موبائل ورلڈ کانگریس میں پیش کی گئی بہترین ڈیوائسز

موبائل ورلڈ کانگریس میں پیش کی گئی بہترین ڈیوائسز



گزشتہ دنوں موبائل فونز کی دنیا کی سب سے بڑی سالانہ نمائش موبائل ورلڈ کانگریس کا انعقاد اسپین کے شہر بارسلونا میں ہوا۔

اس نمائش میں نئی سوچ کے ساتھ پرانے فونز کو ایک بار پھر واپس لایا گیا۔

اس نمائش میں کیا بڑے اعلانات ہوئے وہ درج ذیل ہیں۔

بلیک بیری کی ون

فوٹو بشکریہ بلیک بیری
فوٹو بشکریہ بلیک بیری

بلیک بیری وہ کمپنی ہے جس نے گزشتہ سال اسمارٹ فونز نہ بنانے کا اعلان کیا تھا، مگر اس نمائش میں اس کی واپسی بلیک بیری کی ون کے ذریعے ہوئی، درحقیقت یہ فون کینیڈین کمپنی کی بجائے چینی کمپنی ٹی سی ایل نے تیار کیا ہے، تاہم اس میں فزیکل کی بورڈ سمیت وہ تمام فیچرز رکھے گئے جو کہ بلیک بیری فونز کو دیگر سے مختلف بناتے ہیں۔

ایل جی جی سکس

فوٹو بشکریہ ایل جی
فوٹو بشکریہ ایل جی

ایل جی کا یہ فون اپنی طرز کا منفرد فون ہے کیونکہ اس کی 5.7 انچ کی اسکرین 5.2 باڈی میں دی گئی ہے جو دیکھنے میں متاثر کن ہے اور بڑی اسکرین والے فونز کے مقابلے میں چھوٹی لگتی ہے۔ 2880x1440 پکسل والی اسکرین گوریلا گلاس شیل کے ساتھ ہے جس میں غیر معمولی 18:9 ریشو ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ کواڈ ڈی اے سی سسٹم گزشتہ سال کے ایل جی وی 20 جیسا ہے۔اس میں ایل جی نے 13 میگاپکسل کے ڈوئل کیمرے کو بیک پر دیا ہے جسے جی فائیو کے مقابلے میں زیادہ پتلا بنایا گیا ہے جبکہ موڈیولر ماڈل کو خیرباد کہہ دیا گیا ہے اور فرنٹ پر پانچ میگا پکسل سیلفی کیمرہ ہے۔

سونی ایکسپیریا ٹچ پراجیکٹر

فوٹو بشکریہ سونی
فوٹو بشکریہ سونی

یہ سونی کا ایک منفرد پراجیکٹر ہے جو کہ کسی بھی جگہ کو ٹچ اسکرین ٹیکنالوجی سے لیس کردیتا ہے۔ اس پراجیکٹر سے 23 انچ کا ڈسپلے نکلتا ہے جو کسی میز یا دیوار کو ٹچ اسکرین بنا دیتا ہے اور صارفین اسے کسی فون یا لیپ ٹاپ کی طرح استعمال کرسکتے ہیں، اس میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے جبکہ اس کی قیمت 1499 یورو رکھی گئی ہے۔

سونی ایکسپیریا ایئر

فوٹو بشکریہ سونی
فوٹو بشکریہ سونی

یہ سونی کی سب کی توجہ حاصل کرنے والی ڈیوائس ہے جو کہ درحقیقت کان میں فٹ آجانے والا اسپیکر ہے جسے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ کان کے باہری حصے میں بیٹھ جائے اور آپ موسیقی کے ساتھ ساتھ باہری دنیا کی آوازیں بھی سن سکیں۔

سونی ایکسپیریا ایکس زی

فوٹو بشکریہ سونی
فوٹو بشکریہ سونی

یہ دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں 4 کے ایچ ڈی آر اسکرین کو شامل کیا گیا ہے، تاہم صرف ڈسپلے ہی لوگوں کی توجہ حاصل کرنے والا واحد فیچر نہیں بلکہ کمپنی نے اسے دنیا کی سب سے 'بہترین اسمارٹ فون کیمرے' والی ڈیوائس بھی قرار دیا ہے۔ یہ کیمرہ 960 فریم فی سیکنڈ کی رفتار سے سلو موشن ویڈیو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جسے موشن آئی ٹیکنالوجی کا نام دیا گیا ہے۔

موٹو جی فائیو اور جی فائیو پلس

فوٹو بشکریہ موٹرولا
فوٹو بشکریہ موٹرولا

ان کم قیمت بجٹ کے حامل فونز میں فلیگ شپ فونز کے فیچرز دیئے گئے ہیں، موٹو جی فائیو 5 انچ ایل سی ڈی ڈسپلے کے ساتھ ہے جبکہ جی فائیو 5.2 انچ اسکرین کا فون ہے اور دونوں میں فل ایچ ڈی 1080p ڈسپلے دیا گیا ہے۔ میٹل ڈیزائن والے جی فائیو میں اسنیپ ڈراگون 430 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ جی فائیو پلس میں اسنیپ ڈراگون 625 پراسیسر ہے۔

گوگل اسسٹنٹ

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل کا وائس اسسٹنٹ جو گزشتہ سال اس کمپنی نے اپنے پکسل فون کے لیے متعارف کرایا تھا، اب دیگر اینڈرائیڈ فونز کے لیے بھی متعارف کرا دیا گیا۔

ہیواوے پی ٹین

فوٹو بشکریہ ہیواوے
فوٹو بشکریہ ہیواوے

قیمت کے لحاظ سے بھی یہ سام سنگ کی گلیکسی ایس سیریز اور آئی فون سے کافی سستا ہے جبکہ فیچرز کے لحاظ سے ان کی ٹکر کا ہے۔ آسان الفاظ میں جو لوگ آئی فون یا سام سنگ کے گلیکسی ایس سیون یا ایٹ کو نہیں خرید سکتے، یہ فون اپنے فیچرز کے لحاظ سے ان سے کم نہیں جبکہ اس کی قیمت ہزاروں روپے کم ہوگی۔ ہیواوے پی 10 میں فل ایچ ڈی 5.2 انچ جبکہ پی ٹین پلس 5.5 انچ ٹو کے اسکرین کے ساتھ ہے جو کہ لگ بھگ دھنک کے جتنے رنگوں میں دستیاب ہوگا۔

سام سنگ ٹیبلٹس

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

گلیکسی ایس 8 کے لیے تو صارفین کو مارچ کے آخر تک انتظار کرنا ہوگا مگر جنوبی کورین کمپنی نے گلیکسی ٹیب ایس تھری اور گلیکسی بک ٹیبلٹس ضرور ایونٹ کے دوران پیش کیے۔ گلیکسی ٹیب ایس تھری 2048x1536 ڈسپلے کی ایچ ڈی آر پلے بیک ڈیوائس ہے جو کہ براہ راست ایپل کے آئی پیڈ پرو کے مقابلے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

نوکیا 3310

فوٹو بشکریہ نوکیا
فوٹو بشکریہ نوکیا

نوکیا نے آخرکار 3310 موبائل فون کو ایک بار پھر متعارف کرا دیا جو کہ پہلی مرتبہ سترہ سال قبل فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ اس مرتبہ اس کا ڈیزائن پہلے کے مقابلے میں مختلف ہے جبکہ اسکرین کو بھی کلر کردیا گیا ہے، اس میں 2 میگا پکسل ایل ای ڈی فلیش کیمرے کا اضافہ کیا گیا جبکہ 2.4 انچ کی اسکرین کے ساتھ اس کا نیا ڈیزائن پہلے کے مقابلے میں زیادہ خوبصورت ہے اور بات یہیں پر ختم نہیں ہوتی بلکہ اس میں مائیکرو یو ایس بی چارجنگ پورٹ، ہیڈ فون جیک، 16 ایم بی اسٹوریج جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ اسٹوریج سے 32 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے جبکہ بلیو ٹوتھ جیسے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں، تاہم وائی فائی اور جی پی ایس وغیرہ نہیں ہیں۔

نوکیا اینڈرائیڈ فونز

رائٹرز فوٹو
رائٹرز فوٹو

نوکیا نے کئی سال بعد عالمی مارکیٹ کے لیے تین نئے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز متعارف کرا دیئے۔ ان میں سے ایک تو نوکیا سکس ہے جو چند ہفتوں پہلے صرف چین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا تاہم اب اسے دنیا بھر میں فروخت کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ نوکیا 3 اور نوکیا 5 اسمارٹ فونز بھی فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا گیا۔

الکاٹیل اے فائیو ایل ای ڈی

فوٹو بشکریہ الکاٹیل
فوٹو بشکریہ الکاٹیل

موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران متعدد اسمارٹ فونز متعارف کرائے گئے مگر کوئی بھی لوگوں کو اپنی جانب اس طرح کھینچنے کی صلاحیت نہیں رکھتا جیسا الکاٹیل اے فائیو ایل ای ڈی۔جی ہاں یہ فون سب سے منفرد ہے کیونکہ اس کے بیک پر ایل ای ڈی لائٹس ہیں جو مختلف رنگوں میں جگمگاتی ہیں۔