دہشت گردی کا الزام: جئے سندھ متحدہ محاذ کے کارکن گرفتار
حیدرآباد: سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عرفان علی بلوچ کا کہنا ہے کہ سندھ قوم پرست جماعت کے دو کارکنوں کو ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' سے تعلق اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کارروائیوں میں ملوث ہونے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس عہدیدار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ گرفتار کیے جانے والوں میں نور حسین بھاچو اور مسرور تھیبو شامل ہیں، جن سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'گرفتار ہونے والے ملزمان کو ہندوستان کی جانب سے اقتصادی راہداری منصوبے کو کمزور کرنے کیلئے امداد دی جارہی تھی اور ان کا ساتھی عبدالرحمٰن پیرزادہ پولیس کے چھاپے کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا'۔
ایس ایس پی عرفان علی بلوچ نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق سندھ کی قوم پرست جماعت 'جئے سندھ متحدہ محاذ' سے ہے، ان کے قبضے سے ایک پسٹل اور 7 گرینیڈ بھی برآمد ہوئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق پولیس نے دونوں ملزمان کو سندھ کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران گرفتار کیا تھا۔
دوسری جانب پولیس کے دعوے کے حوالے سے جئے سندھ قومی محاذ (بشیر) جسقم بی کے سینئر رہنما ڈاکٹر نیاز کھالانی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے گرفتار کیے جانے والے نور حسین بھاچو ان کی جماعت کے حیدرآباد میں موجودہ جنرل سیکریٹری اور مسرور تھبو بھی ایک سینئر پارٹی کارکن ہیں۔
انھوں نے کسی تنظیم کا نام لیے بغیر کہا کہ 'ہم نے یوم آزادی کی تقریبات نہ تو منائی تھیں اور نہ ہی ان کا بائیکاٹ کیا تھا اور ہم ان کے سیاست کے طریقے سے اتفاق نہیں کرتے'۔
پولیس نے جسقم کے عہدیدار کے مذکورہ دعوے کو مسترد کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق جئے سندھ متحدہ محاذ سے نہیں اور وہ ان کے کارکن ہیں۔
جسقم عہدیدار کے دعوے پر ڈان ڈاٹ کام سے فون پر بات چیت کے دوران ایس ایس پی عرفان علی بلوچ کا کہنا تھا کہ جو لوگ جئے سندھ متحدہ محاذ کیلئے کام کررہے ہیں وہ تمام لوگ جسقم سمیت دیگر گروپوں کا بھی حصہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان پولیس کو ان ملزمان تک رسائی میں مدد فراہم کرسکتے ہیں، جو لاڑکانہ میں رینجرز پر حملے میں ملوث ہیں، جس میں ایک اہلکار ہلاک ہوگیا تھا۔
پولیس عہدیدار نے بتایا کہ 'جئے سندھ متحدہ محاذ نے اپنی ریلی کے دوران 'گو چائینا گو' کے نعرے لگائے تھے۔
ایس ایس پی بلوچ کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گذشتہ دنوں شیخ عبدالوہاب فلائی اوور کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں ملوث ہیں، جس میں 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔











لائیو ٹی وی