رپورٹ : اسامہ افتخار ، زوہیب احمد مجید
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز میں اب بس 2 ہی دن باقی ہیں، شائقین کی دلچسپی اور جوش و ولولے کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈان نے چند تجزیہ کاروں اور صحافیوں سے ایونٹ کے ممکنہ نتائج کے حوالے سے آراء لی، یہ تمام افراد اپنی پیش گوئیوں میں دلچسپ جواب دیتے نظر آ رہے ہیں۔
دیکھنا یہ ہے کہ بیش بہا تجربے اور کھیل پر گہری نگاہ رکھنے والے ان افراد کی یہ پیش گوئیاں کس حد تک درست ثابت ہوتی ہیں۔
آپ کس ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں؟
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
کس ٹیم کو جیتتے ہوئے اور کیوں دیکھ رہے ہیں؟
میرے خیال میں سرفراز احمد کی زیرِ قیادت کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہی اپنی مستقل مزاجی اور بہترین کمبی نیشنل کی وجہ سے ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب رہے گی۔
کون سی ٹیم آخری نمبر پر رہے گی؟
ٹیم کو درپیش اندرونی مسائل کے سبب میرے خیال میں اس مرتبہ ایونٹ میں آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم کراچی کنگز کی ہو گی۔
بہترین بیٹسمین
متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے بابر اعظم مضبوط امیدوار لگتے ہیں جبکہ کیون پیٹرسن کے لیے بھی یہ ایک اور شاندار ٹورنامنٹ ثابت ہوسکتا ہے۔
سب سے زیادہ وکٹیں کون سا کھلاڑی حاصل کرے گا؟
میرے خیال میں ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے والے آل راؤنڈر شاداب خان سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔
وہ کھلاڑی جو سب سے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا؟
میرے خیال میں لاہور قلندرز کے پروجیہہ قائد برینڈن میک کولم اس مرتبہ بہترین کارکردگی سے باؤلرز کی درگت بنا کر ایک مرتبہ پھر سب کو حیران کر سکتے ہیں۔
اس ایونٹ میں کون سا کھلاڑی توقعات کے برعکس مایوس کن کارکردگی دکھائے گا؟
عمر اکمل، ان کا پورا کیریئر مایوس کن کارکردگی اور توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے سے عبارت ہے اور ممکنہ طور پر وہ اپنا معیار برقرار رکھیں گے۔
آپ کس ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں؟
میں کراچی کنگز کی حمایت کر رہا ہوں کیونکہ میں کراچی سے تعلق رکھتا ہوں۔ میں اس فرنچائز اور اب تک ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے ان کا بہت بڑا شائق نہیں ہوں لیکن یہ چیزیں زیادہ معنی نہیں رکھتیں کیونکہ پاکستان سپر لیگ میں اصل چیز اپنے آبائی شہر کو سپورٹ کرنا ہے۔
کس ٹیم کو جیتتے ہوئے اور کیوں دیکھ رہے ہیں؟
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کیونکہ یہ لگاتار دو مرتبہ فائنل کھیل چکے ہیں اور بہت ہی دلچسپ انداز میں ٹی20 کرکٹ کھیلتے ہیں۔ ان کے پاس باؤلنگ کے آپشن زیادہ اچھے نہیں لیکن وہ اپنی بیٹنگ سے حریف ٹیم پر زبردست وار کرتے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سرفراز احمد ایک شاندار کپتان ہیں جس کی بدولت یہ ٹیم فیورٹ نظر آتی ہے۔
کون سی ٹیم آخری نمبر پر رہے گی؟
(ہنستے ہوئے) یہ لاہور کے علاوہ اور کون سے ٹیم ہوسکتی ہے، ل سے لاسٹ، ل سے لاہور۔
بہترین بیٹسمین
اگر بیٹنگ کے شعبے میں دیکھا جائے تو ہمیں ابھی تک کوئی بھی اسٹار ابھرتا ہوا نظر نہیں آیا۔ عموماً بیٹنگ میں سرِفہرست رہنے والے وہی پرانے چہرے یا چند غیر ملکی کھلاڑی ہوتے ہیں۔ لیکن میں چاہوں گا کہ اس مرتبہ فخر زمان سب سے زیادہ رنز بنا کر سرِفہرست رہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان پاکستانی بلے باز، 'کیا نام ہے اس کا'، ہاں، کچھ صاحبزادہ کرکے ہے، وہ بھی اچھا کھلاڑی ہے (احمر نقوی اسلام آباد کے بلے باز صاحبزادہ فرحان کی طرف اشارہ کر رہے تھے)۔
سب سے زیادہ وکٹیں کون سا کھلاڑی حاصل کرے گا؟
میں محسوس کرتا ہوں کہ یہ شاداب خان ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے حسن علی کی طرح گزشتہ سال بہت تیزی سے بہتر سے بہترین کا سفر طے کیا۔ ویسے میرے خیال میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والا کوئی مقامی باؤلر ہی ہوگا۔
وہ کھلاڑی جو سب سے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا؟
فاٹا کے لیے کھیلنے والے پاکستان کی انڈر19 ٹیم کے کپتان حسان خان وہ کھلاڑی ہوسکتے ہیں۔ انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی ان کی کارکردگی اچھی رہی اور وہ اپنی عمر سے کہیں زیادہ سمجھدار ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اس مرتبہ وہ عالمی افق پر ابھر کر سامنے آسکتے ہیں۔
اس ایونٹ میں کون سا کھلاڑی توقعات کے برعکس مایوس کن کارکردگی دکھائے گا؟
آپ کبھی نہیں چاہیں گے کہ کوئی بھی کھلاڑی فلاپ ہو یا اس کے لیے ٹورنامنٹ بُرا ثابت ہو لہٰذا میں اس بارے میں کچھ کہنا مناسب نہیں سجھتا۔ البتہ میرے خیال میں کیون پیٹرسن، برینڈن میک کولم یا کیرون پولارڈ جیسے کھلاڑی شاید اس معیار کی کارکردگی نہ دکھا سکیں جس کی ان سے توقع ہے کیونکہ یہ سارے بہت بڑے نام ہیں اور سب ہی کو ان سے بہت توقعات وابستہ ہیں۔
آپ کس ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں؟
میں پاکستان سپر لیگ سے منیجر میڈیا اور کمیونیکشنز کی حیثیت سے منسلک ہوں لہٰذا مجھے بالکل غیر جانبدار رہنا چاہیے لیکن کیونکہ میں نے پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اس لیے میں انہی کو سپورٹ کروں گا۔ البتہ میں چاہوں گا کہ میرے آبائی شہر کی ٹیم کراچی کنگز 25 مارچ کو شائقین سے کھچا کھچ بھرے نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل کھیلے۔
کس ٹیم کو جیتتا دیکھ رہے ہیں اور کیوں؟
کسی بھی کرکٹ ٹورنامنٹ خصوصاً فرنچائز کی حامل لیگ میں فاتح کی پیش گوئی کرنا آسان نہیں ہوتا کیونکہ تمام ٹیمیں یکساں متوازن ہوتی ہیں۔ میں چاہوں گا کہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی فائنل کھیلیں کیونکہ ان کا فائنل شائقین کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں ہوگا لیکن اس کے علاوہ بقیہ چاروں ٹیموں کو بھی کمزور نہیں کہا جاسکتا اور وہ بھی چیمپیئن بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
کون سی ٹیم آخری نمبر پر رہے گی؟
ہنستے ہوئے، مجھے خدشہ ہے کہ کہیں اس مرتبہ بھی لاہور قلندرز ہی آخری نمبر پر نہ رہیں۔ انہوں نے اس مرتبہ بہت سخت محنت کی ہے اور مجھے امید ہے کہ انہیں اس کا صلہ ملے گا۔
بہترین بیٹسمین
میں آپ کو 3 نام دینا چاہوں گا جو مجھے لگتا ہے کہ بڑا تاثر قائم کرسکتے ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی پہلے ہی اچھی ساکھ رکھتے ہیں اور وہ کرس لِن، شعیب ملک اور خرم منظور ہیں۔
سب سے زیادہ وکٹیں کون سا کھلاڑی حاصل کرے گا؟
میرے خیال میں شاداب خان کے لیے گیند سے ایک مرتبہ پھر یہ بہت شاندار ٹورنامنٹ ثابت ہوگا اور میں بہترین باؤلر کی حیثیت سے انہی کا انتخاب کروں گا۔
وہ کھلاڑی جو سب سے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا؟
میں صاحبزادہ فرحان کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے چین ہوں۔ حالیہ عرصے میں وہ ڈومیسٹک سطح پر ایک بہترین بلے باز کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں اور اب دیکھنا ہوگا کہ وہ پریشر سے بھرپور پی ایس ایل میں کس طرح کی کارکردگی دکھائیں گے۔ اگر مجھے ایک اور کھلاڑی منتخب کرنے کی اجازت دی جائے تو میں فہیم اشرف کا نام لوں گا۔
اس ایونٹ میں کون سا کھلاڑی توقعات کے برعکس مایوس کن کارکردگی دکھائے گا؟
میرا کام تمام کھلاڑیوں سے اچھے روابط اور مراسم رکھنا ہے لہٰذا میں کسی بھی کھلاڑی کی ناکامی کی پیش گوئی نہیں کروں گا۔ البتہ اگر اس سوال کا جواب ذرا گھما کر دیا جائے تو ہمیں دیکھنا ہوگا کہ اس ٹورنامنٹ میں گزشتہ ایونٹ کے کامیاب ترین بلے باز اور باؤلر کامران اکمل اور سہیل خان اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے توقعات پوری کر پاتے ہیں یا نہیں۔
آپ کس ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں؟
لاہور قلندرز کئی وجوہات کے سبب ایونٹ میں میری سب سے پسندیدہ ٹیم ہے۔ کھلاڑیوں کی ترقی اور ان کے ہنر کو پروان چڑھانے کے لیے گراس روٹ کی سطح پر کام کرنے کی خوبی نے مجھے اس ٹیم کا دلدادہ بنا دیا۔ اس فرنچائز کا دور دراز علاقوں سے کھلاڑیوں کو ڈھونڈ کر انہیں ایک پیشہ ورانہ کھلاڑی کی شکل دینے کا پروگرام انتہائی شاندار ہے۔
کس ٹیم کو جیتتا دیکھ رہے ہیں اور کیوں؟
میں چاہوں گا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم ٹائٹل جیتے۔ انہوں نے گزشتہ دونوں ایونٹس میں آخر نمبر پر ایونٹ کا اختتام کیا اور دونوں ہی موقع پر وہ اس سے بہتر کارکردگی دکھا سکتے تھے لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا۔ اس مرتبہ ٹورنامنٹ کی تمام ٹیمیں یکساں مضبوط ہیں اور ہمیں چند کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ فاتح کی پیش گوئی کرنا کافی مشکل ہے لیکن میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کو فائنل کھیلتے ہوئے دیکھنے کا خواہشمند ہوں۔
کون سی ٹیم آخری نمبر پر رہے گی؟
یہ ایک ایسا سوال ہے جس کا میں جواب دینا نہیں چاہوں گا۔ ٹورنامنٹ میں شریک تمام 6 ٹیمیں میری فیورٹ ہیں اور بالآخر فتح پاکستان کی ہوگی لہٰذا اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون سی ٹیم آخری نمبر پر آتی ہے۔
بہترین بیٹسمین
فخر زمان
سب سے زیادہ وکٹیں کون سا کھلاڑی حاصل کرے گا؟
محمد عامر
وہ کھلاڑی جو سب سے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا؟
میرے خیال میں لاہور قلندرز کے سہیل اختر۔ وہ ہارڈ ہٹنگ اور جارح مزاج بلے باز ہیں اور اس ایونٹ میں ان کی بیٹنگ دیکھنا کسی بھی طور پر دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا۔
اس ایونٹ میں کون سا کھلاڑی توقعات کے برعکس مایوس کن کارکردگی دکھائے گا؟
میں کسی بھی کھلاڑی کا نام لینا مناسب نہیں سمجھتا کیونکہ کسی بھی کھلاڑی کا نام لینا دراصل ایونٹ میں اس کی کارکردگی پر اثر انداز ہونے کے مترادف ہوگا۔
آپ کس ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں؟
کسی بھی ٹیم کو سپورٹ نہیں کر رہا۔
کس ٹیم کو جیتتا دیکھ رہے ہیں اور کیوں؟
اسلام آباد یونائیٹڈ کو، کیونکہ اس ٹیم میں آل راؤنڈرز کی بھرمار ہے۔ آندرے رسل، شاداب خان، فہیم اشرف جبکہ ان کے پاس حسین طلعت اور صاحبزادہ فرحان کی شکل میں بہترین ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے اسکواڈ کا امتزاج اور انتخاب اتنا بہترین ہے کہ ان کو کھلاڑیوں کی دستیابی کے حوالے سے مسائل نہیں ہوں گے۔ لیکن دیگر ٹیمیں بھی جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
کون سی ٹیم آخری نمبر پر رہے گی؟
لاہور قلندرز کیونکہ ان کی حکمت عملی کا اکثر کوئی سر پیر نہیں ہوتا۔ ان کے پاس جارحانہ بلے بازی کرنے والے بلے باز تو ہیں لیکن کوئی ایسا کھلاڑی نہیں جو بیٹنگ لائن کی ناکامی کی صورت میں اس تباہی پر قابو پاسکے۔
بہترین بیٹسمین
اس بارے میں پیش گوئی کرنا مشکل ہے لیکن ٹاپ آرڈر بلے باز بابر اعظم اور احمد شہزاد کے پاس زیادہ سے زیادہ رنز بنا کر ٹاپ بلے بازوں کی فہرست میں آنے کا بہترین موقع ہوگا۔
سب سے زیادہ وکٹیں کون سا کھلاڑی حاصل کرے گا؟
اس سوال کا جواب دینا بھی مشکل ہے لیکن میرے خیال میں وہاب ریاض یا پھر حسن علی (اگر وہ زیادہ میچوں تک ان فٹ نہ رہے)۔
وہ کھلاڑی جو سب سے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا؟
مجھے لگتا ہے کہ عمر امین اس مرتبہ عمدہ کارکردگی سے سب کو حیران کر دیں گے۔
اس ایونٹ میں کون سا کھلاڑی توقعات کے برعکس مایوس کن کارکردگی دکھائے گا؟
شاید برینڈن میک کولم
آپ کس ٹیم کو سپورٹ کر رہی ہیں؟
لاہور قلندرز کو کیونکہ لاہور میرا آبائی شہر ہے۔
کس ٹیم کو جیتتا دیکھ رہی ہیں اور کیوں؟
یہ ایک مشکل سوال ہے۔ ٹی20 میں جو بھی ٹیم اس دن اچھا کھیل پیش کرے گی وہ جیتے گی لیکن میری خواہش ہے کہ فائنل میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز مدمقابل ہوں۔
کون سی ٹیم آخری نمبر پر رہے گی؟
میں اس بارے میں کوئی پیش گوئی نہیں کرنا چاہتی، اس بارے میں کچھ بھی کہنا بہت مشکل ہے۔
بہترین بیٹسمین
فخر زمان، وہ ایک عرصے سے بہترین فارم میں ہیں۔
سب سے زیادہ وکٹیں کون سا کھلاڑی حاصل کرے گا؟
شاداب خان
وہ کھلاڑی جو سب سے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا؟
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جوفرا آرچر
اس ایونٹ میں کون سا کھلاڑی توقعات کے برعکس مایوس کن کارکردگی دکھائے گا؟
میں کچھ نہیں کہہ سکتی کسی بھی کھلاڑی کا نام لینا اس کے ساتھ زیادتی ہوگی۔
کیا آپ ان پیش گوئیوں سے متفق ہیں؟ ہمیں کمنٹس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں، ساتھ ساتھ آپ بھی پیش گوئیاں کرسکتے ہیں، اگر آپ کی پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں، تو ایونٹ کے بعد اس حوالے سے آپ کا تبصرہ بھی اہم ہوجائے گا۔
تبصرے (1) بند ہیں