الیکشن 2024 کی براہ راست کوریج
  • 19 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا، محسن نقوی، احد چیمہ بھی شامل۔
  • آصف علی زرداری پاکستان کے 14 ویں صدر منتخب، حلف اٹھالیا۔
  • شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب، حلف اٹھا لیا۔
  • عام انتخابات کے بعد سیاسی صورت حال پر تازہ خبروں اور تبصروں کے لیے کلک کریں۔
اپ ڈیٹ 12 مارچ 2024 03:17pm

صدر مملکت، وفاقی وزیر داخلہ کا تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایوان صدرکے پریس ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدرِ مملکت نے یہ فیصلہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے پیشِ نظر کیا ہے۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ صدر آصف زرداری کے فیصلے کا مقصد ملک میں دانشمندانہ مالیاتی انتظام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، صدر مملکت نے قومی خزانے پر بوجھ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا کرتے ہوئے تنخواہ نہ لینے کو ترجیح دی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اپنی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں محسن نقوی نے کہا کہ انہیں وفاقی وزیر داخلہ اور منشیات کے طور پر قوم کی خدمت کرنے پر فخر ہے۔’

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ’اس مدت میں اپنی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ اس مشکل وقت میں ہر ممکن طریقے سے اپنی قوم کی حمایت اور خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔‘

واضح رہے کہ حکمران اتحاد کے نامزد صدارتی امیدوار آصف زرداری نے 9 مارچ کو الیکٹورل کالج کے ایک ہزار 185 ووٹوں میں سے 411 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔

ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی کو 111 ووٹ ملے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب میں مجموعی طور پر سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ایک ہزار 44 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔

10 مارچ کو آصف زرداری نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا تھا، گزشتہ روز صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا تھا۔

صدر آصف زرداری گارڈ آف آنر کی تقریب کے لیے بگھی میں تشریف لائے، مسلح افواج کے دستوں نے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

گارڈ آف آنر کی تقریب میں بلاول بھٹو، آصفہ اور بختاور بھٹو بھی شریک تھیں۔

شائع 12 مارچ 2024 12:26pm

سنی اتحاد کونسل کے شبیر قریشی سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر

سنی اتحاد کونسل کے شبیر قریشی سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر ہوگئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے ریحان راجپوت ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مقرر ہوگئے ہیں۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو تقرر نامہ بھی جاری کردیا ہے۔

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2024 12:52pm

رمضان پیکج پر سیاسی مخالفین تکلیف کا شکار ہیں، عظمٰی بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ رمضان پیکج پر سیاسی مخالفین تکلیف کا شکار ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم ذخیرہ اندوزی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہم آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمت بڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

عظمی بخاری نے بتایا کہ 64 لاکھ سے زائد خاندانوں کو ان کی دہلیز پر رمضان ریلیف پیکج ملے گا، وزیر اعلٰی یہی چاہتی تھیں کہ کوئی روزے میں لائن میں نہ لگے۔

شائع 12 مارچ 2024 11:54am

رمضان نگہبان پیکیج 2 لاکھ 30ہزار مستحقین کو فراہم کردیا گیا، کمشنر لاہور

کمشنر نے کہا ہے کہ لاہور ڈویژن میں رمضان نگہبان پیکیج 2 لاکھ 30ہزار مستحقین کی دہلیز پر فراہم کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے گجومتہ لاہور اور مصطفی آباد قصور کے اندرون علاقوں کا دورہ کیا۔

کمشنر لاہور نے 8 مستحقین کو رمضان نگہبان پیکیج دیا، دہلیز فراہمی پروٹوکول کو چیک کیا۔

لاہور شہر میں ایک لاکھ 17ہزار، قصور میں 35ہزار مستحقین کی دہلیز پر رمضان نگہبان پیکیج فراہم ہوچکا ہے۔

