'بلوچ کبھی بھارت کے غلام نہیں بنیں گے'
بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا ہے کہ صوبے میں دشمن کے ایجنڈے کا پرچار کرنے والے مٹھی بھر عناصر کی ایماء پر بلوچ بھارت کے غلام کبھی نہیں بنیں گے'۔
ان خیالات کا اظہار ثناء اللہ زہری نے قلات میں 'زہری شہداء' کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔
یاد رہے کہ اپریل 2013 میں انتخابی مہم کے دوران ثناء اللہ زہری کے قافلے پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان کے بیٹے اور بھتیجے کی موت ہوگئی تھی۔
ثناء اللہ زہری کا مزید کہنا تھا کہ 'پاکستان میں بلوچ بھائیوں کی طرح رہتے ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان،گلگت اورآزاد کشمیر کے لوگوں نے ہماراشکریہ ادا کیا، مودی
اس موقع پر انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (آئی جی ایف سی) بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم، صوبائی وزراء سردار اسلم بزنجو، نواب محمد خان شاہوانی اور دیگر سیاسی و قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔
ثناء اللہ زہری نے کہا کہ 'بیرون ملک بیٹھے عناصر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے نوجوانوں کو استعمال کرنے کی کوشش کررہے تھے'۔
انہوں نے کہا کہ 'آزادی کے لیے سوشل میڈٰیا کوئی معیار نہیں بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ بلوچ عوام پرامن اور خوشحال پاکستان کے لیے کھڑے ہیں'۔
مزید پڑھیں: ’مودی کو بلوچستان نہ نواز شریف کو کشمیر میں دلچسپی ہے‘
وزیراعلیٰ نے کہا کہ فراری تشدد کا راستہ ترک کرکے پہاڑوں سے نیچے آجائیں تو حکومت انہیں خوش آمدید کہے گی البتہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت میں قائم کیا جائے گا۔
اس موقع پر ایف سی بلوچستان کے چیف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں بلوچستان کا کردار انتہائی اہم ہے اور یہاں کے عوام نے بحالی امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں صوبہ بلوچستان کا انتہائی اہم کردار تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 'براہمداغ کی ہندوستانی شہریت بلوچستان میں مداخلت کا ثبوت'
میجر جنرل انجم نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے صوبے میں موجود بعض عناصر کو اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے استعمال کیا تاہم بلوچ قوم پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوئی اور دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملادیا۔











لائیو ٹی وی