10 فلمیں جو 2018 میں پاکستان میں مقبول رہیں

ریس اور سنجو پاکستانی عوام کی سب سے پسندیدہ فلمیں رہیں—پرومو فوٹو
ریس اور سنجو پاکستانی عوام کی سب سے پسندیدہ فلمیں رہیں—پرومو فوٹو

سال کے اختتام پر دنیا کی سب سے معتبر اور بڑی سرچ انجن گوگل نے جہاں پاکستان میں تلاش کی جانے والی شخصیات کی فہرست جاری کی ہے۔

وہیں گوگل نے پاکستانی عوام میں مقبول 10 فلموں کی فہرست بھی جاری کی ہے۔

حیران کن طور پر پاکستانی عوام میں مقبول 10 فلموں میں صرف ایک فلم ہی پاکستانی تھی۔

پاکستانی عوام میں مقبول زیادہ تر فلموں میں بولی وڈ فلمیں ہیں، جب کہ 2 ہولی وڈ فلمیں بھی ہیں۔

10- پدماوت

بھارت کی اب تک کی متنازع تسلیم کی جانے والی فلم ’پدماوت‘ کو رواں برس کے آغاز میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس فلم نے کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے تھے۔

تاہم پاکستانی عوام میں یہ فلم اتنی زیادہ مقبول نہ رہی۔

9- ہیٹ اسٹوری 4

بولڈ تھرلر فلم ’ہیٹ اسٹوری فور‘ اسی نام سے بننے والی سیریز کی چوتھی فلم تھی، جسے رواں برس مئی میں ریلیز کیا گیا تھا۔ اس فلم نے بھی اچھی کمائی کی تھی، جہاں یہ فلم بھارت میں کم مقبول رہی، وہیں یہ پاکستانی عوام میں بھی زیادہ مقبولیت حاصل نہ کر سکی۔

8- بلیک پینتھر

رواں برس کمائی کے لحاظ سے تین بڑی ہولی وڈ فلموں میں جگہ بنانے والی سیاہ فام سپر ہیرو فلم نے دنیا میں کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔

یہ فلم بھی پاکستانی عوام کی پسندیدہ فلموں میں شامل رہی۔

7-اوینجر: انفنٹی وار

سپر ہیرو فلم ’اوینجر: انفنٹی وار‘ رواں برس سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہولی وڈ فلم ہے، جس نے دنیا بھر میں کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے۔

یہ فلم جہاں دنیا بھر میں مقبول رہی، وہیں پاکستانی عوام میں بھی یہ 10 مقبول فلموں میں شامل رہی۔

6- ڈونکی کنگ

رواں برس ریلیز ہونے والی اینیمیٹڈ پاکستانی فلم ‘ڈونکی کنگ‘ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پہلی پاکستانی فلم ہے جو عوام کی 10 پسندیدہ فلموں میں شامل رہی۔

اگرچہ یہ فلم پاکستانی عوام کی پسندیدہ ترین فلم نہ بن سکی، تاہم یہ فلم چھٹے نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔

5-ٹھگس آف ہندوستان

بولی وڈ کی سب سے مہنگی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ نے اگرچہ 300 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی، تاہم اس فلم کو ناکام قرار دیا گیا اور عامر خان پر تنقید بھی کی گئی۔

عامر خان، امیتابھ بچن اور کترینہ کیف جیسی کاسٹ پر مبنی یہ فلم پاکستانی عوام کی پانچویں پسندیدہ فلم رہی۔

4- باغی 2

ایکشن روماںٹک فلم باغی ٹو بھی جہاں اچھی خاصی کمائی کرنے میں کامیاب رہی، وہیں یہ فلم پاکستانی عوام کی پسندیدہ فلم بھی رہی۔

3- ٹائیگر زندہ ہے

سلمان خان اور کترینہ کیف کی اس فلم پر پاکستان میں پابندی عائد کی گئی تھی، تاہم یہ فلم پاکستانی عوام کی تین بڑی پسندیدہ فلموں میں شامل رہی۔

2- سنجو

بولی وڈ بابا سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی فلم سنجو نے جہاں بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی تہلکہ مچایا، وہیں یہ فلم پاکستانی عوام کی بھی پسندیدہ فلم رہی۔

سنجو پاکستانی عوام کی دوسری پسندیدہ فلم رہی۔

1- ریس تھری

سلمان خان، انیل کپور، جیکولین فرنانڈس، ہما قریشی اور ثاقب سلیم کی یہ فلم اگرچہ 300 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرنے میں کامیاب رہی، تاہم اس فلم کو ناکام قرار دیا گیا تھا۔

یہ فلم پاکستانی عوام کی سب سے زیادہ پسندیدہ فلم رہی۔

فلم نے اچھی کمائی کی تھی—اسکرین شاٹ
فلم نے اچھی کمائی کی تھی—اسکرین شاٹ