اور ویر زارا

پبلسٹی فوٹو
پبلسٹی فوٹو

2015 کی بولی وڈ فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ کا پوسٹر بہت حد تک 2004 میں ریلیز بولی وڈ فلم ’ویر زارا‘ سے ملتا جلتا ہے،دونوں فلموں کی کہانی بلکل مختلف انداز میں لکھی گئی ہے تاہم فلموں کے پوسٹرز میں خاصی مشاہبت نظر آتی ہے۔

این ایچ 10 اور بلیک ویڈو

پبلسٹی فوٹو
پبلسٹی فوٹو

بولی وڈ میں اکثر و بیشتر ہولی وڈ فلموں کی نقل کی جاتی ہے۔ رواں سال ریلیز ہونے والی اداکارہ انوشکا شرما کی فلم ’این ایچ 10‘ کو ناقدین کے ساتھ ساتھ شائقین نے بھی بھر پور داد دی، فلم کی کہانی ہولی وڈ فلم ’ایڈن لیک‘ سے جب کہ اس کا پوسٹر ایک اور ہولی وڈ فلم ’بلیک ویڈو‘ سے متاثر ہوکر بنایا گیا۔

مسٹر ایکس اور میکس پین (ویڈیو گیم)

پبلسٹی فوٹو
پبلسٹی فوٹو

بولی وڈ میں صرف فلموں اور ان کے پوسٹرز کی ہی نہیں بلکہ ویڈیو گیمز کی تصاویر کی بھی نقل کی جاتی ہے۔ ہدایت کار مہیش بھٹ کے ادارے کی فلم ’مسٹر ایکس‘ نے مقبول ویڈیو گیم ’میکس پین‘ کی تصویر کی نقل بلکہ چوری کی اور فوٹو شاپ سے محض چہرے بدل دیئے۔

برادرز اور بریکنگ بیڈ

پبلسٹی فوٹو
پبلسٹی فوٹو

حال ہی میں اکشے کمار اور سدہارتھ ملہوترا کی فلم ’برادرز‘ ریلیز ہوئی جس پر ملا جلا رد عمل سامنے آیا تاہم اس کے پوسٹر پر نظر ڈالی جائے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ امریکی ٹیلی ویژن سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ کے پوسٹر کی نقل پر تیار کیا گیا۔

باہو بلی اور سائمن برچ

پبلسٹی فوٹو
پبلسٹی فوٹو

فلم ’باہو بلی‘ ہندوستان کی کامیاب فلم ہونے کے ساتھ ساتھ مہنگی ترین فلم بھی مانی جاتی ہے۔ اس کی کہانی تو خاصی منفرد ہے تاہم اگر اس فلم کے ایک پوسٹر کی بات کی جائے تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اسے ہولی وڈ کی ایک فلم ’سائمن برچ‘ جیسا بنایا گیا ہے۔ سائمن برچ 1998 میں ریلیز ہوئی ہولی وڈ فلم تھی جس کے پوسٹر میں دو ہاتھ پانی کے درمیان ایک بچے کو اٹھائے ہوئے ہیں اور باہو بالی کے پوسٹر میں بھی اسی خیال کو نقل کیا گیا ہے۔

بدلہ پور اور 300

پبلسٹی فوٹو
پبلسٹی فوٹو

’بدلہ پور‘ بولی وڈ کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے جس کی منفرد کہانی نے کئی دیکھنے والوں کا دل جیتا تاہم فلم کے ایک پوسٹر کی نقل ہولی وڈ فلم ’300‘ کے پوسٹر سے کی گئی.

فینٹم اور ہوم فرنٹ

پبلسٹی فوٹو
پبلسٹی فوٹو

ایک اور ویڈیو گیم ’ہوم فرنٹ‘ کی تصویر کی نقل بولی وڈ فلم ’فینٹم‘ کے پوسٹر میں گی گئی ہے۔ فلم فینٹم میں بولی وڈ اداکار سیف علی خان اور کترینہ کیف نے اہم کردار ادا کیا ہے ، کاسٹ میں بڑے ناموں کے باجود شائقین کو یہ فلم پسند نہیں آئی.

بجرنگی بھائی جان اور جوہنی

پبلسٹی فوٹو
پبلسٹی فوٹو

بولی وڈ اداکار سلمان خان کی اس سال ریلیز فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کی بات کی جائے تو یہ ان کے کیرئیر کی سب سے بہترین فلم ثابت ہوگی۔ اس فلم کی منفرد کہانی نے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے تھے تاہم اگر بات فلم کے پوسٹر کی کی جائے تو اس کا پوسٹر بھی 2003 کی تیلگو فلم ’جوہنی‘ سے متاثر لگتا ہے۔

کٹی بٹی اور فرنٹ سیٹ (ناول)

پبلسٹی فوٹو
پبلسٹی فوٹو

فلم ’کٹی بٹی‘ 2015 کی فلاپ ہونے والی فلمز میں سے ایک ہے جس میں اداکار عمران خان کے ساتھ کنگنا رناوٹ نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ یہ اس سال کی واحد فلم ہوگی جس کا پوسٹر کسی فلم سے نہیں بلکہ ایک ناول ’فرنٹ سیٹ‘ سے کاپی کیا گیا.

رہیسہ اور دی گرل ود دی ڈریگن ٹیٹو

پبلسٹی فوٹو
پبلسٹی فوٹو

بولی وڈ فلم ’رہیسہ‘ ایک قتل کی کہانی کے گرد گھومتی ہے۔ اس فلم کو باکس آفس پر کوئی خاص پذیرائی نہیں ملی تاہم اس کا پوسٹر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ فلم کے پوسٹر کا خیال بہت حد تک ہولی وڈ فلم ’دی گرل ود دی ڈریگن ٹیٹو‘ سے لیا گیا ہے۔