اوکاڑہ: رکشہ ٹرین کی زد میں آنے سے 4 افراد جاں بحق

08 فروری 2017
ٹرین کی زد میں آنے والا رکشہ—۔فوٹو/ عتیق الرحمٰن
ٹرین کی زد میں آنے والا رکشہ—۔فوٹو/ عتیق الرحمٰن

اوکاڑہ: صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے علاقے حویلی لکھا کے قریب کھلے ہوئے پھاٹک سے گزرنے والا موٹرسائیکل رکشہ فرید ایکسپریس کی زد میں آگیا، جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق حویلی لکھا سنگھ سے 10 کلومیٹر دور قلعہ دیوا سنگھ کے مقام پر کئی سال قبل چور ریلوے پھاٹک کا گیٹ اکھاڑ لے گئے تھے، جو آج تک نہیں لگایا جاسکا، جبکہ وہاں کسی کی ڈیوٹی بھی نہیں تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں—۔فوٹو/ عتیق الرحمٰن
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں—۔فوٹو/ عتیق الرحمٰن

آج جب فرید ایکسپریس یہاں سے گزری تو پھاٹک کھلا ہونے کے باعث ایک موٹرسائیکل رکشہ ٹرین کی زد میں آنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور ہلاک اور زخمی افراد کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال دیبالپور منتقل کردیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ ماہ 7 جنوری کو بھی ضلع لودھراں میں 2 رکشے ٹرین کی زد میں آگئے تھے، جس کے نتیجے میں اسکول جانے والے 6 بچوں سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:2 رکشے ٹرین کی زد میں آنے سے 8 افراد جاں بحق

پولیس کا موقف تھا کہ رکشہ ڈرائیور شدید دھند کی وجہ سے آنے والی ٹرین کی درست رفتار کا اندازہ نہیں لگا سکے، یہی وجہ ہے کہ وہ پٹری کراس کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آگئے۔

دوسری جانب اس حوالے سے بھی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ حادثہ ریلوے ملازمین کی غفلت کے باعث پیش آیا اور علی وان اسٹیشن کے قریب ریلوے پھاٹک کھلا رہنے کے نتیجے میں رکشے ٹرین کی زد میں آئے۔

حادثے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داران کو سخت سزا دی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں