’ تمیز کے دائرے میں رہنا‘ سرفراز احمد کا جملہ ایشیا کپ کی فتح سے زیادہ وائرل
پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے انڈر 19 ایشیا کپ فائنل کا اسکور بورڈ ہی دل خوش کرنے کے لیے کافی تھا، بھارت کے خلاف 191 رنز کی شاندار فتح، ریکارڈ ساز سنچری اور ایسی باؤلنگ جس نے ناقابلِ شکست ٹیم کو 27 اوورز سے بھی کم میں ڈھیر کر دیا۔ مگر جب اعداد و شمار خاموش ہوئے تو ڈگ آؤٹ سے ادا ہونے والا ایک جملہ، جو مینٹور سرفراز احمد نے کہا، سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی پر پاکستان فتح کی جانب بڑھ رہا تھا کہ ایک ناخوشگوار لمحہ سامنے آیا۔ آؤٹ ہونے کے بعد ایک بھارتی بلے باز نے جوتا دکھانے کا اشارہ کیا اور ایک بار پھر دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کے بعد مصافحہ نہیں ہوا، جو حالیہ پاک بھارت مقابلوں میں افسوسناک طور پر معمول بنتا جا رہا ہے۔ ایسے میں جب کھلاڑی جذباتی ہو سکتے تھے، سرفراز احمد کی آواز براڈکاسٹ پر صاف سنائی دی، ’تمیز کے دائرے میں رہنا، جاہلوں کی طرح جاہل نہیں ہو جانا‘۔
پاک بھارت ٹاکرا بالکل یک طرفہ رہا۔ سمیر منہاس نے 172 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جو انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے، اور پاکستان کو 8 وکٹوں پر 347 رنز تک پہنچا دیا۔ بھارت کی بیٹنگ ابتدا ہی سے بکھر گئی اور 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جب علی رضا نے بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کر دیا۔ گروپ مرحلے کی شکست کے بعد مکمل واپسی ہوئی اور پاکستان نے بھرپور انداز میں ٹرافی اپنے نام کی۔
روایتی حریف کو عبرتناک شکست دینے کے بعد ایکس پر سرفراز احمد کے چرچے ہوگئے۔
ایک صارف نے ان کے الفاظ کو پاک بھارت مقابلے کے لیے بہترین نصیحت قرار دیا اور فتح کو وقار کے ساتھ منانے پر سراہا، نہ کہ غیر ضروری اچھل کود پر۔
ایک اور صارف نے ڈگ آؤٹ کے ان الفاظ کو Chef’s Kiss لمحہ کہا، جبکہ کئی شائقین تمیز کے دائرے میں کے جملے کو ایسے دہرانے لگے جیسے یہ نیا قومی نعرہ ہو۔
میمز بھی فوراً سامنے آ گئے۔ ایک وائرل پوسٹ میں بھارت کے خلاف فائنل میں سرفراز کی موجودگی کو کینئے ویسٹ کے 2005 گریمی لمحے سے تشبیہ دی گئی، جبکہ ایک اورپوست میں ایک پرانی ویڈیو دوبارہ سامنے آئی جس میں ایک مداح سرفراز کو گلے لگا کر چیخ رہا تھا کہ سرفراز بھائی کبھی دھوکا نہیں دیتا۔
ایک پوسٹ میں بھارت کے خلاف فائنلز میں سرفراز احمد کے ریکارڈ کو ٹرافیوں کی فہرست کی طرح گنوایا گیا: 2006 انڈر 19 ورلڈ کپ فائنل، 2017 چیمپئنز ٹرافی فائنل، اور اب اگلی نسل کی رہنمائی کرتے ہوئے انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل۔
کئی صارفین نے سرفراز کو مینٹور مقرر کرنے کے پی سی بی کے فیصلے کی تعریف کی اور انہیں پرجوش، بے لوث اور ایماندار قرار دیا، خاص طور پر اس بات پر کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کو دباؤ اور سیاست زدہ مقابلوں میں خود پر قابو رکھنا سکھا رہے ہیں۔
بعد ازاں سرفراز احمد نے واضح کیا کہ ان کا پیغام اتفاقیہ نہیں تھا۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے ماضی کی بھارتی ٹیموں کی کھیل دوستی کا موجودہ رویے سے موازنہ کیا اور کہا کہ موجودہ رویہ مناسب نہیں اور اس بات پر زور دیا کہ وقار ہر چیز سے بڑھ کر ہے، چاہے حریف کتنا ہی پرانا ہو۔
ایک ایسی کھیل rivalry میں جو مسلسل سیاست کا شکار رہی ہے، ایسے میں سرفراز احمد کی تعریفیں ان کے تحمل و برداشت کے مظاہرے کی تلقین کرنے پر کی گئیں۔ بہت سے شائقین کے لیے ڈگ آؤٹ سے کہا گیا وہ ایک جملہ ایک سبق بن گیا۔ ’انہیں مکمل شکست دو، دل کھول کر جشن مناؤ، مگر اپنی ’تمیز‘ کبھی مت بھولو‘۔
