• KHI: Partly Cloudy 21.6°C
  • LHR: Clear 15.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.6°C
  • LHR: Clear 15.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C

بلوچستان عوامی پارٹی نے جام کمال کو وزیر اعلیٰ نامزد کردیا

شائع August 3, 2018

بلوچستان میں اکثریت رکھنے والی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے جام کمال کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے نامزد کردیا۔

سیکریٹری جنرل بی اے پی منظور کاکڑ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’پارٹی میں مشاورت کے بعد جام کمال کو وزیر اعلیٰ بلوچستان بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے‘۔

منظور کاکڑ کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر کے لیے نامزد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بی اے پی کا یہ فیصلہ تمام رہنماؤں کے تحفظات کو مدنظر رکھنے کے بعد مشاورت سے طے پایا ہے۔

مزید پڑھیں: جام کمال کو وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد کرنے پر بی اے پی میں اختلافات

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں بی اے پی کی 19 ارکان کے ساتھ اکثریت ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کی بی اے پی کی حمایت کے اعلان کے بعد ہماری تعداد 29 ہوچکی ہے۔

اس موقع پر جام کمال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے بعد سے ناراض بلوچ واپس لوٹے ہیں، آج ناراض بلوچ وہ ہیں جن کے پاس پانی، تعلیم نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘تحریک انصاف بلوچستان میں حکومت بنائے گی‘

انہوں نے کہا کہ ’مذاکرات صرف ان سے ہوسکتےہیں جو پاکستانی سالمیت کو تسلیم کریں گے‘۔

سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے اسپیکر کے عہدے کے لیے پارٹی کی جانب سے نامزد کیے جانے پر پارٹی عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’امید ہے پچھلے دور میں جس طرح وفاق نے بلوچستان سے ناانصافیاں کیں وہ اب نہیں ہوں گی‘۔

خیال رہے کہ بی اے پی کو بلوچستان اسمبلی کی 50 عام نشستوں میں 30 اراکین کی حمایت حاصل ہے، جس کے بعد بی اے پی کے سربراہ جام کمال وزیراعلیٰ کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025