Dawnnews Television Logo

پرانی موٹرسائیکل کو نئی جیسی رکھنے کے 8 آسان طریقے

ان آسان طریقوں سے آپ اپنی موٹر سائیکل کو نہ صرف آرام دہ بنائے رکھ سکتے ہیں بلکہ اس کی ری سیل بھی مناسب رہے گی۔
اپ ڈیٹ 27 مئ 2017 12:21pm

موٹرسائیکل پاکستان میں نقل و حمل کے لیے سب سے مقبول سواری ہے اور اس پر سفر کرنا کافی سستا بھی پڑتا ہے۔

بڑے شہروں میں، جہاں پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم موجودگی یا ناکافی سہولیات کی وجہ سے ٹریفک جام میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، وہاں موٹرسائیکل بہت زیادہ ٹریفک میں بھی تیزی اور آسانی سے ایک سے دوسری جگہ پہنچا دیتی ہیں.

اس کے علاوہ ان کے اوپر ہونے والے اخراجات اور مرمت وغیرہ کسی گاڑی کے مقابلے میں بہت کم ہوتے ہیں۔

مگر ہر موٹرسائیکل کو خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ اسے ہر ممکن بہترین حالت میں رکھا جاسکے۔ موٹر سائیکل کی اچھی دیکھ بھال نہ صرف اسے ہموار طریقے سے دوڑنے میں مدد دیتی ہے بلکہ اگر بعد میں اسے فروخت کرنے کی ضرورت پڑ جائے، تو اس کی اچھی قیمت بھی ملتی ہے۔

یہاں موٹرسائیکل کی دیکھ بھال کی ایسی ہی ٹپس بتائی جارہی ہیں جو کہ اسے صحت مند رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

انجن آئل کا خیال

سب سے پہلے تو اس بات کو ذہن میں بٹھا لیں کہ انجن آئل یا گیئر آئل کو بدلنا معمول بنا لینا چاہیے جو کہ انجن اور گیئرز کو چکنا یا ہموار رکھتا ہے بلکہ انجن کا درجہءِ حرارت بھی قابو میں رکھتا ہے۔

انجن آئل کو نہ بدلنا انجن کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتا ہے جس کا احساس جلد نہیں ہوتا۔ موٹرسائیکل کے مینوئیل میں عام طور پر بتایا جاتا ہے کہ کب اس آئل کو بدلنا چاہیے تاہم ایسا نہیں تو پاکستان کی گرمیوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تقریباً ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار کلومیٹر (اس کا انحصار موٹرسائیکل کے ماڈل اور ڈالے جانے والے آئل پر ہے) چلنے کے بعد انجن آئل بدلنا چاہیے۔

یہ بات یاد رکھیں کہ گرمیوں کے دوران موٹرسائیکل میں اس آئل کا زیادہ استعمال ہوتا ہے جبکہ سردیوں میں یہ کچھ زیادہ چلتا ہے۔ یعنی اگر آپ سردیوں میں ڈیڑھ ہزار کلومیٹر پر آئل تبدیل کروا رہے ہیں، تو گرمیوں میں آپ کو ایک ہزار سے 1200 کلومیٹر چلنے کے بعد آئل ضرور تبدیل کروا لینا چاہیے۔

انجن آئل کی تبدیلی کی ضرورت موٹرسائیکل کی عمر اور ٹائپ کے مطابق ہوتی ہے، زیادہ جدید انجن اس حوالے سے باکفایت ہوتے ہیں اور ان میں زیادہ عرصے تک آئل بدلنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

آئل کی تبدیلی کی ضرورت کب ہے، یہ جاننے کے لیے انجن کے دائیں جانب کک کے پاس موجود ڈھکن کھولیں، اور دیکھیں کہ آئل کی رنگت اور چکناہٹ کتنی ہے۔ اگر آئل بالکل پتلا ہوچکا ہے، اور رنگت تیز سیاہ ہو گئی ہے تو آئل کو پہلی فرصت میں بدلیں۔ صاف اور نیا آئل پیلے رنگ کا ہوتا ہے اور اگر اس کی رنگت ہلکی بھوری یا تیز بھوری ہے، تو ابھی یہ کچھ دن اور چل سکتا ہے۔

انجن آئل گھر پر تبدیل کرنا نہایت آسان ہے اور اس میں بمشکل پانچ منٹ لگتے ہیں۔— فوٹو ShutterStock
انجن آئل گھر پر تبدیل کرنا نہایت آسان ہے اور اس میں بمشکل پانچ منٹ لگتے ہیں۔— فوٹو ShutterStock

اسپارک پلگ کا خیال

اسپارک پلگ ایک چنگاری کے ذریعے پیٹرول کو جلانا شروع کرتا ہے اور اسے موٹرسائیکل مینوئل کے شیڈول کے مطابق بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے یا جب کسی مسئلے کا شبہ ہو۔ یہ انتہائی ضروری ہے کہ موٹرسائیکل کے ماڈل سے مطابقت رکھنے والے اسپارک پلگ کا استعمال کیا جائے۔ اگر مینوئل میں کسی خاص قسم کے پلگ کا مشورہ دیا گیا ہے تو وہ لگایا جانا چاہیے۔

اگر آپ کی بائیک کا پلگ ٹھیک کام نہیں کر رہا تو اس کی وجہ سے نہ صرف پیٹرول کی کھپت زیادہ بڑھ جائے گی بلکہ چلنے کے دوران یہ گھٹ بھی سکتی ہے جس سے آپ کو کوفت کا سامنا ہوگا۔ اس کے علاوہ اگر اسپارک پلگ میں پانی پڑ گیا ہے، تو آپ کی بائیک کو اسٹارٹ ہونے میں دقت ہوگی۔ ایسی صورت میں بائیک اسٹارٹ ہونے کی امید میں کک مارتے رہنے کے بجائے پلگ پانے کے ذریعے پلگ کھولیں، اسے خشک کپڑے سے صاف کریں، اور واپس اپنی جگہ فٹ کر دیں۔ اس کے بعد اس کا ڈھکن بھی پھونک مار کر صاف کر لیں۔

عام طور پر آٹھ سے بارہ ہزار کلومیٹر چل جانے کے بعد بائیک کے پلگ کو چیک کر لینا چاہیے اور مکینک سے مشورے کے بعد تبدیل کروا لینا چاہیے۔

تھوڑے سا پیٹرول استعمال کر کے اسپارک پلگ کو صاف کیا جا سکتا ہے۔— فوٹو ShutterStock
تھوڑے سا پیٹرول استعمال کر کے اسپارک پلگ کو صاف کیا جا سکتا ہے۔— فوٹو ShutterStock

موٹرسائیکل کی چین کا خیال

یہ چین پچھلے پہیے کو گھومنے میں مدد دیتی ہے اور اس کا خیال رکھنا ضروری ہے جس کے لیے اسے چکنا رکھنا ہوتا ہے۔ اگر اس کا خیال رکھا جائے تو یہ چین بہت لمبے عرصے تک (20 سے 25 ہزار کلومیٹر) چلتی ہے۔ تاہم اگر اس پر نظر نہ رکھی جائے تو اضافی حرارت اور دیگر عوامل اسے نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

چین کے سوراخوں میں جمع ہونے والا مواد اسے ڈھیلا کردیتا ہے اور وہ گراریوں سے نکل سکتی ہے اور یہ تیز رفتار پر چلتی ہوئی موٹرسائیکل کے لیے خطرناک بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ چین کو ٹائٹ رکھنے کا طریقہ کار تفصیل سے موٹرسائیکل کے مینوئل میں درج ہوتا ہے مگر یہ یاد رکھیں کہ بہت زیادہ ٹائٹ کرنا ڈھیلے ہونے کے مقابلے میں زیادہ بدتر ثابت ہوسکتا ہے۔

ایک اہم بات: چین موٹرسائیکل کے ان پرزوں میں سے ہے جن کا خیال نہ رکھے جانے پر یہ حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ اگر آپ کی موٹرسائیکل ہر ماہ ایک ہزار کلومیٹر تک چلتی ہے، تو آپ کو تقریباً دو سال میں ایک دفعہ اس کا مکمل معائنہ کر لینا چاہیے۔ اگر پچھلے ٹائر کی وہ گراریاں جن میں چین بیٹھتی ہے، بہت نوکیلی ہو چکی ہیں تو آپ کو چین سیٹ تبدیل کروا لینا چاہیے۔

یہ بات یاد رکھیے کہ چین کے معاملے میں کبھی بھی دو چار سو روپے بچانے کا نہ سوچیے، کیوں کہ غیر معیاری چین اچانک ٹوٹ سکتی ہے اور اگر ایسا تیز رفتار موٹرسائیکل پر ہو تو رائیڈر کو انتہائی خطرناک چوٹیں لگ سکتی ہیں۔

ویسے موٹرسائیکل کے معمول کے چیک اپ کے دوران بھی مکینیک سے چین کی حالت دیکھنے کے بارے میں کہا جاسکتا ہے جو بتا سکتا ہے کہ اسے بدل دیا جائے یا اسے کتنا ٹائٹ کرنا ہے وغیرہ۔

موٹرسائیکل کی چین کو باقاعدگی سے صاف کر کے اسے صاف تیل لگانا اس کی عمر بڑھا سکتا ہے۔— فوٹو ShutterStock
موٹرسائیکل کی چین کو باقاعدگی سے صاف کر کے اسے صاف تیل لگانا اس کی عمر بڑھا سکتا ہے۔— فوٹو ShutterStock

موٹرسائیکل کی صفائی

موٹرسائیکل کی صفائی کا خیال رکھنا بھی اس کی مینٹیننس کا حصہ ہے۔ اسے دھول مٹی سے صاف رکھنا نہ صرف اسے خوبصورت رکھتا ہے بلکہ اس کے دیگر فوائد بھی ہیں۔ صاف ستھری موٹرسائیکل زنگ سے محفوظ رہتی ہے جس سے اسے دوبارہ فروخت کرنے پر اچھی قیمت ملتی ہے۔ یہ موٹرسائیکل کی لمبی زندگی کی کنجی بھی ہے۔ صفائی کے دوران نکل جانے والے یا ڈھیلے نٹ بولٹس کے بارے میں جاننا بھی آسان ہوجاتا ہے۔

بارشوں کے موسم میں اپنی موٹرسائیکل کو زنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے اس پر انجن آئل یا گریس کی ایک باریک تہہ ضرور لگائیے۔ خاص طور پر ایسا انجن، پلگ کے آس پاس، ٹائروں کے رِم اور چین کے لیے ضرور کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ جب بھی اپنی موٹرسائیکل کی سروس کروائیں، تو اس کے بعد سروس اسٹیشن سے کہہ کر اس پر ڈیزل کا چھڑکاؤ ضرور کروائیں، جس سے نہ صرف اس کی چمک میں اضافہ ہوگا، بلکہ یہ زنگ سے بھی محفوظ رہے گی۔

یاد رکھیں کہ موٹرسائیکل کی سروس کرواتے وقت پانی کو موٹرسائیکل کی وائرنگ، بیٹری اور پلگ پر نہیں مارنا ہے ورنہ یہ چیزیں خراب ہو سکتی ہیں۔

ایک پرانا ٹوتھ برش بائیک کی صفائی میں کافی کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ دھونے کے بعد بائیک کو خشک کپڑے سے ضرور پونچھیں۔— فوٹو ShutterStock
ایک پرانا ٹوتھ برش بائیک کی صفائی میں کافی کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ دھونے کے بعد بائیک کو خشک کپڑے سے ضرور پونچھیں۔— فوٹو ShutterStock

ٹائروں کا باقاعدگی سے معائنہ

ہفتے میں ایک بار ٹائروں کو چیک کرنا بھی اچھی عادت ہے، آپ کو اس وقت ٹائروں کو بدل دینا چاہیے جب ان پر موجود ڈیزائن گھس جائیں اور آپ کے ٹائر کی سطح ہموار ہوجائے، کیوں کہ ایسی صورت میں یہ بار بار پنکچر ہوں گے، جن کا خرچہ نئے ٹائر کے خرچے سے کہیں زیادہ ہوگا۔

ٹائروں کو چیک کرتے ہوئے پریشر دیکھیں جبکہ سفر سے پہلے ٹائروں کی لکیروں کو چیک کریں اور یقینی بنائیں کہ اس میں کسی قسم کے کریک، سوراخ یا کوئی چیز پھنسی ہوئی نہ ہو جو آپ کے لیے خطرناک ثابت ہوسکے۔

موسم اور سڑکوں کی حالت بھی ٹائروں پر اثرانداز ہوتی ہے جسے آپ کو دیکھنا چاہیے۔ جب ٹائر کی حالت خستہ ہوجائے تو اسے بدلنے میں تاخیر نہ کریں ورنہ تیز رفتار موٹرسائیکل کا ٹائر پنکچر یا برسٹ ہونے کی صورت میں جان لیوا حادثہ بھی ہوسکتا ہے۔

اگر ٹائروں میں زیادہ ہوا بھری ہو تو روڈ گرپ کمزور ہوجاتی ہے جبکہ کم ہوا ہونے کی صورت میں ٹائر بریک لگانے کے دوران خود کو مستحکم نہیں رکھ پاتے اور انہیں سنبھالنا کافی مشکل ہوسکتا ہے۔

اور ہاں ٹائروں کا پریشر چیک اس وقت کریں جب وہ گرم نہ ہوں، صرف تب ہی صحیح طرح چیک کرنا ممکن ہوتا ہے۔

پاکستان میں یہ کام عموماً اندازے سے کیا جاتا ہے لیکن اسے پریشر گیج سے چیک کرنا چاہیے۔— فوٹو ShutterStock
پاکستان میں یہ کام عموماً اندازے سے کیا جاتا ہے لیکن اسے پریشر گیج سے چیک کرنا چاہیے۔— فوٹو ShutterStock