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2024 11:47am

پائیدار ملکی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پائیدار ملکی ترقی کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بحرانوں کے باعث ترقیاتی منصوبے متاثر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں قرضوں کی ادائیگی کے لیے 7500 ارب روپے درکار ہیں، ہم مزید قرضے لے کر اخراجات پورے کررہے ہیں تاہم قرضوں کےساتھ کوئی معیشت پائیدار نہیں ہوسکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ چین نے پاکستان کو سی پیک کے 5 نئے کوریڈورز بنانے کی پیشکش کی ہے۔

یاد رہے کہ کل ہی پاکستان کی 19 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا ہے، خواجہ آصف کو وزارت دفاع، عبدالعلیم خان کو نجکاری، اسحٰق ڈار کو خارجہ امور، احسن اقبال کو وزیر منصوبہ بندی، رانا تنویر کوصنعت و پیداوار، چوہدری سالک کو سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت سونپی گئی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے 19 رکنی وفاقی کابینہ سے حلف لیا تھا، تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر رکن اسمبلی نے بھی شرکت کی تھی۔

13 ارکان قومی اسمبلی اور 2 سینیٹرز کو وفاقی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ 3 غیر منتخب افراد کو بھی وفاقی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

غیر منتخب ارکان میں محمد اورنگزیب، محسن نقوی اور احد چیمہ شامل ہیں، یعنی ان ارکان کو کابینہ کا حصہ رہنے کے لیے اگلے چھ ماہ میں قومی اسمبلی یا سینیٹ کا رکن منتخب ہونا لازمی ہے۔

شائع 12 مارچ 2024 11:16am

آصفہ بھٹو کو پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی چیئر پرسن بنائے جانے کا امکان

صدر آصف علی زرادری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کو پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی چیئر پرسن بنائے جانے کا امکان ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ نئے سربراہ کی ذمہ داری کی اجازت پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے لی جائے گی۔

یاد رہے کہ آصف زرداری کےصدر مملکت بننے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر کا عہدہ خالی ہوچکا ہے۔

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2024 02:48pm

پشاور ہائیکورٹ: سینیٹر شبلی فراز کی راہداری ضمانت منظور

پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے 20 دن میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے شبلی فراز کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نعیم پنجوتہ نے عدالت کو بتایا کہ شبلی فراز کے خلاف 20 سے زائد مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں، شبلی فراز متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شبلی فراز کے خلاف اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں 20 مقدمات درج ہیں۔

عدالت نے شبلی فراز کی راہداری ضمانت ایک لاکھ دو نفری پر ضمانت دے دی اور انہیں 20 دن میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ 7 مارچ 2023 کو پولیس نے شبلی فراز پر اسلام آباد پولیس ٹیم کو دھمکانے پر ایف آئی آر درج کی تھی۔

اس کے علاوہ 19 مارچ کو اسلام آباد پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت شبلی فراز اور دیگر پر ایف آئی آر درج کی تھی۔

بعد ازاں 25 اکتوبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بھی جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کے کیس میں ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

واضح رہے کہ یکم مارچ 2023 کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس اور اسلام آباد ہائی کورٹ آمد پر ہنگامہ آرائی پر 2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلیے گئے تھے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ایک ہجوم نما لشکر اشتعال انگیز نعرے بازی کرتے ہوئے پیدل اور گاڑیوں پر جوڈیشل کمپلیکس کے مرکزی گیٹ پر پہنچا۔

مقدمات میں فرخ حبیب سمیت اُس وقت پی ٹی آئی میں موجود دیگر رہنماؤں راجا خرم، مرادسعید، علی نواز، عامرکیانی، ، غلام سرور خان راجا بشارت، شہزاد وسیم، شبلی فراز، کرنل عاصم، میجر طاہر صادق اور حماد اظہر کے نام شامل کیے گئے تھے۔

شائع 12 مارچ 2024 10:26am

عطا اللہ تارڑ نے وزیر اطلاعات و نشریات کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

