رنبیر کپور کی فلم 'سنجو' نے محض 5 دن میں ہی اتنا بزنس کرلیا ہے جتنا سلمان خان کی فلم 'ریس تھری' 19 دن میں بھی نہیں کرسکی، درحقیقت بزنس کے لحاظ سے اس نے اتنے دنوں میں باکس آفس پر سب سے زیادہ کمانے والی بولی وڈ فلم دنگل وک بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم 'سنجو' نے منگل کو 22.10 کروڑ بھارتی روپے کما کر 5 دن میں اپنا بزنس 167.51 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچا دیا ہے۔

دوسری جانب ریس 3 اب تک 164.71 کروڑ بھارتی کروڑ روپے کمائے ہیں جبکہ باغی 2 کا مجموعی بزنس 164.38 کروڑ بھارتی روپے رہا۔

فلم کا ریویو پڑھیں : ’سنجو‘: سوانح حیات یا شخصیت کو مثبت پیش کرنے کی کوشش؟

رواں سال کی فلموں میں پدما وت فی الحال سنجو سے آگے ہے جس نے باکس آفس پر 302.15 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے، مگر اس فلم نے بھی 5 دن میں 129 کروڑ بھارتی روپے کا ہی بزنس کیا تھا، جبکہ دنگل اتنے دنوں میں 155.35 کروڑ روپے کماسکی تھی۔

اس فلم نے پہلے دن 34.75 کروڑ، دوسرے دن 38.60 کروڑ، تیسرے دن 46.71 کروڑ جبکہ چوتھے دن 25.35 کروڑ روپے کمائے تھے۔

۔

’سنجو‘ نے ریلیز کے تیسرے دن یعنی یکم جولائی کو محض ایک دن میں 46 کروڑ 71 لاکھ روپے بٹور کر اب تک ایک ہی دن میں سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش کے مطابق ’سنجو‘ سے قبل ایک ہی دن میں سب سے زیادہ پیسے کمانے کا ریکارڈ ’باہو بلی 2‘ کے پاس تھا، جس نے ریلیز کے تیسرے دن 46 کروڑ 50 لاکھ روپے بٹورے تھے، تاہم ’سنجو‘ نے اس کا ریکارڈ توڑ کر نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

اگر باکس آفس پر اس فلم کو جادو کو دیکھا جائے تو یہ اگلے 2 دن میں 200 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کمانے میں کامیاب ہوسکتی ہے اور رنبیر کپور کی یہ پہلی فلم ہوگی جو اس سنگ میل کو عبور کرے گی۔

توقع کی جارہی ہے کہ یہ فلم 300 کروڑ بھارتی روپے سے آگے جائے گی مگر سوال یہ ہے کہ کیا وہ فلم کے ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم 'پی کے' کو پیچھے چھوڑ سکے گی؟

یہ بھی پڑھیں : ’سنجو‘ کی جادو کی جھپی نے ریکارڈ الٹ پلٹ کردیے

اسی طرح اب تک سب سے زیادہ کمانے والی بولی وڈ فلم دنگل کو بھی پچھاڑنے میں کامیاب ہوسکے گی (خیال رہے کہ باہو بلی ہندی زبان کی فلم نہیں)، جس کے امکانات کافی زیادہ ہیں۔

’سنجو‘ کو گزشتہ ماہ 29 جون کو بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا، فلم نے پاکستانی باکس آفس پر بھی اچھی کمائی کی ہے۔

ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی کی فلم میں رنبیر کپور کے علاوہ دیا مرزا، منیشا کوئرالہ، پریش راول، سونم کپور، وکی کوشل اور انوشکا شرما سمیت دیگر اداکاروں نے جوہر دکھائے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں