• KHI: Partly Cloudy 21.8°C
  • LHR: Clear 14.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.8°C
  • LHR: Clear 14.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.1°C

ضمنی انتخابات: پی ٹی آئی کا بلاول اور زرداری کے مقابلے کا اعلان

شائع December 31, 2016

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سندھ میں ضمنی انتخابات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف اپنے اُمیدوار نامزد کرنے کا اعلان کردیا۔

رواں ہفتے پی پی پی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ سے ایاز سومرو کی نشست پر جبکہ آصف علی زرداری نواب شاہ سے ڈاکٹر عزرا افضال پیچوہو کی نسشت پر رکن قومی اسمبلی کیلئے ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے یہ اعلان پی ٹی آئی کراچی آرگنائزننگ کمیٹی کے تحت ہونے والے ایک اجلاس اور اس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس کے علاوہ انھوں نے لانڈھی میں پارٹی کی رکنیت مہم کے حوالے سے لگائے گئے کیمپ کا افتتاح کیا اور سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی رہائش گاہ گئے اور ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

یاد رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں ایاز سومرو نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 204 میں 50128 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ان کے مقابلے میں مسلم لیگ فنگشنل کے محتاب اکبر راشدی نے 32006 ووٹ اور آزاد اُمیدوار معظم علی خان نے 28745 ووٹ حاصل کیے تھے۔

اسی حلقے سے پی پی پی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو بھی اُمیدوار تھیں تاہم انھیں صرف 4936 ووٹ پڑے تھے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کی نسشت این اے 213 سے ڈاکٹر عزرا افضال نے 113119 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ان کے مقابلے میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے عنایت علی رند نے 33874 ووٹ اور مسلم لیگ فنگشنل کے سید زاہد حسین شاہ نے 25223 ووٹ حاصل کیے تھے۔

پی ٹی آئی کے اجلاس کے دوران چیئرمین عمران خان نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر کالے دھن کو سفید کرنے کیلئے من گھڑت اسکیموں کے بنانے جبکہ وزیراعظم نواز شریف کو صرف پیسے کیلئے ملک کو تباہ کرنے کا الزام لگایا۔

پی ٹی آئی چیف نے پاناما لیکس کو ملک کے مستقبل کی جنگ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو پاناما لیکس کے معاملے پر ایک پوائنٹ ایجنڈے پر متحد ہوجانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بیرون ملک موجود پاکستان کا سرمایہ ملک میں واپس آجائے اور سندھ اور پنجاب سے کرپشن کا خاتمہ ہوجائے تو ملک میں تعلیم اور صحت کا نظام بہتر ہوسکتا ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے اور اس لیے کرپشن میں ملوث عناصر کا احتساب کرنا ہوگا۔

بعد ازاں لانڈھی میں رکنیت مہم کے موقع پر عمران خان نے کہا کہ لوگ ذاتی مفادات کی خاطر نفرت کی سیاست میں ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی میں بھتہ اور نسلی بنیاد پر جھگڑے نہ ہوں تو شہر دبئی سے بھی آگے نکل چکا ہوتا، 'اور اب جب کراچی میں امن قائم ہوگیا ہے تو تمام مسائل حل کرلیے جائیں گے'۔

بعد ازاں انصاف پروفیشنل فورم سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو بلاول بھٹو زرداری کے مطالبات سننے کے بعد وہ یہ محسوس کررہے تھے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پی پی پی کے چیئرمین رونا شروع کردیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما اسکینڈل کے حوالے سے پی ٹی آئی اور پی پی پی کا مقصد ایک ہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک کی اسمبلیز لینڈ مافیا یا زمین پر قبضہ کرنے والوں سے بھری پڑی ہیں جو پولیس کی مدد سے زمینوں پر قبضے کرتے ہیں۔

یہ رپورٹ 31 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025