ایئر فلٹر کی صفائی

اگر آپ اپنی موٹرسائیکل کو صحت مند رکھنا چاہتے ہیں تو ایئر فلٹر کو ہر چار سے پانچ ہزار کلومیٹر کے بعد تبدیل کرنا ضروری ہے۔ یہ فلٹر مٹی کو انجن میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔

اگر آپ ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں گلیوں میں دھول مٹی بہت زیادہ ہوتی ہے تو آپ کو ایئر فلٹر باقاعدگی سے صاف کرنا چاہیے۔ اگر ارد گرد کا ماحول صاف ہے تو اس صفائی کی ضرورت کم ہوتی ہے تاہم پھر بھی بہتر ہے کہ اسے ایک وقت کے بعد صاف کردیا جائے، اور چند ماہ بعد تبدیل کر دیا جائے۔

ایئر فلٹر کا خیال نہ رکھنے سے آپ کے انجن میں زیادہ مٹی جائے گی، اور نتیجتاً آپ کی گاڑی کا آئل بھی جلدی خراب ہوگا، اور آپ کے انجن کی کارکردگی متاثر ہوگی۔

بیٹری، وائرنگ اور سی ڈی آئی کا خیال

عام طور پر موٹرسائیکل کی بیٹری کی زندگی کی مدت دو سال ہوتی ہے جس کے بعد اسے بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم آپ ایسا مکینک کے جائزے کے بعد ہی کریں اور یاد رکھیں کہ سردیوں کے موسم میں بیٹری کو ری چارج اکثر کریں تاکہ نمی اسے متاثر نہ کرسکے۔

اس کے خالی ہونے سے قبل اکثر چارج کرنا بھی بیٹری لائف کو بڑھانے کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔ اگر آپ اپنی بیٹری کی چارجنگ کا خیال نہیں رکھیں گے تو لائٹ، ہارن، انڈیکیٹر وغیرہ صحیح طرح کام نہیں کریں گے۔ اس کے علاوہ غیر چارج شدہ بیٹری کے ساتھ، یا بغیر بیٹری کے بائیک چلانا آپ کی وائرنگ اور لائٹس کے لیے نقصان دہ ہے۔

اس کے علاوہ اپنی بائیک کو ہر ٹیوننگ کے موقع پر کسی الیکٹریشن سے ضرور چیک کروائیں۔ بسا اوقات وائرنگ خراب ہونے کی وجہ سے شارٹ سرکٹ ہوجاتا ہے، جس سے بائیک کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے اور آگ بھی لگ سکتی ہے۔

اس کے علاوہ زیادہ تر موٹر سائیکلوں میں کرنٹ فراہم کرنے کے لیے ایک سی ڈی آئی یونٹ ہوتا ہے۔ اگر یہ خراب ہوجائے تو آپ کی بائیک بند ہوجائے گی۔ اس پرزے پر بھی نظر رکھنی چاہیے۔

—ویڈیو: کامران نفیس

کلچ پلیٹوں کا خیال

کلچ پلیٹیں آپ کی بائیک کے کلچ کا اندرونی حصہ ہے جو گیئر تبدیلی میں مدد دیتا ہے۔ عام طور پر ان کی لائف بیس سے پچیس ہزار کلومیٹر تک ہوتی ہے پر اگر آپ کسی ایسے شہر میں رہتے ہیں جہاں ٹریفک جام بہت زیادہ ہوتے ہیں اور بار بار گیئر تبدیل کرنا پڑتا ہے، تو ہوسکتا ہے کہ آپ کو اس سے آدھے سفر پر ہی کلچ پلیٹیں تبدیل کروانی پڑیں۔

اس کے علاوہ اگر آپ بہت جارحانہ انداز میں بائیک چلاتے ہیں تو بھی کلچ پلیٹیں جلد متاثر ہو جاتی ہیں۔ عام طور پر کلچ پلیٹوں کی عمر تمام ہونے کا اندازہ آپ کو پک اپ میں کمی اور گیئر تبدیلی کے دوران آنے والی عجیب و غریب آوازوں اور غیر معمولی دباؤ سے ہو جائے گا۔ ایسا ہونے پر آپ اپنے مکینک سے رابطہ کر کے انہیں جلد از جلد تبدیل کروا لیجیے۔

اگر آپ کی بائیک کا پک اپ اچانک کم ہوگیا ہے تو اس کی ایک وجہ کلچ پلیٹوں کا گھسنا ہو سکتی ہے۔ انہیں فوری طور پر چیک کروائیں۔— فوٹو ShutterStock
اگر آپ کی بائیک کا پک اپ اچانک کم ہوگیا ہے تو اس کی ایک وجہ کلچ پلیٹوں کا گھسنا ہو سکتی ہے۔ انہیں فوری طور پر چیک کروائیں۔— فوٹو ShutterStock