آپریشن خیبرون کے دوران اہم کمانڈر سمیت 6 'دہشت گرد' ہلاک

شائع November 18, 2014

خیبر ایجنسی: خیبر ایجنسی کی تحصیل وادیٔ تیراہ کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں اہم کمانڈر سمیت کم از کم چھ مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

نمائندہ ڈان نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک فوج کے جیٹ طیاروں نے وادی تیراہ کے علاقے ملک دین خیل میں مبینہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

منگل کو کی گئی کارروائی کے نتیجے میں ایک اہم کمانڈر سمیت چھ مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

ہلاک کمانڈر کی شناخت تاحال نہیں کی جا سکی ہے، جبکہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی تاحال واقعے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

خیبرایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن خیبرون میں سیکورٹی فورسزکی کارروائی میں اب تک کئی دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں جاری سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں تیزی آگئی ہے اور وادیٔ تیراہ میں مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی جانب سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی بھی تیز ہوگئی ہے۔

ان کارروائیوں کو ’آپریشن خیبر ون‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کی تجویز وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان میں 15 جون کو آپریشن ضربِ عضب کا آغاز کیا گیا تھا اور علاقے میں آزاد میڈیا کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے تمام تر تفصیلات آئی ایس پی آر کی جانب فراہم کی جاتی ہیں۔

تاہم فوج کی جانب سے آپریشن کے آغاز کے بعد ایک مرتبہ ملکی اور غیرملکی میڈیا کو تحصیل میرعلی کا دورہ کروایا گیا تھا۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔

اور اب خیبر ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں ’آپریشن خیبر ون‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Babur Nov 20, 2014 02:35am
یہ بہت اچہی خبر ہے كیوں كہ پاك فوج كے آپریشن میں آج وہ لوگ مارے جاتے ہیں جن كی ہاتھ بہت سے بیگناہوں كے خون سے رنگیں ہے . آج ان لوگوں كے ساتھ انصاف ہو رہا ہے جن كی گہروالے اور رشتہ دار بہت ناانصافی سے دہشتگردوں كے ہاتھ جاں بحق ہوے تہیں . یہ اللہ تعالی كا انصاف ہے جو بیگناہوں اور معصوموں كو بچا كر شدت پسندوں كو ختم كر رہا ہے

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025