فرائض میں غفلت برتنے پر 3 ریٹرننگ افسران معطل
پشاور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں فرائض سے غفلت برتنے پر تین ریٹرننگ افسران کو معطل کرتے ہوئے طلب کرلیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مذکورہ ریٹرننگ افسران نے بلدیاتی انتخابات کے دوران اپنے فرائض درست طریقے سے انجام نہیں دیئے، جبکہ ان افسران نے الیکشن کمیشن کے ساتھ بھی تعاون نہیں کیا، جس سے انتخابی عمل میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے معطل کیے گئے ریٹرنگ افسران میں پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے نوشہرہ کلاں اور نوشہرہ کینٹ کے دو ایگزیکٹو انجینیئرز اور سوئی گیس نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے ایک ایگزیکٹو انجینیئر شامل ہیں۔
جنھیں الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 220 اور 224 کے تحت شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 اپریل کو طلب کرلیا ہے۔
مذکورہ افسران کو معطل کیے جانے کے علاوہ ان کے خلاف تادیی کارروائی اور ڈپارٹمنٹل انکوائری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کو خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوران ریٹرننگ افسران کی جانب سے انتخابی عمل میں فرائض سے غفلت برتنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔












لائیو ٹی وی