کراچی میں پی ایس ایل پر جوا چلانے والے 15 افراد گرفتار

شائع March 18, 2018

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خیابان بادبان پر واقع ایک بنگلے پر پولیس نے چھاپہ مارتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پر جوا چلانے والے 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کلفٹن توقیر نعیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیفنس میں بنگلے پر چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 39 موبائل فونز، 6 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی، 3 لیپ ٹاپ اور قیمتی گھڑیاں برآمد کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں فہد عرف ڈیڈی اور وقاص عرف وکی دو روز قبل ہی دبئی سے کراچی پہنچے تھے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کرپشن اسکینڈل میں بھی بھارتی ہاتھ ملوث

ان کے مطابق چھاپے کے دوران نجی نشریاتی ادارے کا ملازم فراز بھی گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بکیز کی دنیا کا ایک بڑا نام فیصل بافیلا کی سربراہی میں اس جوا کے اڈے کو چلایا جا رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس فیصل بافیلا کے گھر پر دستی بم حملہ بھی ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دستی بم حملہ بکیوں کی آپس کی رنجش کا شاخسانہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فکسنگ:عرفان،شاہ زیب تحقیقات کیلئے طلب

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بنگلے کو منشیات سپلائی، ڈانس پارٹیز اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کیا جاتا تھا۔

ایس پی کلفٹن نے کا کہنا تھا کہ دیگر گرفتار ملزمان میں ظہیر عباس، تیمور، ضیا عباس، محمد علی، فہد، غلام قادر،عاطف، وقار، ذوالفقار، فیصل احمد عرف بابا، جعفر اور فرحان شامل ہیں۔

تاہم ان کے مطابق بکیز کا کسی کھلاڑی سے رابطے کا سراغ نہیں مل سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں 13 بکیز جبکہ دو ان کے سہولت کار ہیں اور اس مکان سے ملزمان برسوں سے ہر ایونٹ پر جوا چلاتے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025