سام سنگ کے سب سے طاقتور اور جدید ترین فون متعارف

پہلی بار سام سنگ کے فونز میں 4 سے 5 کیمرے دیے گئے ہیں—فوٹو: رائٹرز
پہلی بار سام سنگ کے فونز میں 4 سے 5 کیمرے دیے گئے ہیں—فوٹو: رائٹرز

اسمارٹ فون بنانے والی جنوبی کورین کمپنی ’سام سنگ‘ نے طویل انتطار کے بعد اپنے سب سے طاقتور اور جدید ترین ورژن کے حامل 2 نئے اسمارٹ فون متعارف کرادیے۔

سام سنگ نے امریکا میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران گلیکسی نوٹ 10 اور گلیکسی نوٹ 10 پلس متعارف کرادیے۔

ان فونز کے حوالے سے گزشتہ کئی ماہ سے میڈیا میں خبریں جاری تھیں اور ان کے ڈیزائن اور فیچرز کے حوالے سے متعدد خبریں سامنے آئیں اور اب کمپنی نے فونز کو متعارف کرا کر صارفین کا انتظار ختم کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ گلیکسی نوٹ 10 میں اس بار کیا کچھ نیا ہے؟

متعارف کرائے گئے نئے فونز کے حوالے سے کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ فون اب تک کے دنیا کے سب سے طاقتور ترین فون ہیں، ساتھ ہی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ان فونز میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے بہترین فیچرز اور ورژنز کو استعمال کیا گیا ہے۔

دونوں موبائل کو جہاں پتلا بنایا گیا ہے، وہیں دونوں کو طاقتور ترین بھی بنایا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز
دونوں موبائل کو جہاں پتلا بنایا گیا ہے، وہیں دونوں کو طاقتور ترین بھی بنایا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز

سام سنگ کے نئے فونز کو جہاں اب تک کے طاقتور ترین اور جدید ترین فون قرار دیا جا رہا ہے، وہیں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان موبائلز کے کیمرے کو ماضی کے تمام موبائلز سے بہتر بنایا گیا ہے۔

اس بار گلیکسی نوٹ کے دونوں موبائلز کے کیمرے میں اے آر ٹیکنالوجی سمیت ان میں تھری ڈی فیچر بھی دیا گیا ہے اور کیمرے کے رزلٹ کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

دونوں موبائل کی قیمت کمپنی کے ماضی کے متعارف کرائے گئے فونز سے کہیں زیادہ ہیں۔

گلیکسی نوٹ 10 کی قیمت 950 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد جب کہ گلیکسی نوٹ 10 پلس کی قیمت 1100 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 175 ہزار روپے سے زائد رکھی گئی ہے۔

گلیکسی نوٹ 10

دونوں موبائلز کو مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز
دونوں موبائلز کو مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز

پاکستانی تقریبا ڈیڑھ لاکھ روپے کی قیمت کا یہ موبائل 8 جی بی ریم کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔

گلیکسی نوٹ 10 کا اسکرین 4۔6 انچ کا ہے اور اس میں پہلی بار ایسے فیچرز دیے گئے ہیں جو سام سنگ کے ماضی کے موبائل میں نہیں تھے۔

مزید پڑھیں: سام سنگ کے گلیکسی موبائل کیسے ہوں گے؟

اس موبائل میں آڈیو زوم کا فیچر بھی دیا گیا ہے جو صارف کو یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ کسی بھی شخص کی آواز کو فوکس کرکے زوم کرے، یہ فیچر کیمرے کے زوم کی طرح کام کرتا ہے۔

گلیکس نوٹ 10 میں 4 کیمرے دیے گئے ہیں جن میں سے 3 بیک ریئر کیمرے ہیں جب کہ ایک فرنٹ کیمرا ہے۔

اس موبائل کے چاروں کیمرے جہاں کمپنی کے متعارف کرائے گئے اب تک کے تمام موبائل سے میگا پکسل میں آگے ہیں، وہیں ان کیمروں میں ایڈیٹنگ، اے آر ٹیکنالوجی اور تھری ڈی کے فیچر دے کر انہیں سب سے بہترین کیمرے بنایا گیا ہے۔

گلیکسی نوٹ 10 پلیس

پہلی بار گلیکسی نوٹ 10 پلس کو 8۔6 انچ کی اسکرین میں پیش کیا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز
پہلی بار گلیکسی نوٹ 10 پلس کو 8۔6 انچ کی اسکرین میں پیش کیا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز

پاکستانی ایک لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد کی قیمت کے اس موبائل میں 12 جی بی ریم دی گئی ہے۔

یہ کمپنی کا پہلا موبائل ہے جس کا اسکرین سب سے بڑا ہے، اس موبائل کا اسکرین 8۔6 انچ ہے اور ساتھ ہی یہ موبائل اب تک کمپنی کا سب سے پتلا اور مضبوط فون بھی ہے۔

گلیکس نوٹ 10 پلس میں جہاں سب سے زیادہ طاقتور بیٹری دی گئی ہے، وہیں اس میں 45 وولٹیج کا چارجر بھی دیا گیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فون کو محض 30 منٹ تک چارج کرنے سے اس کی بیٹری پورا دن چلائی جا سکتی ہے۔

گلیکسی نوٹ 10 پلس کی سب سے اہم بات اس کے 5 کیمرے ہیں، جن میں سے 4 کیمرے بیک پر دیے گئے ہیں۔

گلیکسی نوٹ 10 پلس اور گلیکسی نوٹ 10 کے صارفین اپنی ویڈیوز کو خود آفیشل ایڈیٹر کی طرح ایڈٹ کر سکتے ہیں۔

اس فون میں بھی آڈیو زوم سمیت کئی ایسے نئے فیچرز دیے گئے ہیں جو پہلے سام سنگ کے کسی موبائل میں نہیں دیے گئے تھے۔

گلیکسی نوٹ 10 پلس میں 5 کیمرے دیے گئے ہیں—فوٹو: سام سنگ
گلیکسی نوٹ 10 پلس میں 5 کیمرے دیے گئے ہیں—فوٹو: سام سنگ