پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر پارلیمانی رہنماؤں کو عمران خان کی بطور وزیرِاعظم حلف برداری کی تقریب میں مدعو کرلیا۔

پی ٹی آئی کے وفد نے پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری کی سربراہی میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے اسپیکر ہاؤس میں ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے قومی اسمبلی میں اجلاس سے متعلق تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر تحریک انصاف کے نامزد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں اپوزیشن لیڈر کیلئے مشاورت جاری

ملاقات کے بعد میڈیا فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایوانِ زیریں کی کارروائی قانون کے مطابق اور باہمی مشاور کے ساتھ چلائی جائے گی۔

تحریک انصاف کے نامزد اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے مابین ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنا چاہتے ہیں اور مل کر ملک کے لیے معیشت سمیت دیگر چیلنجز کا حل نکالیں گے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن سے متعلق اپوزیشن کے تحفظات دور کیا جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن میں نظریاتی فرق ہے بھی یا نہیں؟

انہوں نے اعتراف کیا کہ آئندہ حکومت کو مضبوط اپوزیشن کا سامنا ہے، تاہم ستقبل کے لیے دونوں میں تعاون ضروری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے ایاز صادق سمیت مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی رہنماؤں کو نومنتخب وزیراعظم کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

فواد چوہدری اور اسد قیصر کے علاوہ پرویز خٹک بھی تحریک انصاف کے وفد کے ہمراہ اسپیکر ہاؤس پہنچے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں