2019 میں شوبز سے وابستہ معروف شخصیات کی شادیاں!

شوبز سے وابستہ شخصیات کی شادیاں!

سال 2019 اب اختتام ہونے کے قریب ہے اور یہ برس کچھ ستاروں کے لیے نئی زندگی کے آغاز کا بھی زینہ ثابت ہوا جنہوں نے شادی کے بعد اپنے نئے سفر کا آغاز کیا۔

شادی کسی بھی فرد کی زندگی کا اہم ترین دن ہوتا ہے جو اس کی زندگی میں واضح تبدیلی کا باعث ہوتا ہے۔

ایسے ہی چند شوبز اسٹارز کے بارے میں جانیے جنہوں نے رواں برس شادی کرکے اپنی زندگی کو نئے رنگ میں ڈھال لیا۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری

پاکستان کی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے رواں سال شادی کی، ان میں حمزہ علی عباسی اور ایمان علی جیسے فنکار بھی شامل ہیں۔

صوفیا خان (فیا)

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی ماڈل اور اداکارہ صوفیا خان، جنہیں انڈسٹری میں فیا بلایا جاتا ہے، نے رواں سال جنوری میں جرمنی کے شہر برلن میں شادی کی تھی۔

فیا خان نے اپنے ترکش نژاد منگیتر تولگا ریکن کے ساتھ برلن کے خوبصورت مقامی ہوٹل میں شادی کی تھی۔

اس موقع پر فیا خان نے سنہرے رنگ کا لہنگا زیب تن کیا تھا جسے ڈیزائنر رانا نعمان حق نے تیار کیا تھا۔

فیا خان کا شمار پاکستانی فیشن انڈسٹری کی کامیاب ماڈل کے طور پر کیا جاتا رہا ہے، وہ اپنے کیریئر میں کئی نامور ڈیزائنرز کے ملبوسات پہن کر ریمپ پر واک کرچکی ہیں جبکہ انہوں نے کئی بڑے برینڈز کے لیے فوٹو شوٹس بھی کیے۔

آمنہ بابر

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی نامور ماڈل و اداکارہ آمنہ بابر نے بھی رواں سال فروری میں قریبی دوست زاہد نون کے ساتھ شادی کی۔

انہوں نے نہایت سادگی سے شادی کی جس کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی، مداحوں نے ان کی جوڑی کو بھی بےحد پسند کیا۔

جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب کو خفیہ رکھتے ہوئے انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مدعو نہیں کیا تھا۔

آمنہ بابر فیشن انڈسٹری کی پرکشش ماڈل مانی جاتی ہیں، انہوں نے رواں سال سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر کے ساتھ حاملہ ہونے کی خبر کا بھی اعلان کیا تھا۔

ایمان علی

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی نامور اداکارہ و ماڈل ایمان علی نے بھی رواں سال فروری میں شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔

ایمان علی نے ڈان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی ملاقات بابر بھٹی سے ڈیڑھ سال قبل کراچی میں ہوئی تھی، جس کے بعد ہی انہوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔

38 سالہ ایمان علی اور ان کے شوہر بابر بھٹی کی شادی کی تمام تقریبات کراچی میں ہی منعقد ہوئیں۔

واضح رہے کہ ایمان علی صرف ایک کامیاب ماڈل ہی نہیں بلکہ بہترین اداکارہ بھی ہیں جو پاکستانی سینما کی کئی بڑی فلموں کا حصہ بن چکی ہیں۔

ماڈلنگ کے علاوہ مختلف فلموں جیسے خدا کے لیے، بول اور ماہ میر میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی ایمان علی کے شوہر بابر بھٹی نشان حیدر پانے والے میجر عزیز بھٹی شہید کے پوتے ہیں۔

دانش حیات

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی نامور اداکارہ مہوش حیات کے بھائی اداکار دانش حیات نے رواں سال مارچ میں ماڈل فائزہ اشفاق کے ساتھ شادی کی۔

ان کی شادی کی تقریب میں شوبز سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات نے شرکت کی تھی۔

شادی میں دلہا اور دلہن دونوں بھارتی ڈیزائنر سبیاسچی کے ڈیزائن کردہ جوڑوں میں ملبوس تھے۔

ویسے تو دانش حیات نے کسی بہت بڑے پروجیکٹ میں اب تک کوئی مرکزی کردار نہیں نبھایا البتہ وہ اپنی بہن کے ڈرامے 'کبھی کبھی' میں ایک معاون کردار میں نظر آئے تھے جو 2013 میں ریلیز ہوا تھا۔

انجمن

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

ماضی کی کامیاب پاکستانی سپر اسٹار انجمن نے 63 سال کی عمر میں رواں سال جون میں پروڈیوسر لکی علی سے دوسری شادی کرلی تھی۔

انجمن کی پہلی شادی انکم ٹیکس آفسر مبین ملک سے ہوئی تھی، تاہم 6 سال قبل عید کے روز لاہور میں انہیں فائرنگ سے قتل کردیا گیا تھا۔

انجمن کے دوسرے شوہر کا تعلق شوبز سے ہی ہے، وہ پیشے سے پروڈیوسر، ہدایت کار اور اداکار ہیں۔

اپنی شادی کے موقع پر انجمن سرخ رنگ کے عروسی جوڑے میں نہایت خوبصورت نظر آئیں جبکہ لکی علی نے اس موقع پر شیروانی پہن رکھی تھی۔

انجمن 'شیرخان'، 'میڈم رانی' اور 'میلہ' جیسی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور خان

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ حمزہ علی عباسی نے رواں سال اگست میں سابق اداکارہ نیمل خاور خان کے ساتھ شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔

حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور خان کئی سالوں سے ایک دوسرے کو جانتے تھے، دونوں کا نکاح 25 اگست کو ایک سادہ تقریب میں ہوا، جس کے بعد استقبالیہ کی شاندار تقریب منعقد کی گئی، جس میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

نکاح کے دوران حمزہ علی عباسی نے سفید رنگ کا لباس زیب تن کیا دوسری جانب نیمل خاور خان نے اپنی والدہ کا عروسی جوڑا پہنا تھا۔

حمزہ علی عباسی اس وقت 'الف' نامی ڈرامے میں کام کررہے ہیں، البتہ انہوں نے اور نیمل، دونوں ہی اداکاری چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

ناہید شبیر

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

معروف ٹی وی اداکارہ ناہید شبیر نے بھی رواں سال اگست میں شادی کرلی تھی۔

اداکارہ نے خود تو اپنی شادی کا اعلان نہیں کیا تھا البتہ شادی کی تقریبات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مداحوں کو اس خبر کا علم ہوا۔

45 سالہ اداکارہ کی یہ دوسری شادی تھی، انہوں نے پہلی شادی 2010 میں عامر مرزا نامی شخص سے کی تھی تاہم کچھ عرصے بعد ہی ان دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

ناہید شبیر نے دوسری شادی سابق پروڈیوسر نومی خان سے کی اور ان کی بھی یہ دوسری شادی ہے۔

ناہید شبیر نے اپنے کیریئر میں 'شیردل'، 'ایک بچارا' اور 'نصیب' جیسے ڈراموں میں کام کیا۔

علی ذیشان

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے نامور فیشن ڈیزائنر علی ذیشان نے رواں سال نومبر میں اپنی صحافی دوست مائرہ خان کے ساتھ اسلام آباد میں شادی کی۔

شادی کی تقریب میں جوڑے کے قریبی دوستوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی تھی۔

مائرہ خان نے شادی کے موقع پر اپنے شوہر علی ذیشان کی جانب سے تیار کردہ عروسی لباس پہنا تھا جب کہ دونوں طارق امین کے سیلون میں تیار ہوئے تھے۔

میرا سیٹھی

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ میرا سیٹھی نے بھی رواں سال نومبر میں اپنے دوست بلال صدیقی سے شادی کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔

اپنی شادی کی خبر کا اعلان میرا سیٹھی نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کرکے کیا تھا، میرا کے مطابق شادی کی تقریب میں انہوں نے اپنا میک اپ خود کیا اور بال بھی خود ہی بنائے تھے۔

واضح رہے کہ میرا اور ان کے شوہر نے اکٹھے آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم مکمل کی ہے۔

ان دونوں کی شادی امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں نہایت سادگی سے منعقد ہوئی، ان کی شادی کی تقریب میں خاندان والوں سمیت چند قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

وہ 'سات دن محبت ان' فلم میں کام کرچکی ہیں، اس کے علاوہ مقبول ڈرامے 'محبت صبح کا ستارہ' میں بھی ان کی اداکاری کو پسند کیا گیا تھا۔

صنم چوہدری

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی ایک اور نامور اداکارہ صنم چوہدری نے بھی رواں سال نومبر میں اپنے دوست کے ساتھ خاموشی سے شادی کی تھی۔

اداکارہ نے اپنی شادی کا اعلان انسٹاگرام پر نکاح کی ایک تصویر شیئر کرکے کیا تھا، جس میں وہ اپنے شوہر کے ہمراہ موجود تھیں۔

صنم چوہدری نے پنجابی گلوکار اور میوزک کمپوزر سومی چوہان کے ساتھ شادی کی جن کا تعلق نیویارک سے ہے۔

وہ 'میر آبرو'، 'گھر تتلی کا پر'، 'اب دیکھ خدا کیا کرتا ہے'، 'آسمانوں پر لکھا' جیسے ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔

اقرا عزیز اور یاسر حسین

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

اقرا عزیز اور یاسر حسین کا شمار پاکستان کی بہترین جوڑیوں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے رواں سال 28 دسمبر کو شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔

یاسر حسین نے رواں سال لکس اسٹائل ایوارڈز کے دوران اقرا عزیز کو شادی کی پیشکش کی، سب کے سامنے انہیں انگوٹھی پہنائی اور گال پر بوسہ بھی دیا۔

بعدازاں ان دونوں کی شادی کا کارڈ بھی منظر عام پر آیا، البتہ اداکاروں نے خود بھی اعلان کیا کہ ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز رواں ماہ 25 تاریخ سے ہوگا۔

واضح رہے کہ اقرا عزیز اپنے کیریئر میں کئی کامیاب ڈراموں میں کام کرچکی ہیں جن میں 'سنو چندا' اور 'رانجھا رانجھا کردی' شامل ہیں جبکہ یاسر حسین نے اپنے کیریئر میں 'کراچی سے لاہور' اور 'لاہور سے آگے' جیسی کامیڈی فلموں میں کام کیا۔

ہولی وڈ

ہولی وڈ انڈسٹری میں بھی کئی ستاروں نے رواں سال رشتہ جوڑ کر مداحوں کو کافی حیران کردیا، ان کی فہرست مندرجہ ذیل ہے۔

صوفی ٹرنر اور جوائے جونس

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

شہرہ آفاق پولیٹیکل تھرلر فنٹیسی ڈراما ’گیم آف تھرونز‘ سے کیریئر کی شروعات کرنے اور اسی ڈرامے سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ صوفی ٹرنر اور امریکی گلوکار جوئے جونس نے بھی رواں سال مئی میں اچانک شادی کرلی تھی۔

دونوں کے درمیان گزشتہ کئی سال سے تعلقات قائم تھے اور دونوں کو انتہائی قریب سے دیکھا جاتا تھا۔

جوئے جونس بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے دیور اور گلوکار نک جونس کے بڑے بھائی ہیں۔

نک جونس بہت جلد 'جومانجی: دی نیکسٹ لیول' میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

کرس پراٹ

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

جراسک ورلڈ، اوینجر: انفنٹی وار اور گارڈینز آف دی گلیکسی سمیت دیگر معروف فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ہولی وڈ اداکار کرس پراٹ نے طلاق کے 8 ماہ بعد رواں سال جون میں دوسری شادی کی۔

کرس پراٹ نے ہولی وڈ کے مقبول اداکار، سابق ویٹ لفٹر، سیاستدان، سماجی کارکن اور فلم ساز آرنلڈ شوازنیگر کی 29 سالہ بیٹی لکھاری کیتھرین شوازنیگر سے شادی کی۔

کرس پراٹ اور کیتھرین شوازنیگر کے درمیان گذشتہ چند سال سے تعلقات قائم تھے، تاہم انہیں کبھی بھی سرعام ملتے ہوئے نہیں دیکھا گیا تھا۔

ڈیوین جونسن

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

مشہور زمانہ ہولی وڈ اداکار اور سابق ریسلر ڈیوین جونسن عرف دی راک نے رواں سال اگست میں امریکی گلوکارہ لورین ہاشین سے امریکی ریاست ہوائی میں شادی کی تھی۔

انہوں نے اپنی شادی کا اعلان انسٹاگرام پر شیئر کردہ ایک تصویر کے ساتھ کیا تھا۔

ڈیوین اور لورین کے درمیان کئی سالوں سے تعلقات قائم تھے، ان دونوں کی دو بیٹیاں جاسمین جونسن اور ٹیانا جونسن بھی ہیں۔

