ون ڈے کرکٹ بیٹ کے ٹیسٹ میں استعمال پر پابندی کی تجویز
برسبین: آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے ٹیسٹ کرکٹ میں بلا اور گیند کے درمیان توازن کے لیے استعمال ہونے والے بلے کے سائز اور وزن کے لیے قانون سازی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ون ڈے کرکٹ میں استعمال ہونے والے بلے کی ٹیسٹ میں پابندی ہونی چاہیے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق رکی پونٹنگ نے آسٹریلیا کرکٹ سوسائٹی کی ایک تقریب کے دوران کہا کہ انھیں مختصر طرز کرکٹ میں استعمال ہونے والے بلے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ایسے بلے کی ٹیسٹ کرکٹ میں استعمال پر پابندی ہونی چاہیے۔
کرکٹ میں استعمال ہونے والے بلے کے لیے اس وقت لمبائی اور چوڑائی کے حوالے سے قانون موجود ہے لیکن اس کے وزن پر کوئی قانون سازی نہیں کی گئی جس کے باعث ہلکے پھلکے مواد سے بنائے گئے بلے کی استعمال کو تقویت ملی ہے جس کی مثال گیری نیکولس کیبوم کے بنائے گئے بلے ہیں جنھیں آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر استعمال کرتے ہیں۔
رکی پونٹنگ کو اس بلے کے استعمال پر صرف اس لیے اعتراض ہے کہ اس کی تیاری میں وزن میں ہلکا مواد استعمال ہوتا ہے تاہم کھلاڑی مضبوط ہوں تو انھیں بڑے بلے استعمال کرنے سے نہیں روکنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میں نہیں جانتا جو بلے ابھی بن رہے ہیں ان کے سائز کی تیاری میں وہ کیا کرتے ہیں، جدید دور کے بلے اور خصوصاً ان کا وزن ایک مکمل مختلف کھیل ہے اور اگر کوئی اس کو استعمال کررہا ہے تو انھیں پوری داد دینی چاہیے، یہ کھلاڑی کے خلاف نہیں ہے'۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان نے کہا کہ 'اگر آپ مضبوط ہیں تو اس کا استعمال اچھا ہے لیکن آپ کو مہندرا سنگھ دھونی کے بلے سے بڑے سائز کا بلا نہیں لینا چاہیے، کرس گیل بھی اسی طرز کا بلا استعمال کرتے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہر کوئی کرس گیل کے بلے کی بات کرتا ہے لیکن وہ اس کے استعمال کے لیے مضبوط ہیں مجھے اس وقت پریشانی ہوتی ہے جب بلابہت بڑا اور حقیقت میں ہلکا ہوتا ہے'۔
پونٹنگ نے کہا کہ 'میں چند ہفتوں میں ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے جارہا ہوں اور اس موضوع پر بھی بات ہوگی'۔
انھوں نے اپنے موقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 'مختصر طرز کرکٹ چوکوں اور چھکوں کی مرہون منت ہے جبکہ بلے باز اب ٹیسٹ کرکٹ پر انحصار کر رہے ہیں کیونکہ یہ طرز ان کے لیے پہلے کی نسبت اب کچھ آسان ہے'۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔











لائیو ٹی وی