اس عید الفطر سینما گھروں میں یہ پاکستانی فلمیں دیکھیں

عید پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں


عید پر لوگ ایک دوسرے سے ملنے اور عیدی دینے کے ساتھ ساتھ خود کو محظوظ کرنے کے لیے سینما گھروں کا چکر بھی ضرور لگاتے ہیں۔

اس عید پر پاکستان کی 4 بڑی فلمیں سینما گھروں میں ریلیز ہونے جارہی ہیں، جن میں ’سات دن محبت ان‘، ’وجود‘، ’نہ بینڈ نہ براتی‘ اور ’آزادی‘ شامل ہیں۔

ان فلموں میں پاکستان کے بڑے بڑے اداکار کام کرتے نظر آئیں گے، فلموں کی کہانی ڈرامائی، کامیڈی اور رومانوی موضوعات پر مبنی ہے۔

خیال رہے کہ بولی وڈ فلمیں عید کے ایک ہفتے بعد پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔

سات دن محبت ان

ڈان کی پروڈکشن کمپنی ڈان فلمز کے بینر تلے بننے والی پہلی فلم ’سات دن محبت ان‘ عید پر ریلیز ہورہی ہے۔

اس فلم میں پاکستان کے نامور اداکار شہریار منور اور اداکارہ ماہرہ خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم کی کہانی ایک نوجوان لڑکے اور اس کی کزن کے گرد گھومتی ہے، جو ایک دوسرے کے پیار میں مبتلا ہوں گے۔

سات دن محبت ان میں جاوید شیخ، آمنہ الیاس اور میرا سیٹھی بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

آزادی

ایکشن پر مبنی فلم ’آزادی‘ بھی اس عید پر باقی فلموں کے ساتھ مقابلے کے لیے تیار ہے۔

فلم ’آزادی‘ کی کہانی ایک ایسے آدمی پر مبنی ہے جو کشمیر کو آزاد کرانے کی خاطر قربانی دیتا ہے، اور کیسے ان سے متاثر ہونے والی نوجوان نسل ان کے ارادوں کو آگے بڑھاتی ہے۔

فلم میں معمر رانا اور سونیا حسین مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

نہ بینڈ نہ باراتی

ڈرامہ اور کامیڈی پر مبنی فلم نہ بینڈ نہ براتی اس سال عید پر ریلیز ہونے والی دوسری کامیڈی فلم ہے۔

اس فلم کی کہانی ایک گھرانے اور اس کے دو بیٹوں کے گرد گھومتی ہے جو ہمشیہ کسی نہ کسی مشکل میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

فلم میں میکال ذالفقار، علی کاظمی، نایاب خان، قوی خان اور محمود اختر اہم کردروں میں نظر آئیں گے۔

وجود

فلم ’وجود‘ کے ساتھ پاکستانی معروف اداکار جاوید شیخ ہدایت کاری میں واپسی اختیار کررہے ہیں۔

اس فلم میں دانش تیمور ہیرو کا کردار کرتے نظر آئیں گے جبکہ بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ بھی فلم میں موجود ہیں۔

یہ اس عید پر ریلیز ہونے والی واحد مسٹری فلم ہے، جس میں شائقین کے لیے بہت سے راز چھپے ہیں۔

عید پر پاکستانی فلموں کے ساتھ ساتھ ہولی وڈ فلم ’جریسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ بھی سینما گھروں پر نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔


ان فلموں میں سے آپ کون سی فلم کا ٹکٹ خریدنے کا ارادہ کررہے ہیں؟ ہمیں کمنٹ میں بتائیں۔