کوئٹہ: صوبائی مشیرِ تعلیم دھماکے میں بال بال بچ گئے

شائع December 2, 2014

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے جوائنٹ روڈ پر صوبائی مشیرِ تعلیم سرداررضا محمد بریچ کی گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، تاہم وہ واقعے میں محفوظ رہے ۔

بلوچستان کے وزیرِ داخلہ میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شدت پسندوں نے دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کررکھا تھا اور جیسے ہی سرداررضا محمد کی گاڑی قریب پہنچی، بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں دو افراد زخمی ہوئے، جنھیں طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم سرداررضا محمد حادثے میں بالکل محفوظ رہے۔

حادثے کے نتیجے میں سردار بریچ کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ ڈان نیوز کے مطابق دھماکے کے بعدعلاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار بریچ نے بتایا کہ ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے۔

اس واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔

جبکہ صوبائی وزارتِ داخلہ نےاس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

سردار رضا محمد پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اورکوئٹہ کی نشست پر بلوچستان اسمبلی کے رکن بھی ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Riyaz Dec 02, 2014 08:27pm
ایك صوبائی مشیر تعلیم كا نشانہ بنانے كا مطلب صرف ایك ہی چیز ہے : تعلیم كی خلاف لڑنا ، اور ایسا كام صرف وہیں لوگ كر سكتے ہیں جن كو تعلیم اور پڑہائی كو متانا چاہتے ہیں اور ملك میں پڑہائی كو فروغ دینے كی بہ جا اور آگے بڑہانے كی بہ جا ، پیچے لیجانا چاہتے ہیں ، ہزاروں سال پیچہے ، یعنی كہ پاكستان كو جہالت كے عصر میں ڈالنا چاہتے ہیں . اللہ ہمارے ملك كو ان بدبختوں سے بچا كے ركہے

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025