بلوچستان: لاپتہ ہونے والے باراتیوں کا سراغ مل گیا
کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں لاپتہ ہونے والی باراتیوں کی 6 گاڑیوں کا سراغ مل گیا جنہیں محفوظ مقام پر منقتل کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈھاک کے علاقے چاغی میں ریسکیو آپریشنز جاری ہیں، زیادہ تر متاثرین کو نوشکی منتقل کرکے فوری طبی سہولیات مہیا کردی گیں ہیں جبکہ آرمی چیف نے ہدایت کہ ہے کہ ریسکیو کا عمل مکمل ہونے تک امدادی کاروائیاں جاری رکھی جائیں ۔
واضح رہے کہ لیویز ذرائع کے حوالے سے اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ صوبے میں ہونے والی شدید بارشوں اور برفباری کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 60 افراد پر مشتمل بارات لاپتہ ہوگئی، جس میں دلہا اور دلہن بھی شامل تھے۔
لیویز ذرائع کے مطابق بارات 6 گاڑیوں پر مشتمل تھی، جو چاغی سے نوشکی آرہی تھی کہ اس دوران اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
واقعے کے بعد لیویز اہلکاروں نے بارات کو تلاش کرنے کا کام شروع کردیا تھا۔
بعدازاں صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل اسلم ترین نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ باراتیوں سے رابطہ ہوگیا ہے، وہ محفوظ ہیں تاہم انھیں ریسکیو نہیں کیا جاسکا۔
اسلم ترین نے مزید بتایا کہ باراتیوں کی گاڑیاں زارو کے مقام پر پھنسی ہوئی ہیں اور ان کے پاس شیلٹر یا کھانے پینے کو کچھ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسم خراب ہونے کے باعث ریسکیو کے لیے ہیلی کاپٹرز نہیں بھیجے جاسکے جبکہ لیویز اہلکار ریسکیو کاموں کے لیے پیدل روانہ ہوئے۔
مزید پڑھیں:پشاور: بس نالے میں گرنے سے 13 باراتی ہلاک
تاہم اب آئی ایس پی آر کا بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چاغی میں ایف سی بلوچستان کی امدادی کاروائیوں میں فوجی جوان بھی شریک ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق زیادہ تر پھنسے متاثرین کو نکال کر نوشکی منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کو فوری طبی سہولیات مہیا کردی گئی ہیں۔
کمانڈر سدرن کمانڈ اور آئی جی ایف سی ذاتی طور پر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ اور بلوچستان کے وسطی اور شمالی علاقے ان دنوں شدید بارشوں اور برف باری کی لپیٹ میں ہیں، جہاں بیشتر علاقوں میں کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
دوسری جانب پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔











لائیو ٹی وی