رہنما مسلم لیگ (ن) عطا اللہ تارڑ نے وزیر اطلاعات و نشریات کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق ایک بیان میں عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے دروازے صحافی برادری کے لیے کھلے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کے لیے میڈیا کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام اور حکومت کے درمیان میڈیا پُل کا کردار ادا کرتا ہے، میڈیا کے کردار کو بہتر طریقے سے نبھانے کی ضرورت ہے۔

شائع 12 مارچ 2024 08:58am

وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور میں ارفع کریم ٹاور 2 بنانے کی منظوری دے دی

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں 21 منزلہ ارفع کریم ٹاور 2 بنانے کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں آئی ٹی، ایجوکیشن اور فلم سٹی پروجیکٹ کا آغاز جلد ہوگا، مائیکروسافٹ، اوریکل اور دیگر بڑی کمپنیوں نے آئی ٹی سٹی لاہور کے لیے آمادگی ظاہر کردی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ چین کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کو آفس بنانے کے لیے مدعو کیا جائے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے بہترین آئی ٹی کمپنیوں کو آئی ٹی سٹی میں بزنس کے مواقع فراہم کریں گے۔

مزید کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر کے طلبہ کے لیے ورلڈ بیسٹ یونیورسٹیوں کے کیمپس بنائیں گے۔

شائع 12 مارچ 2024 07:57am

سابق صدرِ مملکت عارف علوی کو سرکاری رہائش گاہ الاٹ

سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سرکاری گھر الاٹ کر دیا گیا ہے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی کو باتھ آئی لینڈ کراچی میں سرکاری گھر الاٹ کیا گیا ہے۔

حکومتِ پاکستان کے اسٹیٹ مینجمنٹ آفس نے سیکریٹری صدارتی سیکریٹریٹ کو اس حوالے سے مراسلہ ارسال کر دیا۔

صدر پنشن ایکٹ کے شیڈول میں پیرا بی-2 کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی کو سرکاری رہائش گاہ الاٹ کی گئی ہے۔


مکمل خبر پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2024 08:31am

ملکی تاریخ میں پہلی بار سویلین حکومت میں سینیٹ غیرفعال

ملکی تاریخ میں پہلی بار سویلین حکومت میں سینیٹ غیر فعال ہوگئی۔

’ڈان نیوز ’ کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی 11 مارچ کو اپنی 6 سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے۔

سینیٹ کے چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین کا عہدہ خالی ہوگیا، سینیٹ رولز میں چیئرمین سینیٹ اسپیکر پیٹرن نہ ہونے کے باعث سینیٹ کا کوئی سربراہ نہیں ہے۔

چیئرمین سینیٹ کو اسپیکر طرز کا اختیار دینے کی سینیٹ رولز میں ترمیم سے متعلق تجویز پر اتفاق نہیں ہوسکا تھا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 2 اپریل کو سینیٹ الیکشن کرانے کا اعلان کیا ہے۔

شائع 12 مارچ 2024 12:05am

اسحٰق ڈار خارجہ، محسن نقوی داخلہ، خواجہ آصف وزیر دفاع ہوں گے، وزرا کو قلمدان سونپ دیے گئے

وزیراعظم شہباز شریف نے آج حلف اٹھانے والے وفاقی وزرا کو قلم دان دینے کی منظوری دے دی ہے، اس سلسلے میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے نوٹی فیکشن جاری کرے گا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق خواجہ آصف کو وزارت دفاع، عبدالعلیم خان کو نجکاری، اسحٰق ڈار کو خارجہ امور، احسن اقبال کو وزیر منصوبہ بندی، رانا تنویر کوصنعت و پیداوار، چوہدری سالک کو سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت سونپی گئی ہے۔

اس کے علاوہ جام کمال کوکامرس کی وزارت، امیر مقام کو سیفران، سردار اویس کو ریلوے، عطا تارڑ کو وزارت اطلاعات، خالد مقبول صدیقی کو سائنس و ٹکنالوجی، قیصر شیخ کو میری ٹائم امور، ریاض پیر زادہ کو ہاؤسنگ جب کہ مصدق ملک کو پیٹرولیم اور توانائی کا اضافی قلم دان تفویص کیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ احد چیمہ کو اقتصادی امور اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا اضافی چارج سونپا گیا ہے جب کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو داخلہ اور نارکوٹکس کنٹرول کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

شائع 11 مارچ 2024 11:17pm

پی ٹی آئی تحمل و بردباری کا مظاہرہ کرے تو مفاہمت ہوسکتی ہے، قمر زمان کائرہ

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو گزری باتیں چھوڑ کر مفاہمت کی راہ اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے گی تو مفاہمت ہوسکتی ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام لائیو ود عادل شاہ زیب میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ماضی میں اکثر ادوار میں ایوان صدر جمہوریت کے خلاف استعمال ہوتا رہا لیکن صدر آصف علی زرداری کی موجودگی میں وہاں سے جمہوریت مستحکم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عارف علوی شریف آدمی ہیں لیکن اپنی جماعت کی باتوں میں آکر انہوں نے آئین سے ماورا اقدامات کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عارف علوی پر ساری ذمہ داری ڈالنا مناسب نہیں، یہ فیصلہ عارف علوی کا نہیں تھا کیونکہ اس وقت ملک کے حالات ایسے نہیں تھے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا صدرزرداری کوئی غیرجمہوری اور غیرسیاسی کام نہیں کریں گے کیونکہ وہ قومی مفاہمت کے داعی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گئے وقت کو چھوڑیے اور مفاہمت کے ساتھ آگے بڑھنے کے راستے پیدا کیجیے، اگر پی ٹی آئی تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے گی تو مفاہمت ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اخراجات کم اور آمدنی بڑھانے کی ضرورت ہے، حکومت کو دیکھنا چاہیے کہ کہاں کہاں نقصان ہو رہا ہے اور اسے کیسے روکا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف نے رائے مانگی تو عوام پر بوجھ ڈالے بغیر راستہ نکالا جائےگا۔

شائع 11 مارچ 2024 10:49pm

صدر آصف زرداری کو تاجکستان کے ہم منصب کا ٹیلی فون، پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری کو تاجکستان کے ہم منصب امام علی رحمٰن نے ٹیلی فون کیا اور پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان برادر ملک تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

صدر مملکت نے آبی وسائل کے اہم شعبے میں تاجکستان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز پر تاجک صدر کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے تاجک صدر کو نوروز کی آمد پر بھی مبارکباد دی۔

اس موقع پر تاجکستان کے صدر نے صدر مملکت کو دورہ تاجکستان کی دعوت بھی دی۔ صدر مملکت نے مبارکباد کے پیغام اور نیک خواہشات کے اظہار پر اپنے تاجک ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

شائع 11 مارچ 2024 09:58pm

ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا پی ڈی ایم حکومت کی سب سے بڑی کامیابی تھی، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا ہے۔

کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اتحاد کے تحت اپنی ماضی کی حکومت کو ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کا سہرا دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارنامہ ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

شائع 11 مارچ 2024 09:41pm

غریب کو پیسنے والی مہنگائی حکومت کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے، وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ غریب عوام کو پیسنے والی مہنگائی حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ غریب آدمی مہنگائی کے بوجھ تلے پس گیا ہے، اشرافیہ کو سبسڈی دینے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

شائع 11 مارچ 2024 09:38pm

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔

وزارت خزانہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا گیا کہ ایوان صدر میں عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد محمد اورنگزیب نے وزیر خزانہ کی ذمے داریاں سنبھال لیں۔

شائع 11 مارچ 2024 09:10pm

وزیراعظم نے کابینہ کے پہلے اجلاس کے دوران مہنگائی پر قابو پانا ترجیح قرار دے دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی پر قابو پانا اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ رمضان کے دوران قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں۔ عوام پس رہی ہے۔ جب کہ اشرافیہ کو سبسڈیز دی جا رہی ہیں۔

شائع 11 مارچ 2024 09:08pm

تاجک صدر آصف علی زرداری کو ٹیلی فون، صدر مملکت بننے پر مبادکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری کو تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے ٹیلی فون کرکے پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کی۔

ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں صدور نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

شائع 11 مارچ 2024 08:47pm

زبردستی قابض حکمران اقتدار بچانے کیلئے ظلم و جبر کی بدترین مثال قائم کر رہے ہیں، پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے انتخابی نتائج میں مبینہ ردوبدل کے خلاف احتجاج میں شریک قائدین و کارکنان کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔

پی ٹی آئی نے کور کمیٹی تحریک انصاف کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے اعلامیے میں کہا کہ پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سینئر وکلا لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجا کو پُرامن احتجاج کا آئینی حق استعمال کرنے پر گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

کور کمیٹی تحریک انصاف نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ چھین کر ملک پر زبردستی قابض ہونے والے غیر آئینی حکمران اپنا جعلی اقتدار بچانے کے لیے لاقانونیت ، نا انصافی اور ظلم و جبر کی بدترین مثال قائم کر رہے ہیں۔

شائع 11 مارچ 2024 08:14pm

تحریک انصاف کا حالیہ گرفتاریوں کیخلاف قومی اسمبلی میں احتجاج کا فیصلہ

8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کےخلاف احتجاج کے دوران رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ عید کے بعد زور دار تحریک چلےگی، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی (ف)، جماعت اسلامی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) بھی نکلےگی۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ارکان اسمبلی اپنی گرفتاریوں کے خلاف تحاریک استحقاق بھی اسمبلیوں میں جمع کرائیں گے، کل قومی اسمبلی کےاجلاس میں گرفتاریوں کا معاملہ اٹھائیں گے، آئی جی پنجاب اور دیگر حکام کےخلاف تحریک استحقاق لائی جائےگی۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ پنجاب میں حکومت کس کی ہے، صرف پنجاب پولیس پی ٹی آئی پریلغار کیوں کررہی ہے، اسلام آباد ،خیبر پختونخوا، سندھ بلوچستان میں پولیس کی ایسی یلغار نہیں ہوئی۔

مکمل خبر پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

شائع 11 مارچ 2024 08:04pm

کابینہ کے قلمدانوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا، عطا تارڑ

نومنتخب وفاقی کابینہ کے رکن عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی وزرا کے قلمدانوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

حلف اٹھانے کے بعد اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم آج کابینہ کے ارکان سے خطاب بھی کریں گے۔

شائع 11 مارچ 2024 05:50pm

تحریک انصاف کا حالیہ گرفتاریوں کیخلاف قومی اسمبلی میں احتجاج کا فیصلہ

8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کےخلاف احتجاج کے دوران رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

تحریک انصاف نے کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں گرفتاریوں کامعاملہ اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ عید کے بعد زور دار تحریک چلےگی، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی (ف)، جماعت اسلامی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) بھی نکلےگی۔

انہوں نے کہا کہ گرفتارارکان اسمبلی اپنی گرفتاریوں کے خلاف تحاریک استحقاق بھی اسمبلیوں میں جمع کرائیں گے، کل قومی اسمبلی کےاجلاس میں گرفتاریوں کا معاملہ اٹھائیں گے، آئی جی پنجاب اوردیگرحکام کےخلاف تحریک استحقاق لائی جائےگی۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ پنجاب میں حکومت کس کی ہے، صرف پنجاب پولیس پی ٹی آئی پریلغار کیوں کررہی ہے، اسلام آباد ،خیبر پختونخوا، سندھ بلوچستان میں پولیس کی ایسی یلغار نہیں ہوئی۔

شائع 11 مارچ 2024 05:38pm

کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزرا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزرا کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

13 ارکان قومی اسمبلی اور 2 سینیٹرز کو وفاقی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ 3 غیر منتخب افراد کو بھی وفاقی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

غیر منتخب ارکان میں محمد اورنگزیب، محسن نقوی اور احد چیمہ شامل ہیں۔