کشمیر میں ہندوستانی مظالم پر بلاول کا بان کی مون کو خط
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں سیاسی کارکنوں اور نہتے عوام کی ہلاکت کو روکنے کے سخت اقدامات اٹھائیں۔
کشمیر میں ہندوستانی مظالم کے خلاف بان کی مون کو لکھے گئے خط میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی جارہی ہے اور ہندوستانی سیکیورٹی فورسز 8 جولائی سے طاقت کا جابرانہ استعمال کرکے سیاسی کارکنوں اور نہتے عوام کو ہلاک کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران کشمیر میں 40 سے زائد افراد کو ہلاک اور سیکڑوں کو زخمی کیا گیا، جن کا جرم صرف یہ تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے تھے۔
بلاول کا بان کی مون کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ آپ میری اس بات سے اتفاق کریں گے کشمیر، جنوبی ایشیا کا خطرناک نقطہ اشتعال ہے اور جہاں چھ دہائیوں سے زائد عرصے سے 7 لاکھ سے زائد ہندوستانی فوجی اہلکار تعینات ہیں، اس لیے وہاں کشیدگی بڑھنے کے خطے کے امن و استحکام پر بھی اثرات مرتب ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کشمیریوں پر مظالم کا نوٹس لے۔
واضح رہے کہ ہندوستانی فورسز کی جانب سے ’حزب المجاہدین‘ کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد سے کشمیر میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور ہندوستانی فورسز کی فائرنگ سے 40 سے زائد نہتے کشمیری ہلاک ہوچکے ہیں۔











لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں