برطانوی ماہرین کا لیبارٹری میں انسانی دانت تیار کرنے کا دعویٰ
برطانوی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے انسان کے جبڑے سے لیے گئے دانتوں کے سیل کی افزائش سے لیبارٹری میں نئے انسانی دانت تیار کرلیے۔
اس وقت اگرچہ مصنوعی دانت دنیا بھر میں دستیاب ہیں، تاہم اب ماہرین نے انسان کے قدرتی دانتوں جیسے دانت لیبارٹری میں تیار کرنے کا دعویٰ کرکے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ چند سال میں انسان کے منہ میں بھی دانت اگائے جا سکیں گے۔
برطانیہ کے کنگز کالج اور امپیریل کالج لندن کے ماہرین نے مشترکہ طور پر لیبارٹری میں ہوبہو انسانی دانت جیسے دانت تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق انہوں نے انسانی جبڑے سے لیے گئے سیلز کو لیبارٹری میں دانتوں کو اگانے کے لیے تیار کیا اور انہیں ایسا کرنے میں چند سال لگے، اب انہوں نے وہ طریقہ مکمل طور پر تیار کرلیا، جس کے ذریعے لیبارٹری میں دانت تیار کیے جا سکیں گے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے لیبارٹری میں انسانی دانتوں کی قدرتی افزائش کا ماحول اور طریقہ تیار کرلیا ہے، تاہم ابھی تیار کردہ دانتوں کو انسان کے منہ میں لے جانے کا طریقہ نہیں بنایا گیا۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ چوں کہ لیبارٹری میں تیار کیے گئے دانت قدرتی دانتوں جیسے ہیں، اس لیے انہیں دیگر مصنوعی دانتوں کی طرح امپلانٹ نہیں کیا جا سکتا، تاہم اس سے ملتا جلتا نیا طریقہ تیار کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق دوسرا آپشن یہ ہے کہ ہم انسان کے منہ میں ہی دانتوں کی افزائش کرنے والے سیلز پر کام کریں اور منہ میں ہی نئے دانت اگنا شروع ہوں لیکن اس ضمن میں ابھی مزید چند سال کی تحقیق کی ضرورت ہے۔
ماہرین کو امید ہے کہ اگلے چند سال میں لیبارٹری میں تیار کیے گئے دانتوں کو انسان کے منہ میں بہترین طریقے سے منتقل کرنے یا پھر دانتوں کو انسان کے منہ میں ہی اگانے کا طریقہ بھی تیار کرلیا جائے گا۔
ماہرین نے دانتوں کے امپلانٹس کے طریقے کو زیادہ محفوظ قرار نہیں دیا، اس لیے کہا کہ نئے طریقے تلاش کیے جائیں گے۔
برطانوی ماہرین سے قبل 2024 میں جاپانی سائنس دانوں نے بھی انسانی دانت دوبارہ اگانے کا طریقہ دریافت کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
جاپانی سائنس دانوں نے ایک ایسی منفرد دوائی تیار کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے استعمال سے انسان کے قدرتی دانت دوبارہ اگ سکیں گے۔
انسان سمیت زیادہ تر جانداروں کے دانت قدرتی طور پر صرف دو بار ہی اگتے ہیں، پہلی بار بچپن میں انسان کے دانت ٹوٹنے کے بعد دوبارہ اگتے ہیں، اس کے بعد انسان کے زندگی بھر دانت قدرتی طور پر نہیں اگتے، تاہم بعض جانوروں کے دانت بار بار اگتے رہتے ہیں۔