ملتان: جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں واقع ایک ہوٹل کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر ایک جاپانی انجینئر نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) ملتان احسن یونس کے مطابق 33 سالہ جاپانی شہری نے ملتان کے علاقے طارق روڈ پر واقع ہوٹل کی تیسری منزل سے چھلانگ لگائی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی—۔ڈان نیوز
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی—۔ڈان نیوز

پولیس نے جاپانی شہری کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر اسپتال منتقل کردی۔

سی پی او کے مطابق جائے وقوع سے فرانزک شواہد اکٹھے کیے جاچکے ہیں اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے مبینہ طور پر جاپانی شہری کا ایک خط بھی ملا ہے، جس میں تحریر ہے کہ 'میں بہت اداس ہوں'۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: نجی ہوٹل کے باتھ روم سےغیر ملکی کی لاش برآمد

جاپانی شہری کی شناخت اومورا کیٹفومی (Okumura Katfumi) کے نام سے کی گئی، جو ڈیرہ غازی خان میں ایک پراجیکٹ پر کام کی غرض سے مذکورہ ہوٹل میں رہائش پذیر تھا۔

چین اور جاپان سے تعلق رکھنے والے مزید 15 سے 20 افراد بھی اسی ہوٹل میں رہائش پذیر ہیں۔

اس سے قبل گذشتہ برس نومبر میں بھی پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ایک نجی ہوٹل سے جاپانی شہری کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: اسپین کے سفارتکار کی لاش برآمد

قبل ازیں قبل 13 اکتوبر 2016 کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ایف سیون سے اسپین کے سفارت خانے کے ایک اہلکار ہوان ہوس گنیر (Juan José Giner) کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ ہسپانوی سفارت خانے کے اہلکار نے خودکشی کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں