کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن قمر منصور کو آج رینجرز نے جوڈیشل مجسٹریٹ سینٹرل کی عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے قمر منصور کو عبوری ریمانڈ کے تحت رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔
بتایا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے باعث قمر منصور کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عید کی تعطیلات کے بعد انہیں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رینجرز نے 17 جولائی کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو اور خورشید بیگم میموریل ہال پر چھاپہ مار کر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے انچارج کہف الوریٰ اور قمر منصور کو حراست میں لیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو پر کارروائی کے دوران خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں رینجرز کے اہلکار داخل ہوئے اور متحدہ کے رہنما قمر منصور اور انچارج رابطہ کمیٹی کیف الوریٰ کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
رینجرز کی اس کارروائی کے دوران نائن زیرو کے اطراف کے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا تھا، تاہم رینجرز اہلکار چھاپے اور 2گرفتاریوں کے بعد رینجرز اہلکار واپس چلے گئے تھے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کیف الوریٰ اور قمر منصور کو بھی رہا کرنے کی اپیل کی تھی۔
الطاف حسین نے قمر منصور پر بہیمانہ تشدد کا الزام بھی لگایا ہے۔ انہوں نے قمرمنصور کی بہن کے گفتگو کا حوالہ دے کر بتایا ہے کہ قمر منصور قریب المرگ ہیں اور درست طریقے سے چل بھی نہیں پارہے ہیں۔۔
تبصرے (0) بند ہیں