بلوچستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

28 ستمبر 2016
سیکیورٹی اہلکار بلوچستان میں افغان سرحدی علاقے سے پکڑا جانے والا دھماکا خیز مواد اور اسلحہ گاڑی میں منتقل کررہے ہیں — فوٹو: سید علی شاہ
سیکیورٹی اہلکار بلوچستان میں افغان سرحدی علاقے سے پکڑا جانے والا دھماکا خیز مواد اور اسلحہ گاڑی میں منتقل کررہے ہیں — فوٹو: سید علی شاہ

کوئٹہ: پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے صوبہ بلوچستان میں افغان سرحدی علاقے پنجپائی میں بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرکے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔

فرنٹئیر کور (ایف سی) کے ترجمان خان واسع نے بتایا کہ 'سیکیورٹی فورسز نے نولہ کے علاقے میں آپریشن کیا جہاں سے 1800 کلو گرام دھماکا خیز مواد، 150 دیسی ساختہ بم (آئی ڈی ای) اور بڑی مقدار میں دیگر اسلحہ برآمد ہوا'۔

فرنٹیئر کور کے حکام کا کہنا تھا کہ ہر آئی ای ڈی کا وزن 20 کلو گرام تھا۔

خان واسع کا کہنا تھا کہ 'دہشت گرد اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کرنا چاہتے تھے'۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مذکورہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی تھی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

بعد ازاں دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنانے کیلئے بم ڈسپوزل اسکورڈ کو طلب کیا گیا۔

رواں سال اگست میں انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے ایک بڑی دہشت گردی کی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے افغان خفیہ ادارے کے ایک اہلکار کو گرفتار کرلیا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پُرہجوم عوامی مقام پر بم نصب کرنے کا مںصوبہ بنا رہا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں