بلوچستان: فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک

شائع November 9, 2016

صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکار کو ہلاک کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم ملزمان نے ضلع نصیرآباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں گشت پر معمور پولیس اہلکاروں پر شدید فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوئے جبکہ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقع کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

جہاں مقتول پولیس اہلکاروں کی شناخت عیسیٰ خان بگٹی اور بلند خان گولا کے ناموں سے ہوئی۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ پولیس ٹریننگ کالج پر حملہ، 61اہلکار جاں بحق، 117زخمی

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ صوبے میں جاری ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہوتا ہے۔

فوری طور پر کسی بھی گروپ یا تنظیم کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

ڈیرہ بگٹی میں شرپسندوں کے چار ٹھکانے تباہ، ایف سی

ادھر ایف سی نے بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں شرپسندوں کے زیر استعمال چار ٹھکانے تباہ کردیے۔

ترجمان ایف سی خان واسع کے مطابق کاروائی کے دوران دو شرپسند گرفتار کرلیے گیے جن سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیم سے ہے جو علاقے میں تخریب کاری کی وارداتوں میں سرگرم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خودکش دھماکا، 70افراد ہلاک

دوسری جانب ژوب کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہونے والے ایف سی اہلکار ناصر اسلم کی نماز جنازہ ایف سی ہیڈ کوارٹر میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن سمیت اعلیٰ فوجی اور ایف سی حکام نے شرکت کی اور ایف سی اہلکار کے جسد خاکی کو آبائی علاقے کرک روانہ کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025