نواز الدین صدیقی نے اداکارہ کی جگہ لے لی

13 جولائ 2017
فوبیا کے سیکوئل میں نوازالدین صدیقی مرکزی کردار ادا کریں گے—فائل فوٹو
فوبیا کے سیکوئل میں نوازالدین صدیقی مرکزی کردار ادا کریں گے—فائل فوٹو

بولی وڈ میں اداکاروں یا اداکاراؤں کی جانب سے ایک دوسرے کی جگہ لینا کوئی نئی بات نہیں،اگر کسی فلم کا سیکوئل بنتا ہے تو زیادہ تر ڈائریکٹرز نئے چہروں کو آزماتے ہیں۔

مگر ایسا بہت ہی کم دیکھا گیا ہے کہ کسی فلم کے سیکوئل میں کسی مرکزی اداکارہ کی جگہ کوئی اداکار کاسٹ کیا جائے۔

لیکن اب کے بار ایسا ہی ہوا ہے، اپنے کرداروں کی وجہ سے جلد شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار نواز الدین صدیقی نے اداکارہ رادھیکا آپٹے کی جگہ لے لی۔

فوبیا میں رادھیکا آپٹے نے مرکزی کردار ادا کیا—اسکرین شاٹ
فوبیا میں رادھیکا آپٹے نے مرکزی کردار ادا کیا—اسکرین شاٹ

پروڈیوسر وکی راجانی کی 2016 میں آنے والی کامیاب فلم فوبیا میں مرکزی کردار خاتون کا تھا، مگر فلم کے سیکوئل میں مرکزی کردار ایک مرد ادا کریں گے۔

بولی وڈ فلموں کے تجزیہ نگار اور ناقد تررن آدرش کے مطابق فوبیا 2 میں نواز الدین صدیقی مرکزی کردار ادا کریں گے، جب کہ فلم کی ہدایات پون کرپلانی ہی دیں گے۔

ترن آدرش کی جانب سے ٹوئیٹ کیے جانے کے بعد بھارتی میڈیا نے فلم ٹیم سے رابطہ کیا، اور حقیقت دریافت کی، جس میں ٹیم کی جانب سے کہا گیا کہ فوبیا 2 کے لیے اسکرپٹ لکھا جا رہا ہے۔

ٹیم کے جلد ہی فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی، جس میں نوازالدین صدیقی اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ فوبیا کی کہانی نفسیاتی بیماری میں مبتلا ایک لڑکی کے ارد گرد گھومتی ہے، فلم نے نہ صرف اچھا بزنس کیا تھا، بلکہ فلم کو اچھوتے خیال کی وجہ سے کافی سراہا بھی گیا تھا۔

فوبیا 2 کی کہانی اور دیگر کاست سے متعلق مزید کوئی معلومات سامنے نہیں آسکیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ سیکوئل کی کہانی بھی نفسیاتی بیماری میں مبتلا مرد کے ارد گرد گھومتی نظر آئے گی۔

حال ہی میں نوازالدین صدیقی کی فلم ’موم‘ ریلیز ہوئی ہے، جب کہ وہ آج کل منا مائیکل کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جو جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں