پشاور: غیرملکی ایئر لائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
پشاور: بحرین سے پشاور آنے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کو تکنیکی خرابی کے باعث پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
سول ایوی ایشن (سی اے اے) ذرائع کے مطابق غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز جی ایف 784 کے بریک لینڈنگ کے وقت فیل ہوگئے، جس کے بعد اس نے لینڈنگ کے لیے ایمرجنسی بریک کا استعمال کیا۔
ذرائع کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کے نتیجے میں طیارے کو معمولی نقصان پہنچا تاہم سول ایوی ایشن نے اس کی تردید کردی۔
دوسری جانب ہنگامی لینڈنگ کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے، جنھیں بحفاظت جہاز سے نکال کر منتقل کردیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی جائے وقوع پر پہنچ گیا۔
مزید پڑھیں: ایتھوپیئن ایئرلائن کے طیارے کی لاہور میں ہنگامی لینڈنگ
اس سے قبل گذشتہ ماہ 18 مارچ کو ایتھوپیئن ایئرلائن کی پرواز میں 2 مسافروں کے جھگڑے کی وجہ سے طیارے کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کروانی پڑی تھی۔
نومبر 2016 میں بھی ہندوستان کی ایک نجی ایئرلائن کے ایک طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی، نئی دہلی سے دوحا جانے والے طیارے میں دوران پرواز ایک مسافر کی طبیعت خراب ہونے کے بعد بھارتی ایئرلائن کے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:'ٹائر پھٹنے' کے بعد طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ
اکتوبر 2016 میں بھی 2 غیر ملکی ایئر لائنز نے میڈیکل ایمرجنسی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔











لائیو ٹی وی