سانگھڑ: صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں جائیداد کے تنازع پر باپ اور بیٹے نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو ہلاک اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سانگھڑ کے علاقے شہنشاہ کالونی میں جائیداد کے تنازعہ پر غلام جیلانی ملک اور ان کے بیٹے کا جھگڑا ہوا۔

حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق مبینہ طور پر دونوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی تھی، جس کے غلام جیلانی ملک موقع پر جان بحق ہوگیا جبکہ اس کا بیٹا جاوید اور بہو شبانہ شدید زخمی ہوگئے جن کو سانگھڑ کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

تاہم دونوں زخمیوں کی تشویش ناک حالت کے باعث انھیں نوابشاہ منتقل کیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شبانہ جان بحق ہوگئی۔

دوسری جانب پولیس کو بتایا گیا کہ باپ اور بیٹے کا جائیداد کے تنازع پر جھگڑا ہوا تھا جس کے نتیجے میں باپ نے بیٹے اور بہو کو گولی مار دی اور خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کرلی۔

واقعے کے بعد سانگھڑ پولیس نے جائے واردات کا معائنہ کیا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپریٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) سانگھڑ اشتیاق آرائیں نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے واقعہ میں استعمال ہونے والا پسٹل برآمد کرلیا ہے، واقعے کی باریک بینی سے تفتیش کررہے ہیں، جلد اصل کہانی سامنے آجائے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں