شائع May 9, 2017 اپ ڈیٹ May 9, 2017 06:46pm

دماغی صحت کے لیے بہترین غذائیں



ہم ہمیشہ ہی دل کی صحت کی بات کرتے یا سنتے ہیں مگر دماغی صحت کے بارے میں کیا خیال ہے؟

ہمارے دماغ کو بھی بہت زیادہ توجہ اور درست غذا کے ذریعے اس کی صحت کا خیال رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ واضح طور پر سوچنے، توجہ مرکوز کرنے، توانائی حاصل کرنے اور ہرممکن حد تک بہتر کام کرنے کے قابل ہوسکے۔

اس دور میں جب دنیا بھر میں دماغی امراض جیسے الزائمر اور ڈیمینشیا کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے تو ہمیں نوجوانی سے ہی دماغ کے لیے صحت مند غذاﺅں کے انتخاب پر غور کرنا چاہیئے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دماغ کے لیے کیسی غذا بہترین ہوتی ہے؟ اگر نہیں تو ذیل میں دی گئی غذاﺅں کا استعمال بڑھا کر آپ دماغی صحت کو بہتر بناسکتے ہیں۔

سبز سبزیاں

شٹراسٹاک فوٹو
شٹراسٹاک فوٹو

سبز سبزیاں مجموعی صحت کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوتی ہیں، ان میں اینٹی آکسائیڈنٹس، فائبر، لاتعداد وٹامنز اور نیوٹریشنز سمیت دیگر فائدہ مند اجزاء شامل ہوتے ہیں۔ ایسی سبزیوں میں آپ کے پاس انتخاب کے لیے پالک، ساگ اور ایسی ہی دیگر سبزیاں موجود ہیں۔ ضروری نہیں کہ روز انہیں کھایا جائے تاہم ہفتے میں ایک بار ضرور آپ کی غذا میں انہیں شامل ہونا چاہیئے۔

اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے منہ نہ موڑیں

شٹر اسٹاک فوٹو
شٹر اسٹاک فوٹو

اومیگا تھری فیٹی ایسڈز دماغی صحت اور طاقت بڑھانے کے لیے قدرت کی جانب سے دیئے جانے والے بہترین اجزاء میں سے ایک ہے۔ اگر آپ ہر عمر میں اپنے دماغی افعال کو بہترین رکھنا چاہتے ہیں تو یہ آپ کی غذا کا لازمی حصہ ہونا چاہیئے۔ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی ایک قسم ڈی ایچ اے یاداشت کو بہتر بنانے کے لیے بہت زیادہ ضروری ہوتی ہے اور اس کے لیے آپ کو مچھلی کو اپنی غذا کا حصہ بنانا ہوتا ہے، جبکہ مچھلی کا تیل بھی ایک بہترین متبادل ثابت ہوتا ہے۔ ہفتے میں دو بار ڈی ایچ اے کا استعمال دماغی صحت کے لیے بہترین قرار دیا جاتا ہے۔

بیریز اور چیری کا مزہ لیں

شٹر اسٹاک فوٹو
شٹر اسٹاک فوٹو

اسٹرابری ہو یا بلیک بیری، بلیو بیری یا رس بیری، یہ سب اینتھوسیان اور دیگر فلیونوئیڈز کے حصول کا اچھا ذریعہ ثابت ہوتے ہیں جو کہ صحت مند دماغ کی تشکیل میں مدد دیتے ہیں۔ یہ پھل تازہ، منجمند یا خشک کسی بھی حالت میں استعمال کیا جائے یہ دماغی صحت کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔

اخروٹ کو بھی یاد رکھیں

شٹر اسٹاک فوٹو
شٹر اسٹاک فوٹو

اخروٹ ایسا خشک میوہ ہے جسے روزانہ بھی استعمال کیا جائے تو کوئی برائی نہیں، اخروٹ نباتاتی اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، قدرتی فائٹو سٹیرول اور اینٹی آکسائیڈنٹس کے حصول کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتے ہیں اور یہ سب دماغی افعال کو بہتر بناتے ہیں۔ روزانہ کچھ مقدار میں اس کا استعمال کرنا موٹاپے سمیت ذیابیطس اور دیگر امراض سے بھی تحفظ دیتا ہے۔

بیج یا چنے

شٹر اسٹاک فوٹو
شٹر اسٹاک فوٹو

کالے ہوں یا سفید چنے، میگنیشیئم کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں، جو دماغی خلیات کے ریسپیٹر کے لیے فائدہ مند جز ہے، یہ پیغامات کی ترسیل کی رفتار بڑھاتے ہیں، جبکہ خون کی شریانوں کو کھول کر دماغ تک خون کی زیادہ فراہمی میں بھی مدد دیتے ہیں۔

ہلدی

شٹر اسٹاک فوٹو
شٹر اسٹاک فوٹو

یہ مصالحہ پاکستان بھر میں کھانوں کے لیے عام استعمال ہوتا ہے جو کہ سوجن سے تحفظ دینے والے اینٹی آکسائیڈنٹ سے بھرپور ہوتا ہے، ہلدی دماغ کو ایسے نقصان دہ اجزاء یا destructive beta amyloids کی سطح بڑھنے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے جو الزائمر جیسے مرض کا باعث بنتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ یاداشت میں بہترین اور نئے دماغی خلیات کی تشکیل میں بھی اضافہ کرتی ہے۔