پی ٹی آئی تین لاکھ افراد مینار پاکستان میں جمع کرنے کی خواہشمند
راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے پنجاب سے اپنے اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کو ہدایت کی ہے کہ اتوار کو لاہور میں مینار پاکستان میں اپنے ساتھ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو لے کر آئیں، جبکہ پارٹی اور اٹک کی شاخوں کو کہا گیا ہے کہ وہ لاہور کی بجائے اسلام آباد دھرنے کے لیے دو، دو ہزار افراد بھیجیں۔
ڈان کے رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی راولپنڈی کے صدر اور رکن پنجاب اسمبلی عارف عباسی نے بتایا کہ پارٹی نے لاہور کے جلسے کے لیے لوگوں کی تعداد کا ہدف طے کرلیا ہے جبکہ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ راولپنڈی اور اٹک سے جماعت کے حامی لاہور کی بجائے اسلام آباد کے دھرنے میں شرکت کریں گے۔
پی ٹی آئی پنجاب کا اجلاس اسلام آباد میں چوہدری اعجاز کی زیرصدارت ہوا جس میں تما م اضلاع کے صدور اور اراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران چوہدری اعجاز نے پارٹی چیئرمین عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا کہ یہ تمام عہدیداران کا فرض ہے کہ وہ لاہور کے جلسے کو کامیاب بنائیں۔
پی ٹی آئی کے ایک سنیئر لیڈر نے ڈان کو بتایا کہ 2013 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے تمام امیدواروں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگ لانے کا کہا گیا ہے جبکہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کے لیے فی کس کم ازکم پانچ سو افراد کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے حوالے سے پوچھنے پر پی ٹی آئی رہنماءنے بتایا کہ پارٹی رہنماﺅں نے اس معاملے پر اجلاس میں کوئی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں زیادہ وقت پارٹی رہنماﺅں کے درمیان دھرنے میں لوگوں کی تعداد کے حوالے سے موجود اختلافات کو دور کرنے میں لگا اور انہیں کہا گیا کہ وہ مشترکہ مقصد کے لیے متحد ہوجائیں۔
اس نے بتایا"مقامی لیڈرز اور صوبے بھر کے سابق امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے حلقوں کے لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہیں اور نئے انتخابات کے لیے تیاری کرلیں جو عمران خان سینیٹ کے انتخابات سے قبل چاہتے ہیں تاکہ موجودہ اسمبلی سینیٹرز کا انتخاب نہ کرسکے ورنہ مسلم لیگ ن ایوان بالا میں بھی اکثریت حاصل کرلے گی"۔
پی ٹی آئی لیڈر نے وجاحت کی کہ ضلع جہلم اور چکوال کے لیڈرز لوگوں کو لاہور لے کر جائیں گے جبکہ راولپنڈی اور اٹک کی قیادت لوگوں کو اسلام آباد دھرنے میں لائے گی کیونکہ عمران خان اتوار کی رات ہی لاہور سے اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔
اس کا کہنا تھا" بیشتر ورکرز اور مقامی رہنماءیہ جاننا چاہتے تھے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران اسلام آباد کے دھرنے کا کیا ہوگا، جس پر انہیں صبر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ کسی فیصلے کے لیے لاہور کے جلسے کا انتظار کریں"۔
پی ٹی آئی رہنماءنے کہا کہ اجلاس میں یہ عام تاثر تھا کہ اگر لاہور کا جلسہ کامیاب ہوا تو عیدالاضحیٰ سے پہلے ن لیگ کی حکومت ختم ہوجائے گی۔
اس نے مزید کہا کہ آئندہ چند روز کے دوران پی ٹی آئی اسی حکمت عملی کے تحت ملتان اور فیصل آباد میں بھی جلسے کرے گی۔
اس کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے رہنماﺅں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے نکل کر گھر گھر جاکر لوگوں کو شام میں کچھ گھنٹے کے لیے دھرنے میں شرکت کے لیے قائل کریں۔












لائیو ٹی وی