دبئی میں دنیا کے بلند ترین ٹاور کی تعمیر

11 اکتوبر 2016
دنیا کے بلند ترین ٹاور کا ماڈل — اے پی فائل فوٹو
دنیا کے بلند ترین ٹاور کا ماڈل — اے پی فائل فوٹو

دبئی میں اس وقت دنیا کی سب سے بلند عمارت برج الخلیفہ کی شکل میں موجود ہے اور اب وہ دنیا کے بلند ترین ٹاور کا اعزاز بھی اپنے نام کرنے کا خواہشمند ہے۔

جی ہاں برج الخلیفہ کے بعد دبئی میں دنیا کے بلند ترین ٹاور کو تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

یہ ٹاور دبئی کریک ہاربر پر تعمیر کیا جائے گا جس کے لیے عمار پراپرٹیز اور دبئی ہولڈنگ مل کر کام کریں گے۔

دبئی حکومت کے مطابق دنیا کے اس بلند ترین ٹاور کی تعمیر 2020 تک مکمل کرلی جائے گی۔

بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اس ٹاور کی بلندی کتنی ہوگی اور اس تعمیر پر کتنا خرچہ آئے گا۔

گنیز بک آف ورلڈ نے ایک ٹاور کو ایسا اسٹرکچر قرار دیا ہے جس کی بلندی کا پچاس فیصد سے بھی کم حصہ رہائشی یا کمرشل مقاصد کے لیے قابل استعمال ہو۔

اس وقت دنیا کا بلند ترین ٹاور ٹوکیو اسکائی ٹری ہے جس کی بلندی 634 میٹر ہے اور اس میں ریسٹورنٹ اور آبزوریشن ٹاور وغیرہ موجود ہیں۔

دبئی اس وقت سیاحت اور تفریحی مقاصد کا اہم مرکز بن چکا ہے اور وہ مستقل نت نئے منصوبوں پر کام کرتا رہتا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ کی بلندی 829 میٹر سے زیادہ ہے۔

اسی طرح دبئی میں دنیا کے پہلے ایسے ہوٹل کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے جس کا اپنا برساتی جنگل ہوگا۔

روز مونٹ ہوٹل اینڈ ریزیڈنس 20 لاکھ اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلا ہوا ہوگا جس میں مصنوعی ساحل کے ساتھ ایک شیشے کے پیندے والا سوئمنگ پول ہوگا جو دبئی کی گلیوں کے اوپر جھول رہا ہوگا۔

اس ہوٹل کو زاس آرکیٹیکٹس نے ڈیزائن کیا ہے اور 47 منزلہ ٹوئن ٹاورز میں 280 رہائشی اپارٹمنٹس ہوں گے۔

دبئی اپنے مصنوعی جزیروں اور بلند و بالا عمارات کی بناءپر جانا جاتا ہے اور اس نئے ہوٹل کی تعمیر پر بھی 55 کروڑ ڈالرز خرچ ہوں گے جسے 2018 میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں