متحدہ کے خلاف بھتہ خوری کے شواہد طلب

شائع June 17, 2016

لندن: اسکاٹ لینڈ یارڈ کی نئی دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لندن میں ماضی اور حال میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے 70 سے زائد بینک اکاؤنٹس وابستہ رہے۔

منی لانڈرنگ کیس میں شواہد کے طور پر شامل کیے گئے ان بینک اکاؤنٹس میں سے 26 متحدہ کے قائد الطاف حسین، 38 پارٹی کے سابق فنانس چیف طارق میر اور 12 ایم کیوایم (یو کے) کے نام پر ہیں۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ کی نئی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم، برطانیہ میں جائیدادیں خریدنے کے لیے نقد پیسوں کا استعمال کرتی تھی، اور مالی لین دین کی تفصیلات اس کمپنی کو فراہم کرتی تھی جس کے الطاف حسین ڈائریکٹر تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کے شواہد کا جائزہ

برطانوی پولیس گزشتہ کئی سالوں سے ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کر رہی ہے، لیکن رواں سال اپریل میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور برطانوی سیکریٹری داخلہ تھریسا مے کے درمیان ملاقات کے بعد اس تحقیقات میں تیزی آگئی تھی۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے یہ دستاویزات، جن میں کھلے اور بند بینک اکاؤنٹس، اکاؤنٹ ہولڈرز کے نام اور اکاؤنٹ نمبرز سمیت تمام تفصیلات موجود تھیں، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) معاونت کی غرض سے جمع کرائی تھیں۔

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان بینک اکاؤنٹس میں کتنے بند ہوچکے ہیں، جبکہ ایم کیو ایم بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے اسکاٹ یارڈ کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دے چکی ہے۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس میں شہادتیں ناکافی، لندن پولیس

منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے حوالے سے برطانوی تفتیش کاروں کی 6 رکنی ٹیم نے چند ہفتے قبل ہی پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا۔

برطانیہ کی کراؤن پراسیکیوشن سروس (سی پی ایس) متحدہ رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرنے سے متعلق غور کر رہی ہے، اسکاٹ لینڈ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کی تحقیقات جاری ہے اور نئی معلومات پراسکیوشن کو بتائی جائیں گی۔

دستاویزات کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ نے کیس کی مزید تحقیقات کے لیے پاکستان سے ایم کیو ایم کے خلاف مبینہ طور پر بھتہ خوری میں ملوث ہونے کے شواہد، 2012 کے سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری، 11 مئی 2015 کو رینجرز کے چھاپے میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے برآمد اسلحے اور پاکستان میں ایم کیو ایم کے فنڈز کے ذرائع کی تمام تفصیلات مانگ لی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: الطاف حسین لندن میں گرفتار

ایم کیو ایم نے ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے فنڈز وصول کرنے کی تردید کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ اس پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025