کھلا ڈلا خط

06 مئ 2014
بیان بازی سے یہ ملک کب تک چلے گا حضور؟ تھوڑا وقت نکال کر سوچئے گا ضرور کیونکہ اب 'عام آدمی' کو بھی عقل آرہی ہے۔
بیان بازی سے یہ ملک کب تک چلے گا حضور؟ تھوڑا وقت نکال کر سوچئے گا ضرور کیونکہ اب 'عام آدمی' کو بھی عقل آرہی ہے۔

عزت مآب

وزیرِ مملکت پانی و بجلی

محترم جناب عابد شیر علی صاحب

لوڈشیڈنگ کے خوبصورت عزابوں کے باوجود آپ کو ہر مہینے بجلی کا بل باقاعدگی سے مقررە تاریخ کے اندر اندر جمع کروانے والے ایک پاکستانی کا اسلام و علیکم۔ بعد از سلام ہم اپنا حال آپ کو کیا بتائیں اُس کے پتلا ہونے کااندازە آپ سے زیادە کسے ہو سکتا ہے دعا بس یہی ہے کہ حضور خیریت سے ہوں۔

چونکہ حضور ایک وزیر ہیں تو لازماً علم بھی ہم عوام سے زیادە ہی رکھتے ہوں گے، یہ جو ہم اپنے بچپن سے سنتے چلے آرہے ہیں کہ تیسری جنگِ عظیم پانی کے مسئلے پر ہوگی یہی اِختراع درست ہے یا معاملہ بجلی کا زیادە گمبھیرہے؟؟؟

کہیں ایسا تو نہیں کہ باقی کی ساری دنیا فضول ہی پانی کو لئے اتنے ڈھول پیٹ رہی ہو اور جنگ اصل میں بجلی پر ہونی ہے؟؟؟

خیر صاحب فرق بھی کیا پڑتا ہے پانی ہو یا بجلی اپن کے ملک میں دونوں ہی کے مائی باپ آپ ہی تو ہیں۔ اور جنگ کا جو تجربہ آپ کے پاس ہے اُس کا اندازە آپ کے 440 واٹ کے بیانات اور دھواں دھار پریس کانفرنسز اور اُن میں استعمال ہوئی آپکی شائستہ زبان سُن کر خوب لگایا جا سکتا ہے. جتنی بجلی آپ کے انگ انگ میں بھری ہے اُس سے گھبرائے گھبرائے خود آپ کے اپنے باس جناب دبنگ خواجہ صاحب وزارتِ دفاع والے بھی فاصلہ رکھنے میں ہی عافیت سمجھتے ہوں گے۔

مگر جناب جتنے بجلی چور آپ کو خیبرپختونخواە سے لے کر سندھ اور پھر کراچی تک نظر آنا شروع ہو گئے ہیں اُس کا عشر عشیر بھی آپ پنجاب میں نہیں ڈھونڈ پائے جس سے کم از کم مجھ کم عقل کو تو بس ایسا لگتا ہے کہ یا تو آپ کی آنکھوں میں کوئی پھول اتر آیا ہو یا پھر شائد آپ کو نزدیک کے چشمے کی شدید ضرورت ہے۔

خیر حضور شکریہ ادا کیجئے اپنے خالو جان کا کہ انہوں نے آپ کو بنایا بھی تو وزیرمملکت برائے پانی و بجلی، زرا سوچئے اگر آپ کو داخلہ یا خارجہ کا قلمدان تھما دیا ہوتا تو کیا ہوتا۔

داخلہ میں تو پھر آپ کی بچت ہو جاتی کیونکہ وہاں تو صرف مزاکرات ہی ہوتے ہیں، لیکن، اگر خارجہ ملی ہوتی تو آپ نے تو بیان دے دے کر ہی امریکہ اور اسرائیل کو مار دینا تھا، افغانستان اور ہندوستان کو جب تک آپ کی بات سمجھ میں آتی ہم جنوبی افریقہ سے بھی آگے نکل چکے ہوتے۔

سوچئے اگر ڈار صاحب کے بدلے خزانہ آپ کے ہاتھ لگ گیا ہوتا تو کیا ڈالر اور کیا پاونڈ، درہم اور ریال بھی آپ کے غیض و غضب سے پناہ مانگتے کہیں فُٹ پاتھ پر پڑے ٹکے ٹکے میں بِک رہے ہوتے اور پھر خالو جان کو بھی عربوں سے اربوں ڈالرز لینے کی ضرورت نہ پڑتی۔

بحر حال یہ سب تو خیالی باتیں ہیں اور حقیقت میں تو کُل ملا کے آپ کے پاس بجلی و پانی کا ایک ایسا قلمدان ہے جس کی سیاہی آپ بیچاری عوام کے منہ پر صبح شام ملے جا رہے ہیں کیونکہ خواص تو چور ہو نہیں سکتے اور اگر ہوں بھی تو اُنہیں چور کہنے کی ہمت کرے کون بھلے وە دو تہای اکثریت والے خالو وزیراعظم کے بھانجے وزیر مملکت ہی کیوں نہ ہوں۔

کے۔پی۔کے کے عوام کو بجلی چور کہہ کر اُن پر لوڈشیڈنگ کی بجلی گرانے کی آپ کی کوشش پہ محترم شاە فرمان صاحب خوب برہم تھے اور فرما رہے تھے کہ اگر عوام نے بجلی کی عدم دستیابی پر وفاقی حکومت کیخلاف احتجاج کیا تو صوبائی حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہو گی۔

اب کیا کریں یہ رِیت بھی تو آپ کے بہت اپنے وزیرِ اعلٰی پنجاب صاحب نے ہی پچھلے کچھ سالوں میں باقی کئی دوسری اسکیموں کی طرح متعارف کروائی ہے۔

دوسری طرف سندھ میں نوجوانی کا قلمدان اٹھائے سندھ کابینہ کے تازە ترین رکن جناب فیصل سبزواری آپ کی پریس کانفرنس پر سندھ اسمبلی میں اپنا ردِعمل دیتے ہوئے بتا رہے تھے کہ %70 گیس تو سندھ سے نکلتی ہے اگر ہمیں وە دے دی جائے تو لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہمیشہ کے لئے ہم خود ہی حل کر لیں گے مگر کیا اب ہم یہ کہنا شروع کر دیں کہ ہم گیس روک لیں گے جیسے کہ ہمیں بجلی روکنے کا طعنہ دیا جا رہا ہے وفاق کی طرف سے؟؟؟

یہ تو خدا کا شکر ہے حضور کہ اسمبلی میں تقریر کرنے والے سبزواری صاحب ایک نہایت ہی شریف اور معقول بندے ہیں ورنہ سوال تو یہ بھی بنتا تھا کہ یہ شہر جس کی بجلی کاٹنے کے لئے آپ اتنے تلملا رہے ہیں اِسی شہر سے%70 ریوینیو بھی نکلتا ہے تو کیا کراچی والے آپ کے بجلی روکنے کے طعنے کے جواب میں اپنا ریوینیو روکنے کے بارے میں سوچنا شروع کر دیں؟؟؟

کیونکہ حضور چور تو چور ہوتا ہے چاہے بجلی چور ہو یا ریوینیو چور۔

ایسی بیان بازی سے یہ ملک کب تک چلے گا حضور؟؟؟ تھوڑا وقت نکال کر سوچئے گا ضرور کیونکہ اب 'عام آدمی' کو بھی عقل آرہی ہے۔

فقط والسلام

تھوڑی عقل والا

ایک عام پاکستانی

تبصرے (4) بند ہیں

Dr Muhammad Asim May 06, 2014 12:05pm
Resume Urdu Editorials at Dawn Urdu please, we miss it.
Naveed Shakur May 06, 2014 04:40pm
Pervez Khattak was right that he needs to check his Meter first.
siar ahmad hamdard May 06, 2014 06:21pm
akhir kab tak pakistani awam k sath zulam hoga ..kab tak ye zalim khukomran hamary oper musallat hoga, es ka hal kia tajweez kia hai.. sub log problem bata rahy hai hal ya tajweez koi nhi batata,, kia hoga hum logo ka ..kab insaaf melyga...
Shahnawaz Abbasi May 07, 2014 07:16am
ارسلان بھائی بہت ہی عمدہ تحریر ہے۔۔