جینیفر لارنس

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ، ماڈل و ہدایت کارہ 29 سالہ جینیفر لارنس نے رواں برس کے آغاز میں اچانک منگنی کرکے اپنے مداحوں کو حیران کردیا تھا جس کے بعد اداکارہ نے اکتوبر میں نہایت سادگی سے شادی کرلی۔

جینیفر لارنس نے شوبز انڈسٹری سے وابستہ کسی شخص کے بجائے آرٹ سے وابستہ 34 سالہ کک مورونی سے شادی کی۔

جینیفر لارنس اور کک مورونی کے درمیان 2018 کے وسط میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں نے تقریباً 6 ماہ بعد فروری 2019 میں منگنی کی تھی۔

نکی مناج

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

بولڈ پرفارمنس اور متنازع جنسی رجحان رکھنے والی گلوکارہ نکی مناج نے بھی رواں سال اکتوبر میں خاموشی سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

موسیقی کو خیرباد کہنے کے ٹھیک ایک ماہ بعد گلوکارہ نے اپنے بوائے فرینڈ نیتھ پیری سے شادی کی تھی۔

نکی مناج اور نیتھ پیری کے درمیان گزشتہ ڈیڑھ سال سے تعلقات قائم تھے۔

ہلیری ڈف

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

ہولی وڈ کی نامور اداکارہ ہلیری ڈف نے بھی رواں سال اپنے بوائے فرینڈ امریکی گلوکار میتھیو کوما سے سادگی سے شادی کی۔

ہلیری ڈف اور میتھیو کوما کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا تھا اور دونوں کے درمیان گزشتہ 2 سال سے رومانوی تعلقات تھے۔

ہلیری ڈف کی یہ دوسری شادی ہے جب کہ میتھیو کوما کی یہ پہلی شادی ہے، دونوں کی شادی سے قبل ہی ان کے ہاں ایک بچے کی پیدائش بھی ہوچکی ہے۔

بولی وڈ

بولی وڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی فنکار بھی اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

پرتیک ببر

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی آنجھانی اداکارہ سمیتا پاٹیل اور اداکار راج ببر کے بیٹے پرتیک ببر نے رواں سال جنوری میں اپنی پرانی دوست ثانیہ ساگر سے ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں شادی کی۔

دونوں نے مہارا شٹر کی ہندو رسومات کے تحت شادی کی، جس میں دونوں کے اہل خانہ سمیت شوبز اور سیاست کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

پرتیک ببر اور ثانیہ ساگر نے 2018 میں ایک دہائی تک تعلقات میں رہنے کے بعد منگنی کرلی تھی۔

آرتی چھابڑیا

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

’تم سے اچھا کون ہے، شادی نمبر ون، پارٹنر، انامیکا اور ہے بے بی‘ سمیت متعدد بولی وڈ فلموں میں جلوے دکھانے والی اداکارہ 36 سالہ آرتی چھابڑیا نے رواں سال جون میں خاموشی سے شادی کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

آرتی چھابڑیا نے بھارتی نژاد موریشس کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ وشارد بدیسے سے بھارتی روایات کے مطابق شادی کی۔

اداکارہ کی شادی میں ان کی قریبی دوستوں اور اہل خانہ نے شرکت کی اور شادی کی تقریبات انتہائی سادگی سے منعقد کی گئیں۔

پوجا بترا

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکارہ پوجا بترا نے بھی رواں سال جولائی میں بھارتی اداکار نواب شاہ کے ساتھ شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔

42 سالہ پوجا بترا کی یہ دوسری شادی تھی، انہوں نے پہلی شادی 2002 میں کی تھی جو 2011 میں طلاق پر ختم ہوئی۔

دونوں کا شمار بھارت کے نامور اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔

راکھی ساونت

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی متنازع اور بولڈ اداکارہ راکھی ساونت نے بھی رواں سال جولائی میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک بزنس مین ریتیش سے شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا۔

راکھی ساونت نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے ایک مداح سے شادی کی جس کا تعلق برطانیہ سے ہے اور یہ دونوں ایک دوسرے سے بےحد محبت کرتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت نے 36 سالہ ریتیش سے ایک سال تعلق رکھنے کے بعد ممبئی کے ایک ہوٹل میں شادی کی تھی۔