کراچی کا حلقہ 247-NA بڑے پہلوانوں کا دنگل
کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ 247 میں انتہائی دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے، بڑی سیاسی جماعتوں کے اہم سیاسی رہنما 247 کے میدان میں اتر گئے ، ان رہنمائوں میں فاروق ستار، پرویز مشرف، مصطفی کمال، عارف علوی اور حافظ نعیم شامل ہیں۔
ماضی کا این اے 250 کراچی کا پوش علاقہ ڈیفنس، کلفٹن، صدر سمیت دیگر علاقوں پر مشتمل ہے،جو کہ نئی حلقہ بندیوں کے بعد اب قومی اسمبلی کا حلقہ 247 بن گیا ہے۔
سابق صدر پرویز مشرف ، ایم کیوایم پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے اسی حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال بھی این اے 247 سے قسمت آزما رہے ہیں۔
ایم ایم اے کے امیدوار اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عارف علوی اورسماجی کارکن جبران ناصر بھی اس معرکے کا حصہ ہیں جبکہ ن لیگ کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کے صاحبزادے عفنان اللہ خان بھی اسی حلقے سے زور بازو آزمائیں گے۔
یاد رہے کہ 2013 کے انتخابات میں این اے 250 (اب 247)سے تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی کامیاب ہوئے تھے۔