کوئٹہ: دو گروہوں میں تصادم، 4 افراد زخمی
کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے منان چوک میں زمین کے معاملے پر دو گرہوں میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملہ آور ایک دوسرے پر چھریوں اور پستول کا آزادانہ استعمال کررہے ہیں۔
ہائی سیکیورٹی زون میں پیش آنے والے اس واقعے کے عینی شاہدین کے مطابق زخمیوں کی جانب سے مدد کی اپیل کے باوجود جائے وقوع پر موجود پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے دیکھتے رہے، جب کہ کئی پولیس اہلکار وہاں سے روانہ بھی ہوگئے۔
کوئٹہ پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عبدالرزاق چیمہ کے مطابق منان چوک پر پیش آنے والا واقعہ دو گروہوں کے درمیان 'قبائلی تصادم' کا نتیجہ تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تشدد کا سلسلہ روکنے میں غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی کے مطابق تصادم کے بعد مزید ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے علاقے میں پولیس کی نفری کو تعینات کیا جاچکا ہے جبکہ حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دوسری جانب ڈان نیوز کی رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے تصادم اور فائرنگ کے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سول لائنز سمیت چند پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا، جنہوں نے جائے وقوع پر موجود ہوتے ہوئے تصادم کو روکنے کی کوشش نہیں کی تھی۔











لائیو ٹی وی