ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی،پاکستان کابدستور7 واں نمبر

شائع September 10, 2016 اپ ڈیٹ September 11, 2016
پاکستان ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کے باوجود درجہ بندی میں کوئی فرق نہیں پڑا—فوٹو: اے ایف پی
پاکستان ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کے باوجود درجہ بندی میں کوئی فرق نہیں پڑا—فوٹو: اے ایف پی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی کی درجہ بندی جاری کردی جہاں سرفہرست بلے بازوں میں پاکستان کاکوئی نام شامل نہیں اور ٹیم انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے باوجود اپنی پوزیشن بہترکرنے میں ناکام رہی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ناقص کارکردگی کے باوجود واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار فتح حاصل کی لیکن یہ کامیابی درجہ بندی میں بہتری کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ درجہ بندی میں پاکستان بدستور 7 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ انفرادی طورپر کوئی بلے باز پہلے 20 نمبروں میں بھی موجود نہیں جبکہ 5 ماہ سے ٹیم سے باہر ہونے والے سابق کپتان شاہد آفریدی باؤلنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی پوزیشن مزید بدتر

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چمپیئن ٹیم ویسٹ انڈیز درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود ہے، فہرست میں نیوزی لینڈ پہلے، ہندوستان دوسرے، جنوبی افریقہ چوتھے اور آسٹریلیا پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کا فائنل کھیلنے والی انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف ایک میچ میں 9 وکٹوں سے شکست کے بعد پانچویں سے چھٹی پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ پاکستان کا ساتواں نمبر برقرار ہے۔

سری لنکا آٹھویں، افغانستان نویں اور ٹیسٹ کھیلنے والی بنگلہ دیش ٹیم دسویں پوزیشن پر کھڑی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کے بلے بازوں میں ہندوستان کے ویرات کوہلی پہلے نمبر پر ہی موجود ہیں، دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے آرون فنچ، تیسرے پر گلین میکسویل جبکہ چوتھے نمبر پر نیو زی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور جنوبی افریقہ کے کپتان فیف ڈوپلیسی کا پانچویں نمبر ہے۔

پاکستان کا کوئی کھلاڑی سرفہرست دس بلے بازوں میں جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے تاہم عمراکمل 22 اور احمد شہزاد 27 ویں نمبر پر موجود ہیں، انجری کا شکار محمد حفیظ کا نمبر 35 واں ہے جبکہ شرجیل خان اچھی کارکردگی کے بعد انتیس درجے ترقی پاکر 37 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گزشتہ چندماہ میرے لیے سخت رہے:عمراکمل

باؤلنگ میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی تین درجے تنزلی ہوئی ہے اس کے باوجود وہ سرفہرست دس باؤلرز میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور ان کا آٹھواں نمبر ہے جبکہ آل راؤنڈر کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں جہاں آسٹریلیا کے گلین میکسویل پہلے نمبرپر براجمان ہیں۔

عالمی چمپیئن ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز اسپنر سنیل نرائن ٹی ٹوئنٹی کے سرفہرست باؤلر ہیں، تین پوائنٹس کے فرق سے جنوبی افریقہ کے عمران طاہر دوسرے نمبرپر موجود ہیں جبکہ ہندوستان کے جسپریت بمراہ اور روی چندرن ایشون بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: عمر اکمل کی قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی

محمد عرفان 36 ویں، عماد وسیم 37 ویں، وہاب ریاض 45 ویں اور محمد عامر 50 ویں نمبر کے ساتھ پاکستان کی جانب سے آئی سی سی میں سرفہرست ٹی ٹوئنٹی باؤلرز ہیں۔

پاکستان ٹیم 23 ستمبر سے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز کھیلے گی جہاں سرفراز احمد قومی ٹیم کی قیادت کریں گے اور سیریز میں کامیابی کی صورت میں پانی پوزیشن بہتر بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025