ایرانی سیکیورٹی فورسز نے بحیرہ عرب میں شکار کرنے والے 10 پاکستانیوں ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا۔

ڈپٹی کمشنر گوادر طفیل بلوچ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ پاکستانی ماہی گیر بحیرہ عرب کے گہرے سمندر میں مچھلی کا شکار کررہے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ایرانی فورسز نے پاکستانی ماہی گیروں کی کشتیوں کو بھی قبضے میں لے لیا ہے۔

مزید پڑھیں: ایرانی فورسز کے راکٹ حملوں میں 7 پاکستانی شدید زخمی

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ 'ہم نے مذکورہ معاملے پر ایرانی حکام سے بات کی ہے اور پاکستانی ماہی گیر جلد وطن واپس آئے گئے'۔

انھوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والے تمام پاکستانی ماہی گیروں کا تعلق ضلع گوادر کی تحصیل جیوانی سے ہے۔

دوسری جانب ایرانی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے ضلع وشوک میں دو راکٹ فائر کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی سرحد سے بلوچستان میں 24 راکٹ فائر

ایرانی فورسز کی جانب سے فائر کیے گئے راکٹ ضلع وشوک کی تحصیل ماشخیل میں گرے اور زور دار دھماکے سے پھٹ گئے۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بلوچستان کے محکمہ ہوم اور قبائلی امور کے ایک افسر نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ واقع میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے دونوں واقعات کے حوالے سے وفاقی حکومت کو آگاہ کردیا ہے اور ایرانی سرحدی حکام سے اس حوالے سے احتجاج بھی کیا گیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: ایرانی سرحد سے راکٹ حملہ، ایک لڑکی ہلاک، چھ زخمی

یاد رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ ایرانی باڈر سیکیورٹی کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقوں میں راکٹ فائر کیے گئے ہیں اور نہ ہی پاکستان نے ان سے پہلی مرتبہ اس حوالے سے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں