2017 میں سب سے زیادہ کمانے والے ریسلر

2017 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے زیادہ کمانے والے ریسلر



ڈبلیو ڈبلیو ای کا سب سے بڑا سالانہ ایونٹ ریسل مینیا 33 اس اتوار کو ہورہا ہے اور ریسلنگ کے پرستار اس کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے علاقے اولینڈو میں ہونے والے اس ایونٹ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں اور اس موقع پر امریکی جریدے فوربس نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے زیادہ کمانے والے ریسلرز کی فہرست جاری کی ہے۔

اس فہرست میں دس ریسلر کی 2016 کی آمدنی کو شامل کرکے درجہ بندی کی گئی ہے۔

تو یہاں اس فہرست میں شامل ریسلرز کو ان کی آمدنی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

10۔ رینڈی اورٹن

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

دی وائپر کے نام سے معروف رینڈی اورٹن گزشتہ سال انجری کے باعث کافی عرصہ رنگ سے غائب رہے اور ان کی واپسی جولائی کے آخر میں ہوئی، مگر پھر بھی وہ سب سے زیادہ کمانے والے ریسلرز کی فہرست میں شامل ہونے میں کامیاب رہے، تاہم گزشتہ سال وہ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر تھے اور 19 لاکھ ڈالرز کے ساتھ 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

8۔ سیٹھ رولنز

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

گزشتہ سال ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق چیمپئن اس فہرست میں 24 لاکھ ڈالرز کے ساتھ پانچویں نمبر پر تھے مگر یہ بھی 2016 میں کافی عرصہ انجری کے باعث ایکشن سے دور رہے جس کے نتیجے میں ان کی آمدنی گھٹ کر 20 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئی اور یہ 8 ویں نمبر پر ایک اور ریسلر کے ساتھ پوزیشن شیئر کررہے ہیں۔

8۔ انڈر ٹیکر

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

بیس لاکھ ڈالرز کما کر انڈر ٹیکر (مارک کالوے) اس فہرست میں سیٹھ رولنز کے ساتھ مشترکہ طو رپر 8 ویں نمبر پر موجود ہیں، طویل عرصے سے ریسلنگ میں سرگرم اس ریسلر کو لیجنڈ قرار دیا جاتا ہے جس کی کامیابیوں کی شرح حیران کن حد تک بہت زیادہ ہے اور اب وہ بہت کم ایونٹس میں رنگ کے اندر نظر آتے ہیں، بلکہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ریسل مینیا 33 میں رومن رینز سے ان کا مقابلہ کیرئیر کا آخری میچ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

7۔ شین میکموہن

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

گزشتہ سال فروری میں ڈبلیو ڈبلیو ای چیئرمین ونس میکموہن کے بیٹے کی کمپنی میں چھ سال بعد واپسی ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے ریسل مینیا 32 میں انڈر ٹیکر سے مقابلہ کیا جبکہ اب اسمیک ڈاﺅن کے کمشنر کے عہدے پر کام کررہے ہیں، وہ 2016 میں 22 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے۔

6۔ اے جے اسٹائلز

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

گزشتہ سال جنوری میں اے جے اسٹائلز نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹ رائل رمبل سے اس کمپنی میں ڈیبیو کیا، جس کے بعد سے وہ مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک بن چکے ہیں، گزشتہ سال چیمپئن رہنے والے اے جے اسٹائلز 24 لاکھ ڈالرز کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔

5۔ ڈین امبروز

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

گزشتہ سال ڈین امبروز اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر تھے اور ان کی آمدنی گیارہ لاکھ ڈالرز تھی، مگر 2016 ان کے کیرئیر کے لیے بہت اچھا سال ثابت ہوا جنھوں نے گزشتہ سال 194 ایونٹس میں شرکت کی جبکہ پہلی بار چیمپئن شپ بھی جیتی، وہ 27 لاکھ ڈالرز کی آمدنی کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔

4۔ رومن رینز

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

رومن رینز اتوار کو انڈر ٹیکر سے مقابلہ کرنے والے ہیں اور ڈبلیو ڈبلیو ای ان کو جان سینا کی جگہ لینے کے تیار کررہی ہے، یہی وجہ ہے کہ 2015 میں اگر ان کی آمدنی 21 لاکھ ڈالرز تھی تو 2016 میں 35 لاکھ ڈالرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال وہ چھٹے نمبر پر تھے۔

3۔ ٹرپل ایچ

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ٹرپل ایچ اب ریسلنگ رنگ میں تو بہت کم نظر آتے ہیں، ان کی اصل آمدنی ایگزیکٹو نائب صدر اور دیگر عہدوں کی وجہ سے ہے جس کی بدولت انہیں صرف تنخواہ کی مد میں لاکھوں ڈالرز ملتے ہیں جبکہ میچز میں شرکت کا معاوضہ الگ ہے، مجموعی طور پر وہ 38 لاکھ ڈالرز کما کر ٹاپ تھری میں شامل ہیں۔

2۔ جان سینا

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

جان سینا 2015 میں 95 لاکھ ڈالرز کما کر نمبرون تھے، مگر گزشتہ سال وہ انجری کے باعث کافی عرصے تک ایکشن سے دور رہے جبکہ فلموں میں کام کرنے کے باعث بھی وہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے دور ہورہے ہیں، تاہم اب بھی مرچنڈائز سیل اور میچز کی بدولت وہ 80 لاکھ ڈالرز کما کر دوسرے سب سے زیادہ کمانے والے ریسلر قرار پائے ہیں۔

1۔ بروک لیسنر

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

دلچسپ بات یہ ہے کہ بروک لیسنر ڈبلیو ڈبلیو ای کے شوز اور ایونٹس میں بہت کم شریک ہوتے ہیں مگر پھر بھی اس وقت رومن رینز اور جان سینا کے ساتھ مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک ہیں، 2015 میں 60 لاکھ ڈالرز کما کر اس فہرست میں دوسرے نمبر پر تھے مگر 2016 میں ان کی آمدنی دوگنا بڑھ گئی اور وہ ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالرز (ایک ارب 25 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کے ساتھ سب سے زیادہ کمانے والے ریسلر کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ بروک لیسنر ایک زمانے میں بہت زیادہ غریب تھے اور دولت کمانے کے لیے ہر کام کرنے کے تیار رہتے تھے۔ان کے منیجر پال ہے مین کے مطابق بروک لیسنر 'اس زمانے میں وہ اتنے میچز کا حصہ بن رہا تھا کہ ہر رات مرنے کے قریب پہنچ جاتا تھا جس کی وجہ جذباتی اور نفسیاتی دباﺅ تھا اور 23 ، 24 سال کی عمر ہونے کے باعث زیادہ شعور بھی نہیں تھا'۔