لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ کو ملک میں کرکٹ کی واپسی کیلئے ویزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں کرکٹ کی واپسی کی راہ ہموار ہو گی۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران نجم سیٹھی نے بتایا کہ پی ایس ایل کے انعقاد کیلئے بہت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا لیکن سب کی انتھک محنت سے لیگ کا میدان سجانے میں کامیاب رہے۔

نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کو نوجوانوں کھلاڑیوں کے لئے بہترین ایونٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیگ نے پورے ملک میں نیا جذبہ پیدا کردیا، لیگ کےمیچوں میں پاکستان ہندوستان میچز جتنا جوش تھا، پی ایس ایل کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پہلو ابھر کرسامنے آیا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کا انعقاد ملک میں کرکٹ کی واپسی کیلئے ویزا کا کام کرے گا اور جلد کامن ویلتھ ٹیم میچ کھیلنے کیلئے پاکستان آئے گی۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ جائلز کلارک سے کامن ویلتھ ٹیم پاکستان لانے پر بات ہوئی تو ماضی کے بارعکس انہوں نے نیم رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'پیسے کتنے دیں گے' حالانکہ اس سے قبل وہ سیکیورٹی اور دیگر مسائل کا عذر پیش کیا کرتے تھے۔

پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ویسٹ انڈین ڈیوین براوو سے بھی ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان لانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور انہوں نے بھی مثبت جواب دیا۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل نے بلوچستان میں کرکٹ کو زندہ کردیا جس کا اعتراف وزیراعلی بلوچستان بھی کررہے ہیں۔

'وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری اپنے وفد کے ہمراہ پی ایس ایل کا میچ دیکھنے آئے اور انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نے بلوچستان کےلئے وہ کیا جو حکومت نہ کرسکی، ہم نہ کرسکے'.

پی ایس ایل کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم نے لیگ کو کامیاب بنانے اور شفافیت برقرار رکھنے کیلئے سخت سیکیورٹی انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ مالی معاملات میں بھی کھلاڑیوں کو شکایت کا موقع فراہم نہیں کیا۔

'کچھ لیگوں میں کھلاڑیوں کو طے شدہ معاہدے کے مطابق رقم کی ادائیگی میں مسئلے ہوتے تھے اور نقصان یا دیگر مسائل کے سبب ان کو آدھے ادھورے پیسے دیتے تھے لیکن ہم نے کھلاڑیوں کو جا کر ان کے ہاتھوں میں پیسے دیے'۔

انہوں نے کہا کہ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں اور اسٹاف نے لیگ اور اس میں کیے انتظامات کی دل کھول کر تعریف کی اور ایک مثبت تاثر کے ساتھ وطن لوٹے۔

نجم سیٹھی نے پی ایس ایل فرنچائز کو اثاثہ قرار دیتے ہوئے مستقبل میں ان کی تعداد بڑھانے کا بھی عندیہ دیا۔

'ہم نے پانچ اثاثے بنا لیے ہیں جن کی قدر پہلے ہی سو گنا بڑھ چکی ہے اور آگے چل کر مزید تین اثاثے بنائیں گے'۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں