‘پاناما ہمارے لیے خطرہ تھا، ہے اور نہ کبھی ہوگا‘

10 دسمبر 2016
عمران کی سیاست جھوٹے الزامات اور انتشار پر مبنی ہے: مریم اورنگزیب—فوٹو: ڈان نیوز
عمران کی سیاست جھوٹے الزامات اور انتشار پر مبنی ہے: مریم اورنگزیب—فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد : وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل این) کی حکومت کے لیے پاناما پیپرز اسکینڈل کبھی نہ خطرہ تھا، نہ ہے اور نہ ہی آنے والے وقت میں ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر روز، ہر گھنٹے اور ہر سیکنڈ میں اس لیے موقف بدل رہے ہیں کیوں کہ ان کا مؤقف جھوٹ، الزامات اور انتشار کی سیاست پر مبنی ہے، ہمارا مؤقف جو پہلے تھا، وہ آج بھی ہے اور وہی مؤقف سپریم کورٹ میں بھی اختیار کیا گیا۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ تمام چیزیں جو سپریم کورٹ نے مانگیں وہ عدالت میں پیش کردی گئی ہیں، اب فیصلہ کرنا عوام کے ہاتھ میں ہے اور عوام کی عدالت میں فیصلہ اس کے حق میں ہوگا جو ان کی بہتری کی بات کرے گا۔

مریم اورنگزیب کے مطابق عمران خان کا مؤقف اداروں کو کمزور کرنا اور ہمارا مضبوط کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلاول اپنے مطالبات سندھ حکومت کو پیش کریں تو سندھ حکومت بہتری کی طرف جاسکتی ہے، اگر سندھ حکومت ان کی بات نہ سنے تو وزیر اعظم کو شکایت کریں ان کی شکایت کا ازالہ ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلاول کا تعلق سیاسی گھرانے سے ہے مگر ابھی کم عمر ہیں،اچھی بات ہے کہ بلاول بھٹو سیاست میں آئے،ان سے دانشمندی کی توقع تھی۔

یہ بھی پڑھیں:'عمران خان کا سیاسی کیرئیر ختم ہوچکا'

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی جتنی بھی خدمت ہے وہ صرف پاکستان کی بہتری اور ترقی کے لیے ہے، جب جب ان کا دور رہا پاکستان نے تب تب ترقی کی اور آج پاکستان کی جو بھی ترقی یا پھر دہشت گرد حملوں کی کم شرح ہے وہ بھی وزیر اعظم نواز شریف کی ہالیسیوں کی وجہ سے ہے۔

مریم اورنگزیب نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا وقت 16 اور 18 گھنٹے سے کم ہوکر 3 سے 4 گھنٹے تک آچکا ہے، ان کا کہنا تھا کہ توانائی منصوبے بھی وزیر اعطم کی بدولت لگ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’حکومت ختم ہونے سے قبل لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ‘

مریم اورنگزیب کے مطابق پاکستان کا پہلا روڈ انفرا سٹرکچر جس کے ذریعے صوبوں کو صوبوں سے ملایا گیا، وہ بھی نواز شریف نے دیا، نواز شریف نے ملک میں سڑکوں کی تعمیر کرکے شہروں میں ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر کی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کو نواز شریف کی ضرورت ہے، نواز شریف نے پاکستان کا پہلاہیلتھ انشورنس پروگرام متعارف کرایا۔

مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ تفریح کے لیے عوام کو مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، تعمیری تفریح عوام کے ذہنوں پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، سنیما انڈسٹری کو استحکام دیکر عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے، پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی انتہائی ضروری ہے۔

واضح رہے کہ پاناما لیکس اسکینڈل کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، گزشتہ دن عدالت نے کیس کی سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی، سماعت کے دوران چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا تھا کہ نئے بینچ کی تشکیل کے بعد کیس کی نئے سرے سے سماعت ہوگی اور وکلاء کو دوبارہ دلائل دینا ہوں گے۔

عدالت نے پاناما پر کمیشن بنانے کا بھی کہا جس پر تحریک انصاف نے کمیشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں آف شور کمپنیوں کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لاء فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقتور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہوئے تھے۔

پاناما پیپرز اسکینڈل میں وزیر اعطم نواز شریف کے بچوں سمیت 600 افراد کے نام شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں