سیٹلائٹ ٹاؤن میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 2 افراد دم توڑ گئے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شام کے وقت کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن میں پیش آیا جس میں دو افراد شدید زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق مقامی قبیلے سے بتایا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں پولیو سینٹر کے قریب دھماکا، 14 ہلاک
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے سٹیلائٹ ٹاؤن میں اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے محرکات کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا اور نہ کیس کسی تنظیم کی جانب سے اس کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کردیں۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ: سیٹلائٹ ٹاؤن میں کار پر فائرنگ، تین ہلاک
واضح رہے کہ کوئٹہ کا علاقہ سیٹلائٹ ٹاؤن ہمیشہ ہی دہشت گردوں کے نشانے پر رہا ہے اور یہاں بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
جنوری 2016 میں سیٹلائٹ ٹاؤن میں انسدادِ پولیو سینٹر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔











لائیو ٹی وی